شدید برف باری کے درمیان کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھارت جوڑو یاترا کی اختتامی تقریب سے خطاب کرنے سے پہلے کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی کا یاترا کامیابی سے مکمل کرنے پر شکریہ ادا کیا اور ان کا استقبال چادر پیش کر کے کیا۔ ان کی تقریر کے بعد راہل گاندھی نے بھی کھڑگے کو چادر پیش کی۔
Published: undefined
برف باری کا ذکر کرتے ہوئے کھڑگے نے کہا کہ ان کے لئے برف باری دیکھنا ایک نیا تجربہ ہے کیونکہ انہوں نے ایسا کبھی نہیں دیکھا، یہ ایک نیا ماحول ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں بتایا کہ جب راہل گاندھی نے یاترا پر جانے کا فیصلہ لیا تو انہیں گھبراہٹ ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس رہنماؤں کے دماغ میں یہ سوال آیا کہ کیسے ہوگا؟ یاترا کے کامیاب اختتام پر انہوں نے یاترا سے متعلق اپنے تحفظات پر ایک شعر بھی پڑھا۔
ڈر مجھے بھی لگا فاصلہ دیکھ کر
پر میں بڑھتا گیا راستہ دیکھ کر
خود بخود قریب آتی گئی
میری منزل میرا حوصلہ دیکھ کر
Published: undefined
کھڑگے نے کشمیریوں کے حوصلہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ’’کشمیر میں جو دو چار دن میں حوصلہ دیکھا، اس سے یہ لگا کہ کشمیر کے لوگ سب سے زیادہ دل والے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ یہ یاترا انتخابات جیتنے کے لئے نہیں ہے، نہ ہی کانگریس کو آگے بڑھانے کے لئے ہے، بلکہ یہ نفرت سے لڑنے کے لئے ہے۔ کھڑگے نے اپنے خطاب میں کہا کہ یاترا کے دوران راہل گاندھی نے سب سے ملنے کی کوشش کی اور انہوں نے سب کچھ زمین پر خود دیکھا اور وزیر اعظم کی طرح سب کچھ ہوا میں نہیں دیکھا۔
Published: undefined
کھڑگے نے کہا کہ راہل گاندھی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ انہوں نے یاترا کے ذریعہ کنیاکماری سے کشمیر تک ملک کو جوڑنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کے دور میں چند لوگوں کی جائیداد بڑھ رہی ہے اور اکثریت پریشان ہے۔ اپنے خطاب میں کشمیریوں سے انہوں نے کھل کر کہا کہ کانگریس کشمیر کو ریاست کا درجہ دلائے گی اور وہ یہاں اسمبلی بنائے گی۔ انہوں نے لوگوں سے کہا کہ وہ نفرت کے بازار میں محبت کی دکانیں کھولیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز