نئی دہلی: ہے پربھو، حد ہو چکی ہے! وزیر ریل کی بدنظمی کا یہ عالم ہے کہ پچھلے تقریباً 10 دنوں کے اندر ملک میں تین ریل حادثے ہو چکے ہیں۔ ابھی دو ریل حادثوں کی یاد مندمل بھی نہیں ہوئی تھی کہ آج صبح یہ خبر آئی کہ ناگپور-ممبئی دورنتو ایکسپریس گاڑی پٹری سے اتر گئی اور اس حادثہ میں دو درجن افراد زخمی ہو گئے۔
ریلوے ذرائع کے مطابق آج صبح 6.35 پر آسن گاؤں اور واسنہ اسٹیشنوں کے درمیان یہ حادثہ پیش آیا۔ یہ علاقہ ممبئی سے زیادہ دور نہیں ہے۔ اس لیے ممبئی کی لوکل ٹرینوں پر اثر پڑا ہے جس کی وجہ سے ممبئی کی روز مرہ کی زندگی متاثر بھی ہوئی ہے۔
گزشتہ دو ہفتوں کے اندر ریل حادثہ کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔ اس سے قبل 19 اگست کو اتر پردیش میں مظفر نگر ضلع کے کھتولی گاؤں میں ریل پٹری کی مرمت کے سبب کلنگ ایکسپریس پٹری سے اتر گئی اور ڈبے ہوا میں اچھل گئے جس کے سبب 32 افراد موت کے گھاٹ اتر گئے اور سینکڑوں زخمی ہوئے۔
اس حادثہ کے محض چار روز بعد یعنی 23 اگست کو اتر پردیش کے اوریا ضلع میں کیفیت ایکسپریس پٹری سے اتری اور تقریباً 100 افراد زخمی ہوئے۔
اوریا حادثہ کے بعد وزیر ریل سریش پربھو نے وزیر اعظم سے ملاقات کر ان حادثات کے سلسلے میں ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے استعفیٰ کی پیشکش کی۔ وزیر اعظم نے اس سلسلے میں کوئی فیصلہ لیے بغیر پربھو کو ’انتظار کرو‘ کا حکم سنا دیا۔ ابھی سریش پربھو کے استعفیٰ پر فیصلے کا انتظار جاری تھا کہ ایک اور ریل حادثے کی خبر آ گئی۔
پربھو کے ریل وزارت سے جاتے جاتے کتنے اور ریل حادثے ہوتے ہیں اور کتنی اور موتیں ہوتی ہیں یہ کہنا مشکل ہے۔
Published: 29 Aug 2017, 1:27 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 29 Aug 2017, 1:27 PM IST