اتر پردیش کے کانپور میں ریلوے ٹریک پر برآمد ایل پی جی سلنڈر اور پٹرول کی بوتل معاملہ پر اعلیٰ سطحی جانچ شروع ہو گئی ہے۔ آر پی ایف نے اس سلسلے میں ایک ایف آئی آر درج کی ہے۔ علاوہ ازیں اس معاملے کی جانچ آئی بی (تحقیقاتی بیورو) کو سونپ دی گئی ہے۔ اس واقعہ کے تعلق سے پولیس نے 10 لوگوں کو حراست میں بھی لیا ہے اور اس سے پوچھ تاچھ شروع کر دی گئی ہے۔
Published: undefined
اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ریلوے ٹریک پر گیس سلنڈر اور پٹرول بوتل کا ملنا معمولی واقعہ نہیں ہے۔ یہ براہ راست کسی بڑی سازش کا اشارہ دے رہا ہے۔ ریلوے افسران کے مطابق ایسا پہلی مرتبہ نہیں ہوا ہے۔ اتر پردیش میں گزشتہ کئی مہینے سے ریلوے ٹریک پر حساس چیزیں رکھ کر لگاتار ٹرین پلٹنے کی سازش ہو رہی ہے۔
Published: undefined
تازہ واقعہ انور گنج-قاسگنج ریلوے روٹ کا ہے۔ آر پی ایف افسران کے مطابق براج پور ریلوے اسٹیشن سے کالندی ایکسپریس ٹرین تقریباً 2.5 کلومیٹر آگے چل رہی تھی کہ ریلوے ٹریک پر رکھے ایل پی جی گیس سلنڈر سے ٹکرا گئی۔ اس سے زور کا دھماکہ ہوا۔ غنیمت رہی کہ لوکو پائلٹ نے ایمرجنسی بریک لگا دی اور بڑا حادثہ ٹل گیا۔ اس کے بعد موقع پر پہنچی جی آر پی اور آر پی ایف کی ٹیموں نے جانچ کی تو پتہ چلا کہ ریلوے ٹریک پر نہ صرف رسوئی گیس کا سلنڈر رکھا تھا، بلکہ وہیں پر پٹرول بھری بوتل، ماچس اور دیگر آتشی سامان بھی رکھے تھے۔
Published: undefined
بتایا جاتا ہے کہ جو دھماکہ ہوا وہ گیس سلنڈر پھٹنے کی وجہ سے ہوا۔ اس حادثے کے بعد موقع پر کالندی ایکسپریس تقریباً 22 منٹ تک کھڑی رہی۔ بعد میں ٹریک کی جانچ کرنے کے بعد اس ٹرین کو آگے روانہ کیا گیا۔ اسی طرح کا واقعہ کچھ دن قبل سابرمتی ایکسپریس کے ساتھ بھی ہوا تھا۔ اس حادثے میں ٹرین کی 22 بوگیاں پلٹ گئی تھیں۔ معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے آر پی ایف نے ہفتہ کی دیر شب ایف آئی آر درج کر لی۔ ریلوے افسران کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے آئی بی کی مدد لی گئی ہے۔
Published: undefined
ریلوے افسران کا کہنا ہے کہ یہ حرکت سماج دشمن عناصر کی ہو سکتی ہے۔ اس کے پیچھے ان کا مقصد دہشت قائم کرنا ہے۔ چونکہ گزشتہ کئی ماہ سے اس طرح کی سازش ہو رہی ہے اور 5-4 معاملے سامنے آ چکے ہیں، ایسے میں اسے ہلکے میں نہیں لیا جا سکتا۔ ریلوے افسران کے مطابق آر پی ایف تو معاملے کی جانچ کرے گی ہی، مرکزی جانچ ایجنسیوں کو بھی اس تحقیقات میں شامل کیا جا رہا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined