ٹی آر پی (ٹی وی ریٹنگ) گھوٹالہ کو لے کر ممبئی پولس کی تفتیش جاری ہے اور اس درمیان ’ریپبلک ٹی وی‘ کے ایڈیٹر اِن چیف ارنب گوسوامی کے لیے بری خبر سامنے آ رہی ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق بارک کے سابق چیف ایگزیکٹیو افسر پارتھو داس گپتا نے ممبئی پولس کو دیئے گئے ایک تحریری بیان میں اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ ارنب نے انھیں ریٹنگ سے چھیڑ چھاڑ کے لیے لاکھوں روپے دیئے تھے۔
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ میں اس تعلق سے ایک تفصیلی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ پارتھو داس گپتا نے جو تحریری بیان ممبئی پولس کو دیا ہے اس میں ارنب گوسوامی سے 12 ہزار ڈالر ملنے اور پھر تین سال کے دورانیہ میں مجموعی طور پر 40 لاکھ روپے ملنے کا اعتراف کیا گیا ہے۔ ٹی آر پی میں چھیڑ چھاڑ کی یہ جانکاری اس سپلیمنٹری چارج شیٹ سے ملی ہے جو کہ ٹی آر پی گھوٹالہ معاملہ میں پولس کے ذریعہ داخل کی گئی ہے۔
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
بتایا جاتا ہے کہ ممبئی پولس نے 11 جنوری کو 3600 صفحات پر مبنی سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل کی تھی جس میں بارک فورنسک آڈٹ رپورٹ بھی شامل تھی۔ علاوہ ازیں پارتھو داس گپتا اور ارنب گوسوامی کے درمیان ہی واٹس ایپ چیٹ بھی اس چارج شیٹ میں شامل ہے۔ چارج شیٹ میں بارک کے سابق ملازمین کے علاوہ کیبل آپریٹر سمیت کل 59 لوگوں کے بیانات شامل کیے گئے ہیں۔
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
انڈین ایکسپریس میں شائع خبر کے مطابق آڈٹ رپورٹ میں کئی نیوز چینل، مثلاً ریپبلک ٹی وی، ٹائمز ناؤ اور آج تک کے لیے بارک کے سرکردہ افسران کے ذریعہ مبینہ ٹی آر پی چھیڑ چھاڑ اور ریٹنگ کی فکسنگ کی بات کی گئی ہے۔ پارتھو داس گپتا، رومل رام گڑھیا، وکاس کھنچندانی کے خلاف سپلیمنٹری چارج شیٹ داخل ہوئی ہے، اس سے قبل 12 لوگوں کے خلاف نومبر میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھی۔ دوسری چارج شیٹ کے مطابق داس گپتا کا بیان کرائم انٹلیجنس یونٹ نے 9 دسمبر کو ریکارڈ کیا تھا۔
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
داس گپتا کے بیان کے مطابق ’’میں ارنب گوسوامی کو سال 2004 سے جانتا ہوں۔ ہم ’ٹائمز ناؤ‘ میں ایک ساتھ کام کیا کرتے تھے۔ میں نے بارک کے سی ای او کے طور پر 2013 میں جوائن کیا تھا اور ارنب گوسوامی نے سال 2017 میں ’ریپبلک ٹی وی‘ لانچ کیا تھا۔ ریپبلک لانچ کرنے سے پہلے اس نے مجھ سے کئی بار منصوبہ کو لے کر بات کی تھی اور ریٹنگ کے لیے مدد کرنے کی بات بھی کہی تھی۔ گوسوامی کو پتہ تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ ٹی آر پی سسٹم کیسے کام کرتا ہے۔‘‘
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
داس گپتا نے مزید بتایا کہ ’’میں اپنی ٹیم کے ساتھ کام کرتا تھا اور ٹی آر پی میں چھیڑ چھاڑ کرتا تھا، جس سے کہ ’ریپبلک ٹی وی‘ کو نمبر ایک ریٹنگ مل سکے۔ یہ تقریباً 2017 سے 2019 تک جاری رہا۔ 2017 میں ارنب گوسوامی نے مجھے تقریباً 6000 ڈالر کیش دیئے۔ اس کے بعد 2019 میں بھی انھوں نے مجھے اتنی ہی رقم دی۔ 2017 میں بھی گوسوامی نے مجھ سے ملاقات کی اور مجھے 20 لاکھ روپے نقد دیئے۔ 2018 اور 2019 میں انھوں نے پھر مجھے 20 لاکھ روپے دیئے۔‘‘ داس گپتا کے مطابق گوسوامی نے جو 12 ہزار ڈالر انھیں دیئے تھے وہ ’فیملی ٹرپ‘ کے نام پر دیئے تھے۔
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 25 Jan 2021, 2:11 PM IST
تصویر: پریس ریلیز