قومی خبریں

اٹل جی کےاقدار پر مودی جی دو قدم ہی چل لیں تو بہتر ہے: واجپئی کی بھتیجی

سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کی بھتیجی کرونا شکلا نے بی جے پی کے ذریعہ اٹل جی کا نام سیاسی مفاد کے لیے استعمال کرنے پر سخت اعتراض ظاہر کیا اور کہا کہ یہ انتخابی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا 

اٹل بہاری واجپئی کی بھتیجی کرونا شکلا کا کہنا ہے کہ اٹل جی کے آخری سفر میں 5 کلو میٹر پیدل چلنے کی جگہ اگر نریندر مودی ان کے اقدار پر دو قدم بھی چل کر دکھائیں تو ملک کے لیے کچھ بہتر ہوگا۔ کرونا شکلا نے اپنی یہ رائے ایک ویڈیو پیغام میں ظاہر کی۔ انھوں نے اس ویڈیو میں کہا ہے کہ بی جے پی ووٹ حاصل کرنے کے لیے اٹل بہاری واجپئی کے نام کا استعمال کر رہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ’’اٹل بہاری واجپئی کے انتقال کے بعد چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ رمن سنگھ کی کابینہ نے اٹل بہاری واجپئی کے نام پر کئی سارے منصوبوں کا نام رکھ دیا۔ مجھے اس بات پر اعتراض ہے۔‘‘

کرونا شکلا نے مزید کہا کہ ’’رمن سنگھ نے کبھی بھی اس سے پہلے کسی پروگرام میں ان کے نام کا تذکرہ نہیں کیا۔ کبھی ان کے نام پر کسی چیز کا اعلان نہیں کیا جب کہ دہلی سے لے کر چھتیس گڑھ تک بی جے پی کی حکومت ہے۔ گزشتہ 9 سالوں میں جو انتخابات ہوئے تھے وہاں ان کی حصولیابیوں کا تذکرہ تک نہیں کیا گیا اور نہ ہی ان کا نام لیا گیا۔‘‘ انھوں نے کہا کہ ’’اس بار پہلی مرتبہ نریندر مودی نے لال قلعہ سے اٹل بہاری واجپئی کے نام کا تذکرہ کیا شاید وزیر اعظم کو پتہ تھا کہ اٹل جی کی حالت غیر مستحکم ہے۔‘‘

واجپئی کی بھتیجی نے اس معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی صدر امت شاہ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’اٹل جی کے آخری سفر میں 5 کلو میٹر چلنے کی جگہ اگر نریندر مودی دو قدم بھی ان کے ذریعہ دکھائے گئےر استے پر چلتے تو ملک کے لیے بہتر ہوتا۔‘‘

Published: 23 Aug 2018, 5:30 PM IST

کرونا شکلا نے وزیر اعظم نریندر مودی پر بی جے پی کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی کو بھی بے عزت کرنے کا الزام عائد کیا۔ انھوں نے کہا کہ میں اس معاملے میں بہت غمزدہ اور متفکر ہوں۔

کرونا شکلا نے ویڈیو پیغام میں یہ بھی کہا کہ ’’مودی، امت شاہ اور رمن سنگھ کو لگ رہا ہے کہ اٹل بہاری واجپئی کا انتقال ان کے لیے ڈوبتے کو تنکے کا سہارا ملنے جیسا ہے۔ اور وہ سوچتے ہیں کہ چار ریاستوں میں ہونے والے انتخابات میں اٹل جی کے نام کا فائدہ ملے گا، تو سمجھ لیں کہ عوام ان کی سازش کو سمجھ چکی ہے اور ووٹ کے ذریعہ ان کے ارمانوں پر پانی پھیر دے گی۔‘‘

Published: 23 Aug 2018, 5:30 PM IST

شکلا نے کہا کہ بی جے پی آئندہ چار ریاستوں کے اسمبلی انتخابات میں اٹل بہاری واجپئی کا نام استعمال کر کے ہمدردی بٹورنا چاہتی ہے لیکن اس میں بی جے پی کامیاب نہیں ہو پائے گی۔ عوام بی جے پی کی اس سازش کو سمجھتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں عوام سے اپیل کرتی ہوں کہ ان کی چالبازیوں کو سمجھیے۔‘‘ واضح رہے کہ کرونا شکلا چھتیس گڑھ کے جانجگیر سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ رہ چکی ہیں۔

Published: 23 Aug 2018, 5:30 PM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 23 Aug 2018, 5:30 PM IST