چندریان-3 کا وکرم لینڈر کامیابی کے ساتھ بدھ کی شام تقریباً 6 بجے چاند کے جنوبی قطب پر اتر گیا۔ یہ لمحہ سبھی ہندوستانیوں کے لیے قابل فخر ہے۔ اِسرو نے اس لمحہ کا براہ راست نشریہ کیا جس میں وکرم لینڈر کی سافٹ لینڈنگ کے وقت سائنسدانوں کو تالیاں بجاتے ہوئے اور اس کامیابی پر ایک دوسرے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس قابل فخر موقع پر کانگریس کے سرکردہ لیڈر جئے رام رمیش نے سوشل میڈیا پر اِسرو اور ہندوستانی سائنسدانوں کی تعریف کرتے ہوئے کچھ اہم باتوں کا تذکرہ کیا ہے۔ انھوں نے اپنے پوسٹ میں لکھا ہے کہ "اِسرو کی آج کی حصولیابی واقعی شاندار ہے، بے مثال ہے۔ 1962 کے فروری ماہ میں ہومی بھابھا اور وکرم سارابھائی کی دور اندیشی کے سبب INCOSPAR کا قیام ہوا۔ INCOSPAR یعنی انڈین نیشنل کمیٹی آن اسپیس ریسرچ۔ اس میں جو پہلے شخص شامل تھے، پہلے چار پانچ شخص جو شامل تھے، ان میں اے پی جے عبدالکلام بھی تھے۔"
Published: undefined
جئے رام رمیش نے مزید لکھا ہے کہ "اس کے بعد 1969 میں، اگست ماہ میں وکرم سارابھائی، جو ہمیشہ خلائی سائنس اور خلائی تحقیق کو ترقی کے نظریہ سے دیکھا کرتے تھے، نے اِسرو کا قیام کیا۔ سال 1972 اور 1984 کے درمیان ستیش دھون آئے اور انھوں نے غیر معمولی قیادت کا مظاہرہ کیا۔ سائنسی، تکنیکی اور مینجمنٹ کے نظریہ سے جو تعاون ان کا رہا، وہ بالکل بے مثال تعاون رہا ہے۔ ان کے ساتھ برھم پرکاش جی تھے۔ برھم پرکاش واحد ایسے شخص رہے ہیں جنھوں نے ہمارے نیوکلیائی توانائی پروگرام اور خلائی تحقیقی پروگرام میں بھی انقلابی تعاون دیا ہے۔ ستیش دھون کے بعد یو آر راؤ سے شروعات ہوئی اور کئی چیئرمین آئے۔ ان سبھی نے اپنا خاص تعاون اِسرو میں اور ہمارے خلائی پروگراموں میں دیا۔"
Published: undefined
اپنے پوسٹ کے آکر میں کانگریس لیڈر نے لکھا کہ "آج ہم جو کامیابی دیکھ رہے ہیں وہ ایک اجتماعی عزم، ایک اجتماعی کارگزاری ہے، اور جیسا کہ کہا جاتا ہے یہ ایک کلیکٹیو ٹیم ایفرٹ کا نتیجہ ہے۔ یہ سسٹم کا نتیجہ ہے۔ ایک شخص کا نہیں ہے۔ جہاں لوگ ایک ٹیم وَرک کے ساتھ، ایک اجتماعی ذہنیت کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ اور گزشتہ کچھ سالوں میں اِسرو کی جو پارٹنرشپ ہے، جو شراکت داری ہے- الگ الگ تعلیم کے ادارے ہیں، پرائیویٹ سیکٹر کی چھوٹی چھوٹی کمپنیاں ہیں، جنھیں آج اسٹارٹ اَپس کہتے ہیں، ان کے ساتھ جو شراکت داری کا پروگرام اِسرو کی طرف سے ہوا ہے- اس کا بھی اثر ہم دیکھ رہے ہیں۔ آج کا لمحہ ہمارے لیے بہت ہی فخر کا لمحہ ہے اور ہم اِسرو کو سلامی دیتے ہیں۔"
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined