وقف (ترمیمی) بل پر غور کرنے والی پارلیمنٹ کی مشترکہ کمیٹی (جے پی سی) کے چیئرمین جگدمبیکا پال نے بدھ کو اپوزیشن کے ذریعہ عائد کیے جانے والے الزامات کو مسترد کر دیا جس میں کہا گیا تھا کہ انھوں نے میٹنگ کی بات باہر نکال دی۔ جگدمبیکا پال کا کہنا ہے کہ انہوں نے قوانین کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی ہے، صرف کمیٹی کے ایک رکن کی غلط حرکت کی جانکاری دی۔ حالانکہ کمیٹی میں شامل اپوزیشن پارٹیوں کے اراکین نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین نے ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی کے ذریعہ میٹنگ کے دوران شیشے کی بوتل توڑ کر پھینکے جانے کے واقعہ کا تذکرہ میڈیا سے کیا، جو کہ قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
Published: undefined
اپوزیشن کے الزامات پر بولتے ہوئے جگدمبیکا پال نے کہا کہ میں نے کمیٹی کی کسی کارروائی یا بحث کے بارے میں کوئی انکشاف نہیں کیا ہے۔ میں نے صرف کمیٹی کی میٹنگ کے دوران ایک رکن کی جانب سے کیے گئے تشدد اور اس کے بعد اس کی معطلی کے بارے میں بیان دیا ہے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ ڈی ایم کے رکن پارلیمںٹ اے. راجہ اور عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ نے الزام لگایا تھا کہ پال نے پارلیمانی کمیٹی کی اس میٹنگ کے اصول و ضوابط کی خلاف ورزی کی ہے، جو بند کمرے میں منعقد کی جاتی ہے۔ اے راجہ نے کہا تھا کہ یہ افسوسناک امر ہے کہ میٹنگ میں جو کچھ ہوا اسے سب کے سامنے ظاہر کرنے کے لئے ایک پریس کانفرنس بلایا گیا۔ وہ بھی یہ جانتے ہوئے کہ بند کمرے میں جو میٹنگ کی گئی ہے وہ خفیہ ہے اور اس کا انکشاف نہیں کیا جانا چاہئے۔
Published: undefined
اے راجہ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ میٹنگ میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کے باوجود چیئرمین کے ذریعہ جلد بازی میں میٹنگ کی کارروائی کو چلایا گیا، اس سے ارکین اور عام لوگوں کے دلوں میں شکوک پیدا ہوتے ہیں کہ انصاف نہیں مل پائے گا۔ انھوں نے سبھی سے یہ اپیل بھی کی تھی کہ ’’آئیے، مشکلات کے باوجود اپنی جمہوری اور سیکولر اقدار کو بنائے رکھنے کے لئے لڑیں۔‘‘ عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ اور کمیٹی کے رکن سنجے سنگھ نے بھی اپنے بیان میں کہا تھا کہ اپوزیشن ممبران نے بنرجی سے متعلق واقعہ کے بارے میں کسی قسم کا کوئی بیان نہ دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ سنجے سنگھ نے کہا ’’میٹنگ کے دوران جو کچھ ہوا اس کے بارے میں عوامی بیان دینا قوانین کے مطابق نہیں ہے۔ یہ انتہائی افسوس ناک ہے کہ چیئرمین نے میڈیا کو بیان دیا۔‘‘
Published: undefined
واضح ہو کہ وقف ترمیمی بل 2024 سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں 22 اکتوبر کو ترنمول کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی نے پانی والی شیشے کی بوتل میز پر پٹک دی تھی۔ بعد میں کمیٹی چیئرمین جگدمبیکا پال نے الزام عائد کیا کہ بوتل کا ٹوٹا ہوا حصہ ان کی طرف پھینکا گیا۔ اس واقعہ کے بعد بنرجی کو ایک دن کے لئے کمیٹی کی میٹنگ سے معطل کر دیا گیا۔ بی جے پی رکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے کے ساتھ بحث کے دوران بنرجی بہت زیادہ غصہ ہو گئے تھے اور بوتل توڑ کر پھینک دی تھی۔ اس دوران ان کی انگلیوں میں چوٹ بھی آئی تھی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined