کانگریس نے ایک بار پھر لوک سبھا انتخاب 2024 کے ووٹ فیصد اور نتائج کو لے کر الیکشن کمیشن سے سوال کیا ہے۔ اپوزیشن پارٹی نے یہ معاملہ ’وائس آف ڈیموکریسی‘ کی ایک تازہ رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے اٹھایا ہے اور الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس رپورٹ سے پیدا سوالات کے جواب دے۔
Published: undefined
اس معاملے میں کانگریس کے سینئر لیڈر سندیپ دیکشت نے ایک پریس کانفرنس کیا جس میں بتایا کہ ’’وائس آف ڈیموکریسی نام کے ادارہ نے حال ہی میں ہوئے لوک سبھا انتخابی نتائج پر ایک تجزیہ کیا ہے۔ تجزیہ کے مطابق شروعاتی مرحلہ میں اعلان کردہ (ووٹنگ فیصد کے) اعداد و شمار اور آخری مرحلہ میں حتمی اعداد و شمار میں فرق ہے۔ قومی سطح پر بتائے گئے اعداد و شمار اور آخری اعداد و شمار میں اگر 6 فیصد کا فرق ہے تو کیا یہ (انتخابی) نتائج درست تھے۔‘‘
Published: undefined
سندیپ دیکشت کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ہر مرحلہ سے کئی دن بعد ووٹنگ کا حتمی فیصد جاری کیا۔ ایسا تب ہوا جب کہا جاتا ہے کہ ای وی ایم سے بہتر کچھ بھی نہیں ہے، ای وی ایم سے سبھی چیزیں پتہ چل جاتی ہیں، کچھ بھی راز نہیں رہتا۔ کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’ای وی ایم سے جب ووٹنگ شروع ہوتی ہے تو ہر دو گھنٹے میں الیکشن کمیشن کو اعداد و شمار بھیجنے ہوتے ہیں کہ بوتھ پر کتنی ووٹنگ ہوئی ہے۔ اگر ہم ریاستوں کی سطح پر دیکھیں تو پتہ چلے گا کہ حیرت انگیز طریقے سے آندھرا پردیش اور اڈیشہ میں پہلے جاری کیے گئے نمبر اور حتمی طور پر جاری کیے گئے نمبر میں 12.5 فیصد ووٹوں کا فرق ہو جاتا ہے۔ اتفاق یہ ہے کہ اڈیشہ اور آندھرا پردیش میں بی جے پی اور اس کے اتحادیوں نے انتخاب میں اچھا کیا۔‘‘ ساتھ ہی وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ای وی ایم کے زمانے میں اعداد و شمار میں ایسا فرق پورے انتخابی عمل پر سوال کھڑے کرتا ہے۔
Published: undefined
پریس کانفرنس کے دوران الیکشن کمیشن پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے سندیپ دیکشت نے کہا کہ ’’جب الیکشن کمیشن سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ ہم انٹرنیٹ جیسے مسائل کے سبب پوری جانکاری نہیں دے پاتے تھے۔ لیکن کمیشن نے مزید ایک اعداد و شمار جاری کیا، جس کا جواب ہی ان پر سوال کھڑے کرتا ہے۔ مثلاً الیکشن کمیشن نے کہا کہ 2019 میں بھی ہم کچھ مراحل میں تاخیر سے ڈاٹا دے پائے تھے۔ لیکن اس وقت بھی 7 بجے جاری کردہ ڈاٹا اور فائنل ڈاٹا میں ایک فیصد سے بھی کم کا فرق تھا۔‘‘ کانگریس لیڈر یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے، لیکن اگر آئینی ادارہ کی کارکردگی جمہوریت پر براہ راست اثر انداز ہے تو انھیں اپنی بات رکھنی چاہیے۔‘‘
Published: undefined
’وائس آف ڈیموکریسی‘ کی رپورٹ کا تذکرہ کرتے ہوئے سندیپ دیکشت نے کہا کہ ’’اس رپورٹ میں کئی طریقے سے تجزیہ کیا گیا ہے۔ اس میں دکھایا گیا ہے کہ کون کتنے فرق سے جیتا ہے اور کہاں کتنا ووٹ فیصد بڑھا ہے۔ الیکشن کمیشن سے ہمارا یہ کہنا ہے کہ وہ اس رپورٹ پر جواب دیں، کیونکہ ان پر سوال کھڑے ہو رہے ہیں۔ اگر الیکشن کمیشن اس رپورٹ پر اطمینان بخش جواب نہیں دیتا ہے تو یہ سنگین سوال پیدا کرے گا۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز