بالی ووڈ کی معروف اداکارہ اُرملا ماتونڈکر نے کانگریس صدر راہل گاندھی سے ملاقات کے بعد باضابطہ پارٹی کی رکنیت اختیار کر لی۔ راہل گاندھی نے پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے ان کا استقبال کیا اور سیاسی میدان میں ان سے عوام کے حق میں مثبت قدم اٹھانے کی امید ظاہر کی۔ کانگریس کے میڈیا انچارج رندیپ سنگھ سرجے والا نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ارملا ماتونڈکر کے پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ممبئی شمال مغربی لوک سبھا سیٹ سے کانگریس کے امیدوار سنجے نروپم اور ممبئی کانگریس کے صدر ملند دیوڑا بھی موجود تھے۔
Published: 27 Mar 2019, 4:09 PM IST
اُرملا ماتونڈکر کے ساتھ کانگریس صدر راہل گاندھی کی ایک تصویر بھی پارٹی کے آفیشیل ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کی گئی ہے جس میں وہ پھولوں کا گلدستہ پیش کر کے بالی ووڈ اداکارہ کا پارٹی میں استقبال کرتے نظر آ رہے ہیں۔ کانگریس میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد اُرملا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران اپنے عزائم کا بھی اظہار کیا اور موجودہ حالات پر بھی اپنا نظریہ سامنے رکھا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گلیمر نہیں بلکہ نظریاتی چیزوں کو سامنے رکھ کر میں نے کانگریس کی رکنیت اختیار کی۔ آج ملک میں جس طرح کا ماحول ہے، اسے بدلنے کی ضرورت ہے اور اس کے لیے کانگریس ایک بہتر پلیٹ فارم ہے۔‘‘
بالی ووڈ اداکارہ نے میڈیا سے بات چیت کے دوران یہ کہنے میں بھی پرہیز نہیں کیا کہ ’’آج اظہارِ رائے کی آزادی پر سوال کھڑے ہو گئے ہیں۔ بے روزگاری کافی بڑھ گئی ہے۔ اس طرح کے ایشوز پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔‘‘ راہل گاندھی سے متعلق اپنا نظریہ پیش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’’ملک کو ایک ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو سب کو ساتھ لے کر چلے، ایک ایسا لیڈر جو کسی طرح کی تفریق نہ کرے اور راہل گاندھی ایسے ہی لیڈر ہیں۔‘‘
Published: 27 Mar 2019, 4:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Mar 2019, 4:09 PM IST