اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی شبیہ ریاست سمیت ملک بھر میں ایک سخت حاکم کی بتائی جاتی ہے۔ خود یوگی بھی کم از کم اپنے بیانات کے اسٹائل سے تو یہی ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ وہ ایک سخت حاکم ہیں اور افسران سے کام کرانا جانتے ہیں۔ لیکن بجنور ضلع آتے آتے یوگی جی کی یہ سخت گیری جیسے دم توڑ جاتی ہے، یا پھر اس کی ہوا نکل جاتی ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
دراصل یہاں کے ہلدور تھانہ حلقہ کے شاہ نگر علاقہ کے راشن ڈیلر دھرم پال سنگھ کسی سے نہیں ڈرتے۔ اس گاؤں کے تقریباً 300 راشن کارڈ ہولڈر عرضی دہندہ کی طرح ان کے دربار پر دستک دیتے ہیں اور وہ جو چاہے کرتے ہیں۔ جسے چاہتے ہیں راشن دیتے ہیں، اور جتنا چاہتے ہیں اتنا دیتے ہیں۔ جب مرضی ہوتی ہے دکان کھولتے ہیں، جب مرضی ہوتی ہے شٹر گرا دیتے ہیں۔ نہ انتظامیہ کا خوف، نہ حکومت کا۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
گاؤں کے ایک نوجوان سوریہ کانت بتاتے ہیں کہ راشن ڈیلر دھرم پال سنگھ کے مطابق ان کی لاٹھی مضبوط ہے۔ کورونا کے اس بحرانی دور میں بھی راشن کے کوٹے میں سیندھ لگانے والے ایسے لوگ ہی اصلی غدارِ وطن ہیں۔ گاؤں کے ہی سریندر چودھری بتاتے ہیں کہ بڑے افسران تک شکایت کرنے کوئی جا نہیں پاتا، کیونکہ راشن لینے آنے والے سبھی غریب لوگ ہیں، اور نچلی سطح کے افسروں کی ڈیلر سے سانٹھ گانٹھ ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
سریندر بتاتے ہیں کہ "ہمارے گاؤں کی حالت تو یہ ہے کہ شاید ہی یہاں کسی کو پورا راشن مل رہا ہو۔ ڈیلر دبنگ ہے۔ سوال کرنے والوں کی پٹائی بھی کر چکا ہے۔ ویڈیو بھی وائرل ہوئے ہیں، لیکن کوئی کچھ بگاڑ نہیں پا رہا ہے۔ ریاست میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ہیں، مگر ان کا کہنا ہے کہ یہاں وہ ہوگا جو میں کہوں گا۔ یہی نظر بھی آتا ہے۔ راشن تقسیم میں ان کی منمانی ہے۔ اس سے زیادہ میں آپ کو ان کے مظالم کی کہانی نہیں بتا سکتا۔"
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
کورونا بحران کے درمیان غریبوں تک سرکاری راشن تقسیم ایک بڑا مسئلہ بن کر ابھرا ہے۔ کہنے کو تو اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ خود اس کی مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔ حال ہی میں انھوں نے اعلان کیا کہ جن خاندانوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے، انھیں بھی راشن دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ انھوں نے یہاں تک کہہ دیا ہے کہ گھمنتو ذاتوں کو بھی حکومت راشن دے گی۔ لیکن راشن ڈیلروں کا حال دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ جب اہل لوگوں تک ہی راشن نہیں پہنچ پا رہا ہے تو ایسے لوگوں تک راشن پہنچنا کہاں سے ممکن ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
اتر پردیش میں کل 30007971 راشن کارڈ ہولڈر ہیں۔ ان میں کل 133678317 لوگوں کو راشن بھجوانے کا دعویٰ خوردنی اشیاء فراہمی محکمہ کرتا ہے۔ انھیں جانچ پڑتال کے بعد غریب مانتے ہوئے راشن کارڈ جاری کیے گئے ہیں۔ راشن کارڈ جاری کرنے کے لیے تحصیل سطح تک کا عمل ہوتا ہے۔ کئی بار راشن کارڈ مقامی لیڈروں کے قریبی لوگوں کا بھی بن جاتا ہے۔ ظاہر ہے کہ ایک بہت بڑی تعداد بغیر راشن کارڈ والے لوگوں کی ہے۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ ایسے غریب لوگوں کو بھی راشن دے گی جن کے پاس کارڈ نہیں ہیں۔ اس میں ابھی سروے کا عمل چل رہا ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
