قومی خبریں

اردو منظور نہیں! ’مہاکمبھ‘ میں اکھاڑوں کے ’شاہی اسنان‘ کا نام بدلنے کی تیاری، سَنتوں کی میٹنگ میں لائی جائے گی قرارداد

مہاکال کی ’شاہی سواری‘ سے ’شاہی‘ لفظ ہٹانے سے متعلق وزیر اعلیٰ موہن یادو کے بیان کی سَنتوں نے تعریف کی ہے اور مہنت رویندرپوری نے ’شاہی‘ لفظ کو کمبھ کے ’شاہی اسنان‘ سے بھی ہٹانے کی کوشش شروع کر دی ہے۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی sanjay sumitabh

اتر پردیش کے پریاگ راج میں 13 جنوری 2025 سے ’مہاکمبھ‘ کا انعقاد ہونے والا ہے۔ اس سلسلے میں ابھی سے تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔ اس درمیان ایک نئی خبر سامنے آ رہی ہے کہ مہاکمبھ میں اکھاڑوں کے ’شاہی اسنان‘ کا نام بدلنے کی تیاری چل رہی ہے۔ دراصل ’شاہی اسنان‘ میں ’شاہی‘ لفظ کو اُردو قرار دیتے ہوئے کچھ سَنتوں نے اسے ’راجسی اسنان‘ نام دینے کا مشورہ دیا ہے۔ یہ مطالبہ مدھیہ پردیش میں مہاکال کی ’شاہی سواری‘ سے ’شاہی‘ لفظ ہٹانے کے بعد اٹھنا شروع ہوا ہے۔

Published: undefined

دراصل مہاکال کی شاہی سواری سے ’شاہی‘ لفظ کو ہٹانے سے متعلق مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو کے بیان کا سَنتوں نے استقبال کیا ہے۔ ’اکھل بھارتیہ اکھاڑا پریشد‘ کے سربراہ شری منسا دیوی مندر ٹرسٹ کے چیف اور شری نرنجنی پنچایتی اکھاڑا کے سکریٹری شری مہنت رویندرپوری نے ’شاہی‘ لفظ کو کمبھ کے ’شاہی اسنان‘ سے بھی ہٹانے کے لیے کوشش شروع کر دی ہے۔ انھوں نے ’شاہی‘ لفظ پر اعتراض ظاہر کرتے ہوئے اسے مذہبی روایات کے خلاف قرار دیا ہے۔

Published: undefined

مہنت رویندرپوری کا کہنا ہے کہ ’شاہی‘ لفظ کا استعمال مغل دور سے شروع ہوا ہے۔ لفظ ’شاہی‘ غلامی کی نشانی ہے، ’شاہی‘ ایک اردو لفظ ہے۔ ہماری قدیم ہندوستانی ثقافت اردو نہیں بلکہ ہندی ہے، اس لیے ’اسنان‘ کے ساتھ ’شاہی‘ کی جگہ ’راجسی‘ لفظ استعمال ہونا چاہیے۔ علاوہ ازیں جونا اکھاڑا کے مہامنڈلیشور مہاراج کا کہنا ہے کہ ’’مدھیہ پردیش حکومت نے درست قدم اٹھاتے ہوئے ’شاہی سواری‘ کی جگہ ’راجسی سواری‘ کا مشورہ دیا ہے۔ ایسی نشانیوں کو بدلنا ضروری ہے۔

Published: undefined

اکھاڑا پریشد کے سربراہ مہنت رویندرپوری کا کہنا ہے کہ جب سبھی اکھاڑوں کے سَنت مہاتماؤں کے ساتھ میٹنگ ہوگی تو وہاں یہ بات رکھی جائے گی۔ میٹنگ میں اس کے لیے ایک قرارداد لایا جائے گا۔ اس کے بعد ہم سبھی سَنت مل کر اس قرارداد کو ہریدوار، اجین، پریاگ راج میں دیں گے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم نے بچپن میں پڑھا ہے کہ اکبر اعظم کی شاہی سواری ہوا کرتی تھی۔ جتنے بھی اردو الفاظ ہیں، ان کو نکال کر ہندی کے الفاظ کا استعمال کیا جانا چاہیے۔ اس طرح کے الفاظ کا یہاں کوئی کام نہیں ہے۔‘‘ ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پریاگ راج میں سبھی سَنتوں کی میٹنگ میں اس بات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور پھر اتفاق رائے سے اس بات پر آگے کا عمل انجام دیا جائے گا۔

Published: undefined

قابل ذکر ہے کہ مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ موہن یادو نے اجین میں بابا مہاکال کی ساون کے مہینے میں پیر کے روز نکلنے والی ’شاہی سواری‘ سے ’شاہی‘ لفظ ہٹا دیا ہے۔ اب اسے ’راجسی سواری‘ کہا جا رہا ہے۔ اس فیصلے کی سَنتوں نے بھی حمایت کی ہے اور کمبھ میں کیے جانے والے ’شاہی اسنان‘ کا نام ’راجسی اسنان‘ کرنے کی تیاریاں شروع ہو گئی ہیں۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined