قومی خبریں

اتراکھنڈ: چاردھام یاترا کے عقیدت مندوں کی صحت سے کھلواڑ، پنیر میں صابن اور مصالحہ جات میں رنگوں کی ملاوٹ

محکمہ صحت کی ٹیم نے چاردھام یاترا کے داخلی دروازے یعنی رشی کیش اور تہری گڑھوال میں مہم جوئی کی اور یہاں سے لیے گئے دودھ، مصالحہ جات، دالوں، ریفائنڈ سمیت کل 68 نمونے فیل ہوئے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

 

دہرادون: چاردھام یاترا کے لیے جانے والے عقیدت مندوں کی صحت سے کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ یاترا کے علاقے سے لیے گئے دودھ، مصالحہ جات، دالوں، ریفائنڈ سمیت کل 68 نمونے فیل ہو گئے ہیں۔ اتراکھنڈ حکومت نے کھانے پینے کی اشیاء کے نمونے لینے کی ہدایات دی تھیں۔ محکمہ صحت کی ٹیم نے یہ مہم چاردھام یاترا کے داخلی دروازے یعنی رشی کیش اور ٹہری گڑھوال پر چلائی۔

رپورٹ کے مطابق پنیر میں ڈٹرجنٹ پاؤڈر، دالوں اور مصالحہ جات میں رنگ اور دودھ میں نشاستہ کی مقدار زیادہ پائی گئی۔ لیب سے رپورٹ متعلقہ اضلاع کو کارروائی کے لیے بھیجی جائے گی۔ یہاں ہر سال لاکھوں عقیدت مند آتے ہیں۔ چار دھام یاترا اپریل کے مہینے سے شروع ہوئی ہے۔

فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے رشی کیش، ٹہری گڑھوال، گنگوتری، کیدارناتھ مارگ، دھن سالی، چمبا میں تقریباً 15 دن پہلے موبائل ٹیسٹنگ لیب سے خطے کے مختلف اداروں سے دودھ اور اس سے بنی مصنوعات کے 35 نمونے، مٹھائی کے 56 نمونے، مصالحہ جات کے 62، ریفائنڈ آئل کے 12 اور دالوں کے 26 نمونوں سمیت دیگر کھانے پینے کی اشیا کے 61 نمونے حاصل کیے تھے۔

یہ نمونے اتراکھنڈ اسٹیٹ فوڈ اینڈ ڈرگ لیبارٹری میں جانچ کے لیے بھیجے گئے تھے جو ادھم سنگھ نگر کے ضلع ہیڈکوارٹر رودر پور میں واقع ہے۔ ڈپٹی فوڈ کمشنر نے بتایا کہ دودھ اور اس سے بنی اشیاء میں چکنائی کی مقدار کم ہونے، نشاستہ کی مقدار زیادہ ہونے اور پنیر میں ڈٹرجنٹ پاؤڈر کی وجہ سے آٹھ نمونے فیل ہو گئے ہیں۔ اس کے علاوہ مٹھائی کے 23 نمونے، دھنیا پاؤڈر اور سبزیوں کے مصالحوں کے 23 نمونے، دالوں کے 9 نمونے اور دیگر کھانے پینے کی اشیاء کے 4 نمونے ٹیسٹ میں فیل ہوئے ہیں۔

چاردھام یاترا کے پیش نظر رشی کیش، ٹہری گڑھوال خطہ سے موبائل لیب ٹیسٹنگ کے ذریعے کل 250 نمونے لیے گئے، جن کی رپورٹ آئی ہے۔ مجموعی طور پر 68 نمونے فیل ہوئے ہیں۔ رپورٹ تیار کر کے مزید کارروائی کے لیے متعلقہ اضلاع کو بھجوا دی گئی ہے۔ اسی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined