جن ادھیکار پارٹی کے سرپرست پپو یادو کا ٹریفک پولس نے جمعرات کو 5000 روپے کا چالان کاٹ دیا۔ اس چالان کا واقعہ انتہائی دلچسپ ہے جسے لوگ ’کچرا پالیٹکس‘ قرار دے رہے ہیں۔ دراصل پپو یادو نے شہر میں جمع کچرے کو دیکھ کر گزشتہ دنوں متنبہ کیا تھا کہ اگر اسے جلد صاف نہیں کیا گیا تو اٹھا کر شہری ترقی کے وزیر اور کمشنر کے گھر پر پھینک دیں گے۔ لیکن اس سے پہلے کہ وہ کچرا اٹھا کر وزیر اور کمشنر کے گھر پھینکتے، ٹریفک پولس نے ان کا چالان کاٹ دیا۔ مجبوراً پپو یادو کو چالان کی رقم بھرنے کے بعد اپنے گھر واپس لوٹنا پڑا۔
Published: 17 Oct 2019, 6:39 PM IST
اس پورے واقعہ کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ راجدھانی پٹنہ میں آبی جماؤ کے بعد جمع کوڑے کو ہٹایا نہیں گیا تھا جس سے مدھے پورہ کے سابق رکن پارلیمنٹ راجیش رنجن عرف پپو یادو بہت ناراض تھے۔ جمعرات کو وہ صفائی مہم پر نکلے اور شہر کے کوڑے کو وہ شہری ترقی کے وزیر سریش شرما کے ساتھ ساتھ کمشنر کے رہائش گاہ پر پھینکنے کا ارادہ کیا۔ اس کے لیے انھوں نے پہلے ہی متنبہ کر دیا تھا اور یہی وجہ ہے کہ جمعرات کو بیلی روڈ واقع ایشان انٹرنیشنل گرلس اسکول کے پاس جے سی بی اور ٹریکٹر لے کر پہنچ گئے۔ وہاں سے کچرا لاد کر آشیانہ ہوتے ہوئے راجیو نگر پہنچے۔ اس دوران وہ حکومت کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار بھی کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کو ان کے حال پر ہی چھوڑ دیا جاتا ہے جب کہ افسروں اور لیڈروں کے گھروں سے کوڑا ہمیشہ وقت پر اٹھایا جاتا ہے۔
Published: 17 Oct 2019, 6:39 PM IST
پپو یادو وزیر اور کمشنر کے گھر کوڑا پھینکنے کے لیے آگے بڑھ ہی رہے تھے کہ راجیو نگر میں ہی پولس نے انھیں روک لیا۔ پولس نے دفعہ 109 کے تحت ہنگامہ برپا کرنے کے الزام میں پپو یادو کو تھانہ میں بٹھا دیا۔ اس کے بعد جو کچھ ہوا، وہ بھی کم دلچسپ نہیں ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پپو یادو ٹریکٹر پر کوڑا لے کر اپنا مقصد پورا کرنے کے لیے نکلے تھے اور جب پولس نے جانچ کی تو پتہ چلا کہ ان کے پاس ٹریکٹر چلانے کا لائسنس ہی نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پپو یادو کے پاس ہلکی گاڑی (ایم ایل وی) کا لائسنس ہے اور وہ بھی 2017 تک کے لیے ہی تھا۔ ٹریکٹر بھاری وزن کی گاڑی میں شمار ہوتا ہے۔ یہ پتہ چلنے کے بعد ٹریفک پولس آئی اور پپو یادو کا پانچ ہزار روپے کا چالان کاٹ دیا۔ ساتھ ہی پولس نے ٹریکٹر کو ضبط کر تھانہ لے آئی۔ چالان کٹنے کے بعد پپو یادو نے 5000 روپے جمع کیے اور پھر گھر کی طرف رخ کر لیا۔
Published: 17 Oct 2019, 6:39 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 17 Oct 2019, 6:39 PM IST
تصویر: پریس ریلیز