ضابطوں کے مطابق راشن کارڈ ہولڈرس کو فی کس 3 کلو گیہوں اور 2 کلو چاول ملتا ہے۔ کورونا بحران کے وقت یہ راشن اب مہینے میں دو بار ملنے کی بات کہی گئی ہے۔ ایک بار حکومت بالکل مفت دے رہی ہے جب کہ دوسری بار 2 روپے فی کلو گیہوں اور 3 روپے فی کلو چاول کے پیسے لیتی ہے۔ لیکن بنیادی حقیقت یہ ہے کہ راشن ڈیلر اس طرح کی کوششوں کو ناکام بنا رہے ہیں۔ بجنور، مظفر نگر، میرٹھ، سہارنپور سمیت مغربی اتر پردیش کے زیادہ تر اضلاع سے ایسی شکایتیں آئی ہیں کہ راشن ڈیلر کم راشن دے رہے ہیں۔ حالانکہ حکومت نے شکایت کے لیے ہیلپ لائن نمبر 18001800150 جاری کیا ہے۔ لیکن ان نمبروں کی سچائی سب کو معلوم ہے۔ مظفر نگر ضلع کے یٰسین بتاتے ہیں کہ شکایت کرنے پر ہوئی کارروائی کی انھیں اب تک کوئی جانکاری نہیں ہے، کیونکہ ان کے راشن ڈیلر نے ابھی تک کم راشن دینا جاری رکھا ہے۔ وہ بہت زیادہ پریشان کر رہا ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
یٰسین ٹیلر ماسٹر کا کام کرتے ہیں اور لاک ڈاؤن کی وجہ سے ان کے جیسے بہت سارے لوگ اب کھانے پینے کے بحران سے نبرد آزما ہیں۔ وہ کہتے ہیں "کورونا ملک بھر کے لیے بحران ہے، لیکن راشن ڈیلر اس کو ایک موقع تصور کر رہے ہیں۔ اس بار انھیں کافی راشن مل رہا ہے، لیکن وہ کسی کو بھی ایمانداری سے راشن نہیں دے رہے ہیں۔"
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
ملک بھر کی بات کریں تو سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پورے ملک میں کورونا راحت پیکیج کے تحت اب تک محض 22 فیصد اضافی راشن تقسیم ہوا ہے۔ یعنی عام دنوں کے مقابلے میں 15 ریاستوں کے 270 اضلاع میں صرف 22 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں 75 فیصد راشن کارڈ ہولڈروں کو ہی اس کا فائدہ ملا ہے۔ کورونا بحران کو لے کر مرکزی حکومت نے پردھان منتری غریب کلیان یوجنا کا اعلان کرتے ہوئے 13.27 لاکھ میٹرک ٹن اناج الاٹ کیا تھا۔ 15 اپریل تک کے اعداد و شمار کے مطابق صرف 21.82 فیصد اناج ہی تقسیم کیا گیا ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
جن 15 ریاستوں میں قومی فوڈ سیکورٹی ایکٹ کے تحت بنے 5.70 کروڑ راشن کارڈوں میں 1.43 راشن کارڈ پر اب تک اضافی راشن ملا ہے، ان میں بہار، دمن اینڈ دیو، ہریانہ، ہماچل پردیش، جموں و کشمیر، مدھیہ پردیش، ہماچل پردیش، اتراکھنڈ اور مہاراشٹر بھی شامل ہیں۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
مہاراشٹر کے لاتور ضلع کے رہنے والے سماجی کارکن امر مورے بتاتے ہیں کہ راشن ڈیلر کی بدمعاشی کا مسئلہ یہاں بھی ہے۔ راشن ڈیلر ڈنڈی مار رہے ہیں۔ وہ ایمانداری سے راشن نہیں دے رہے ہیں۔ سب سے مشکل یہ ہے کہ ان کے گاؤں میں نصف سے زیادہ لوگوں کے پاس راشن کارڈ ہی نہیں ہے، جب کہ ان کی بھی معاشی حالت اچھی نہیں ہے۔ حکومت کو ہر ایک فیملی کے لیے راشن کا مسئلہ سمجھنا ہوگا۔ ان میں ایسے لوگ بھی ہیں جو خانہ بدوش ہیں۔ ان کے پاس راشن کارڈ تو دور، آدھار کارڈ بھی نہیں ہے۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Apr 2020, 10:40 PM IST
تصویر: پریس ریلیز