انسپکٹر سبودھ کا گولی مار کر قتل کرنے سے پہلے کلوا نے ان پر کلہاڑی سے وار کیا تھا۔ پہلے وار میں ان کے ہاتھ کی انگلیاں کٹ گئی تھیں اور دوسرے وار میں کاندھے پر گہرا زخم لگا۔ اس کے بعد پرشانت نٹ نے انسپکٹر کے ہاتھ سے ان کی پسٹل چھین کر انہیں گولی مار دی۔
اتر پردیش کے بلند شہر میں تشدد کے دوران پولس انسپکٹر سبودھ کمار سنگھ کے قتل معاملہ میں یکم جنوری کو ایک اور گرفتاری عمل میں آئی۔ پولس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار شخص اہم ملزمین میں سے ایک ہے۔ سینئر پولس سپرنٹنڈنٹ پربھاکر چودھری کا دعویٰ ہے کہ اہم ملزم کلوا سے متعلق خبر ملی تھی کہ وہ بلند شہر کے ایک دور دراز گاؤں میں موجود ہے۔ اس خبر کے بعد کلوا کو وہاں سے گرفتار کیا گیا۔ پولس کا الزام ہے کہ ملزم کلوا نے انسپکٹر کے سر پر کلہاڑی سے حملہ کیا تھا اور اس کے بعد پرشانت نَٹ نے انسپکٹر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ نَٹ پہلے سے ہی پولس حراست میں ہے اور اس سے پوچھ تاچھ بھی جاری ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پولس نے کلوا کے پاس سے وہ کلہاڑی بھی برآمد کر لی ہے جس سے انسپکٹر سبودھ پر حملہ کیا گیا تھا۔ خبروں کے مطابق آج اسے عدالت کے سامنے بھی پیش کیا گیا۔ بلند شہر تشدد میں اس گرفتاری کے بعد امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ انسپکٹر سبودھ کے قتل کی سچائی آئینہ کی طرح صاف ہو جائے گی۔ لیکن جس طرح سے پولس بار بار اپنے بیان تبدیل کر رہی ہے، فی الحال کچھ بھی کہنا جلدبازی ہوگی۔
Published: 01 Jan 2019, 3:09 PM IST
دراصل بلند شہر تشدد میں انسپکٹر سبودھ کی موت کو لے کر پولس نے اب تک کئی طرح کے بیان دیے ہیں اور اس معاملے میں کم و بیش دو درجن لوگوں کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے۔ 6 لوگوں نے تو عدالت میں خودسپردگی بھی کی تھی۔ شروع میں سبودھ سنگھ کے قتل کا شک فوجی جوان جیتو فوجی پر تھا۔ پھر پولس نے ایک نیا انکشاف کرتے ہوئے کہا کہ پرشانت نَٹ نے انسپکٹر سبودھ سنگھ سے ان کی پستول چھین کر انھیں گولی ماری تھی۔ حالانکہ خبریں یہ بھی آ چکی ہیں کہ پولس ابھی تک انسپکٹر سبودھ کا وہ پستول برآمد نہیں کر سکی ہے جس سے کہ ان کے قتل کی بات کہی جا رہی ہے۔
Published: 01 Jan 2019, 3:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 Jan 2019, 3:09 PM IST