اتراکھنڈ کے سری نگر میں ’گنگا صفائی پروگرام‘ پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اسکولوں کے بچوں کو صبح سویرے بلا لیا گیا۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر اوما بھارتی کی شرکت کے ساتھ ساتھ ریاست کے وزیر اعلیٰ ترویندر راوت کو بھی آنا تھا، لیکن بچوں کو گھنٹوں ان کا انتظار کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ بھوکے بیٹھے رہے۔ اوما بھارتی کی آمد پانچ گھنٹے بعد ہوئی اس وقت سبھی بچے بھوک سے بے حال نظر آ رہے تھے۔ مرکزی وزیر کو بچوں کے بھوک کا احساس ہوا اور اسٹیج سے ہی انھوں نے پوچھا کہ کیا بچوں کو بھوک-پیاس لگی ہے؟ اس پر سبھی بچوں نے بیک آواز ’ہاں‘ میں جواب دیا۔ اس کے بعد اوما بھارتی نے بچوں کے سامنے کان پکڑ کر ان سے معافی مانگی۔ لیکن اس واقعہ سے لوگ کافی ناراض بھی نظر آئے کہ انھوں نے معصوم بچوں کو 5 گھنٹے تک انتظار کرایا اور انھیں بھوکے رکھا۔
دراصل بیکنٹھ چتردشی کے موقع پر ’سوچھ بھارت مشن‘ کے تحت 23 نومبر کو سری نگر میں گنگا صفائی پروگرام منعقد کیا گیا تھا۔ پروگرام میں مرکزی وزیر اوما بھارتی اور وزیر اعلیٰ تریویندر راوت سمیت کئی اہم ہستیاں شرکت کرنے والی تھیں۔ تقریب کے پیش نظر کئی اسکولوں کے بچوں کو صبح 10 بجے ہی جی آئی اینڈ ٹی آئی میدان میں بلا لیا گیا تھا۔ چونکہ گوچر علاقہ میں ایک دیگر تقریب بھی منعقد ہونی تھی اس لیے اوما بھارتی کو سری نگر آنے میں کافی تاخیر ہو گئی۔ تریویندر راوت تقریباً 2 بجے پروگرام میں پہنچے اور اس کے ایک گھنٹے بعد یعنی تقریباً 3 بجے اوما بھارتی پہنچیں۔
Published: 24 Nov 2018, 11:09 PM IST
ذرائع کے مطابق جب اوما بھارتی تقریب سے خطاب کرنے کے لیے کھڑی ہوئیں تو انھوں نے بچوں کو بے حال دیکھا۔ اوما بھارتی نے پھر اسٹیج سے ہی کان پکڑ کر بچوں سے معافی مانگی اور انھیں کھانا کھلائے جانے کے بعد تقریر کرنے کا فیصلہ لیا۔ اوما بھارتی کے حکم کے بعد وزیر اعلیٰ تریویندر راوت نے کھانے کے پیکٹ بچوں میں تقسیم کرائے۔ یہاں حیران کرنے والی بات یہ بھی رہی کہ بچے بھوک سے بے حال تھے اور تریویندر راوت کو اس بات کا احساس بھی نہیں ہوا۔ الٹے انھوں نے اوما بھارتی کی تعریف کرتے ہوئے یہ کہہ ڈالا کہ ’’ہم بھی اسٹیج پر بیٹھے تھے، لیکن ہم بچوں کی پریشانی سمجھ نہیں پائے ، لیکن مرکزی وزیر اوما بھارتی نے بچوں کے تئیں محبت کا جو جذبہ دکھایا وہ جذبہ قابل تعریف ہے۔‘‘
Published: 24 Nov 2018, 11:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 24 Nov 2018, 11:09 PM IST