کیرالہ کے وائناڈ پارلیمانی حلقہ کے لیے ہونے والے ضمنی انتخاب کی جاری سرگرمیوں کے درمیان آج اس سیٹ سے کانگریس امیدوار پرینکا گاندھی نے کئی علاقوں کا دورہ کیا اور اجلاس سے خطاب کرنے کے ساتھ ساتھ جگہ جگہ عوام سے ملاقات بھی کی۔ اس دوران کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی کو لوگوں کا بھرپور پیار ملا، جس کا اظہار پرینکا نے اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’آپ کے پیار اور گرمجوشی کی وجہ سے وائناڈ مجھے گھر جیسا لگتا ہے، جو میرے دل کو گہرائی سے چھوتا ہے۔‘‘
Published: undefined
پرینکا گاندھی نے اپنے پوسٹ میں لوگوں سے بے پناہ اپنائیت کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے مسائل اٹھانے کا عزم بھی ظاہر کیا۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’انتخابی تشہیر کے دوران میں آپ سبھی کی باتیں سن رہی ہوں۔ کسان، نوجوان، خواتین، سماجی کارکنان سبھی کی داستان اور سبھی کی فکر سن رہی ہوں۔ میں آپ کو بتانا چاہتی ہوں کہ میں ان مسائل کو اٹھانے اور آپ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے پوری طرح سے پرعزم ہوں، تاکہ ہم سبھی جس تبدیلی کی امید کرتے ہیں اسے شرمندۂ تعبیر کر سکیں۔‘‘
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ پرینکا گاندھی نے وائناڈ کے کچھ اہم علاقوں میں انتخابی اجلاس سے خطاب کیا اور لوگوں سے کہا کہ وہ ہر مشکل میں ان کے ساتھ کھڑی رہیں گی۔ چنگتھارا علاقہ میں ایک انتخابی جلسہ کے دوران تقریر کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’میرے لیے اس سے بڑا کوئی اعزاز نہیں ہے کہ پارلیمنٹ میں آپ (وائناڈ والوں) کی نمائندگی کروں۔ آپ مجھ میں ایک جنگجو دیکھیں گے؛ اگر آپ مجھے سپورٹ کریں گے اور اپنا رکن پارلیمنٹ منتخب کریں گے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ آپ کو مایوس نہیں کروں گی۔ ہر جگہ، ہر پلیٹ فارم پر آپ کی آواز بلند کروں گی۔‘‘
Published: undefined
پرینکا گاندھی اپنی تقریر کے دوران وائناڈ میں پیش آئے لینڈ سلائڈ کے واقعہ کا بھی تذکرہ کرتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’جب وائناڈ میں قدرتی آفتی آئی تو کئی لوگوں کی روزی روٹی چلی گئی، کئی خاندان اپنے فرد سے محروم ہو گئے۔ وزیر اعظم یہاں کا دورہ کرتے ہیں، متاثرین سے ملاقات کرتے ہیں، لیکن مہینوں تک امدادی فنڈ جاری نہیں کیا جاتا۔ کئی لوگ اب بھی معاوضہ کے انتظار میں ہیں تاکہ زندگی دوبارہ معمول پر آ سکے۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined