علی گڑھ: ہندوستان کے 5 صوبوں میں منعقد ہونے والے اسمبلی انتخابات کے موقع پراتر پردیش میں الیکشن کمیشن کے احکامات کے تحت ریلیوں پر پابندی عائد کئے جانے کے سبب روز مرہ مزدوری کے ذریعہ متعدد افراد کو انتخابات کے دوران بے روزگاری سے گزرنا پڑ رہا ہے اس میں ٹینٹ ہاﺅس کا کام کرنے والوں کے علاوہ لائٹ والے، پانی والے، ڈسپوزل اور پانی والے، پوسٹر بینر لگانے والے، اسٹیج بنانے والے، مائک و ساﺅنڈ جیسی خدمات دینے والے مزدور و ان کے مالکان اس میں شامل ہیں۔
Published: undefined
قومی آواز سے بات کرتے ہوئے بنواری ٹینٹ ہاﺅس کے مالک دھرمیندر گپتا نے بتایا کہ آن لائن ورچوئل میٹنگ کا سیدھا اثر ان کے علاوہ ہزاروں ان مزدوروں پر بھی پڑا ہے جو پانچ برس بعد آنے والے انتخابی ماحول میں زیادہ کام کر لیتے تھے اور اس سے ان کی کچھ بچت بھی ہو جاتی تھی۔ اسٹار ٹینٹ ہاﺅس کے مالک احتشام خان نے بتایا کہ ہم لوگ سبھی ٹینٹ والے انتخابات کے مد نظر کچھ سامان اضافی بھی خرید لیتے تھے جس سے زیادہ آمدنی ہو سکے، اس کے علاوہ کام کرنے والے کاریگروں کو پیشگی رقم بھی دے دیتے ہیں تاکہ جب زیادہ کام کا آرڈر ملے تو وہاں کاریگروں کی کمی کے سبب کام متاثر نہ ہو، لیکن اس مرتبہ کی پابندی نے جہاں ٹینٹ مالکان کو متاثر کیا ہے، وہیں کاریگر بھی تنگی کا سامنا کرنے کو مجبور ہیں۔
Published: undefined
نایاب لائٹ ہاﺅس کے مالک دانیال پرویز نے بتایا کہ الیکشن ریلیوں اور جلسوں پر لگی پابندی کے سبب ہم جیسے مزدوری پر کام کرنے والے چھوٹے کاروباری اس حکم سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں ہمارے ساتھ کام کرنے والے بجلی مزدور 5 سال کی مدت کے بعد آنے والے انتخابات کی ریلیوں کا خصوصی طور پر انتظار کرتے تھے اس سے ہم لوگوں کو زیادہ کام مل جاتا تھا دن رات کی محنت مزدوری کے بعد ہم لوگ اپنے رکے ہوئے کچھ ضروری کاموں کو اس رقم سے نمٹا لیتے تھے جو زیادہ مزدوری کرنے سے حاصل ہو جاتی تھی لیکن اب یہ ممکن نہیں لگتا کہ ہم اپنی ضروریات کو پورا کر سکیں گے۔
Published: undefined
چیمپئن الیکٹرو ساﺅنڈ کے مالک راجپال شرما نے بتایا کہ نوٹ بندی کے بعد سے لیکر ابھی تک ہمارے کاروبار درست راہ پر نہیں آ سکے ہیں۔ انہوں نے اپنا درد بیان کرتے ہوئے بتایا کہ نوٹ بندی کے بعد کورونا آ گیا اس سے شادی بیاہ کے پروگرام لاک ڈاﺅن کی وجہ سے کم ہو گئے، اس کے بعد شادیوں میں شامل ہونے والے افراد کی کمی کے سبب ہمارا کاروبار تقریباً ختم جیسا ہو گیا، امید تھی کہ اب انتخابات کی ریلی سے کچھ صحیح ہو جائیگا لیکن اب ریلیوں پر عائد پابندی نے ہماری مزدوری کو ہی کھا لیا ہے ہم لوگ دور حاضر میں دو وقت کی روٹی کے لئے مجبور ہیں۔
Published: undefined
مزدور ایسو سی ایشن کے سکریٹری بھانو پرکاش کا کہنا ہے کہ حکومت نے ویسے ہی کورونا کے نام پر مزدوروں کے روزگار اورمزدوری پر کاری ضرب لگائی ہوئی ہے، حکومت نے کوئی راحت نہیں دی مزید ریلیوں اور جلسوں پر عائد پابندی نے مزدور طبقہ کو بری طرح سے متاثر کیا ہے۔ انہوں نے الیکشن کمیشن سے گزارش کی ہے کہ ریلیوں اور جلسوں پر لگی پابندی کو مزدوروں کی دشواریوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہٹایا جائے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز