قومی خبریں

اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنا بڑی ناانصافی: استادِ حدیث مسجد نبویؐ

مسجد نبویؐ کے استاذ حدیث شیخ حرم سید حامد بن اکرم البخاری نے جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ کی نو تعمیرمسجد جامع امام قاسم میں نماز جمعہ کا خطبہ پیش کیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی سوپول میں منعقدہ تعمیر ملت کنوشن میں موجود مسجد نبویؐ کے استاذ حدیث شیخ حرم سید حامد بن اکرم البخاری
ہندوستانی مسلمانوں کے لئے 16 فروری کا دن کافی منفرد رہا۔ ایک طرف جہاں ایران کے صدر حسن روحانی نے حیدرآباد کی مکہ مسجد میں نماز جمعہ ادا کی اور خطاب پیش کیا تو دوسری طرف بہار کے سوپول شہر کی جامع مسجد امام قاسم میں مسجد نبویؐ شریف کے استادِ حدیث شیخ سید حامد بن اکرم البخاری نے جمعہ کا خطبہ پیش کیا۔

مسجد نبویؐ کے استاذ حدیث شیخ حرم سید حامد بن اکرم البخاری نے جامعۃ القاسم دارالعلوم الاسلامیہ کی نو تعمیرمسجد جامع امام قاسم میں نماز جمعہ کا خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام کا پیغام آفاقی اور پوری انسانیت کیلئے رحمت ہے اوراس لیے مسلمانوں کی ذمہ داری ہے کہ ملک و معاشرہ میں امن و امان کا ماحول، صالح اقدار کا فروغ اور سماج و معاشرہ کے اصلاح احوال کے لئے قائدانہ کردار ادا کریں۔

بہار، جھاڑکھنڈ اور نیپال سے آئے کم و بیش7لاکھ کے اس مجمع سے خطاب کرتے ہوئے شیخ حامد بن اکرم البخاری نے دہشت گردی کو اسلا م سے جوڑنے کی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کا کسی بھی مذہب سے تعلق نہیں ہے اور دنیا کا کوئی مذہب بے قصور انسانوں کے قتل و غارت کی اجازت نہیں دیتا ہے۔

انہوں نے حال ہی میں امریکہ کے اسکولوں میں پیش آئے فائرنگ کے واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسکولی طلباء پر فائرنگ کرنے والے کا تعلق کیا کس مذہب سے تھا؟ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے شکار، ہندو، مسلمان، عیسائی اور یہودی سب ہوتے ہیں اور اس کے مرتکبین کا بھی تعلق تمام مذاہب سے ہوتا ہے۔ اس لیے اسلام کو ہی دہشت گردی سے جوڑنا ایک بڑی ناانصافی ہے۔ ان کوششوں کا علمی و عملی سطح پر مسلمانوں کو جواب دینے کی ضرورت ہے۔ شیح حرم مدنی سید حامد بن اکرم البخاری نے کہا کہ بلکہ اسلام ہی واحد مذہب ہے جس نے دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کی کوشش کی اور فرد واحد کے قتل کو انسانیت کا قتل قرار دیا ہے۔

شیخ حامد بن اکرم البخاری نے کہا کہ اسلام نے پوری دنیا کو انسانیت کا درس دیتے ہوئے محبت کو عام کرنے کا درس دیا ہے۔ عقیدہ توحید کے ذریعہ ہی سماجی و معاشی ناہمواریوں کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ شیخ حامد بن اکرم البخاری نے مسلمانوں کو بھولا ہوا سبق یاد دلاتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں تم ایک ایسے نبیؐ کی امت ہو جس کی آمد کے بعد پوری دنیا میں امن وامان کا ماحول قائم ہوا، سماج و معاشرہ سے برائیوں کا خاتمہ ہوا اور ہر طرف انصاف کا بول بالا ہوا۔ آج ایک بار پھر پوری دنیا میں وہی حالات پیدا ہورہے ہیں جو آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے قبل تھے۔ ایسے میں مسلمانوں کی ذمہ داریاں دو چند ہوجاتی ہیں۔ شیخ اکرم نے کہا کہ مسلمانوں کو آقا صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی کرتے ہوئے اسلام کے پیغام امن کو برادران وطن تک پہنچانے کیلئے جدید ذرائع ابلاغ کی مدد لینی چاہیے۔ اس موقع پر شیخ حرم کے ہاتھوں القاسم اسلامک یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھا گیا۔ شیخ حرم کی تقریر کی ترجمانی شیخ حکیم عثمان المدنی نے کی جو خود بھی مسجد نبوی میں استاذ حدیث ہیں۔

Published: 17 Feb 2018, 9:28 AM IST

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: 17 Feb 2018, 9:28 AM IST