کولکاتا واقع آر جی کر میڈیکل کالج و اسپتال میں زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری و قتل سے متعلق کیس پر سپریم کورٹ میں آج سماعت ہوئی۔ عدالت عظمیٰ نے جونیئر ڈاکٹر کی عصمت دری کے بعد قتل اور اسپتال میں ہوئی توڑ پھوڑ کے معاملے میں از خود نوٹس لیتے ہوئے یہ سماعت کی ہے۔ چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت والی بنچ میں جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا شامل رہے۔ بنچ نے اس معاملے پر سماعت کے دوران متاثرہ کی شناخت ظاہر ہونے پر فکر کا اظہار کیا اور پولیس جانچ سے لے کر آر جی کر میڈیکل کالج کے پرنسپل سندیپ گھوش کے کردار تک پر سوال اٹھائے۔
Published: undefined
سپریم کورٹ نے اس معاملے میں 8 رکنی ٹاسک فورس کی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے جس میں ایمس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم سرینواسن کے علاوہ کئی دیگر ڈاکٹرس کو شامل کیا گیا ہے۔ آج ہوئی سماعت کے دوران چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے ایک بات واضح لفظوں میں کہا کہ یہ صرف ایک قتل کا معاملہ نہیں ہے، ہمیں ڈاکٹروں کی حفاظت کی فکر ہے۔ بنچ نے کہا کہ خواتین تحفظ سے محروم ہو رہی ہیں۔ آخر ایسے حالات میں ڈاکٹر کس طرح کام کریں گے۔
Published: undefined
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ہم نے دیکھا ہے کئی مقامات پر ’ریسٹ روم‘ تک نہیں ہوتے۔ آج خواتین تیزی سے وَرک پلیس (ملازمت کے لیے) میں شامل ہو رہی ہیں۔ ان کی سیکورٹی یقینی کرنے اور بدلاؤ لانے کے لیے ہم مزید ایک عصمت دری کا انتظار نہیں کر سکتے۔ طبی پیشہ میں تشدد کا اندیشہ بڑھ گیا ہے اور مردوں کی بالادستی والی سوچ کے سبب خاتون ڈاکٹرس کو زیادہ ہدف بنایا جاتا ہے۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ ’’اگر خواتین کام پر نہیں جا پا رہی ہیں اور کام کرنے کا ماحول محفوظ نہیں ہے تو ہم انھیں مساوات سے محروم کر رہے ہیں۔ ہمیں کام کرنے کے محفوظ حالات کو یقینی بنانے کے لیے قومی پروٹوکول بنانے کی ضرورت ہے۔‘‘
Published: undefined
سپریم کورٹ نے آج سماعت کے دوران احتجاجی مظاہرہ کرنے والے ڈاکٹروں سے کام پر لوٹنے کی اپیل بھی کی۔ عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ہم سبھی طبی اہلکاروں کی حفاظت سے متعلق معاملے پر غور کر رہے ہیں، اس لیے ہم ملک بھر میں احتجاجی مظاہرہ کر رہے ڈاکٹروں سے گزارش کرتے ہیں کہ وہ کام پر لوٹ آئیں۔ اس مظاہرہ کی وجہ سے مریضوں کو علاج سے متعلق خدمات ملنے میں دقتیں پیش آ رہی ہیں۔ اس درمیان سپریم کورٹ نے اعلان کیا کہ وہ کولکاتا حادثہ کے بعد ڈاکٹروں کی حالت کو لے کر نیشنل ٹاسک فورس بنانے جا رہے ہیں۔ یہ ٹاسک فورس عدالت کی نگرانی میں کام کرے گی۔ سپریم کورٹ نے کولکاتا عصمت دری و قتل معاملے میں سی بی آئی سے 22 اگست تک اسٹیٹس رپورٹ بھی طلب کی ہے۔ ساتھ ہی سی بی آئی کو تین ماہ کے اندر اپنی جانچ پوری کر رپورٹ سونپنے کا بھی حکم صادر کیا ہے۔ علاوہ ازیں عدالت نے ٹاسک فورس کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنی رپورٹ تین ہفتے کے اندر پیش کرے۔
Published: undefined
آج ہوئی سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے زیر تربیت خاتون ڈاکٹر کی عصمت دری و قتل معاملے میں پولیس کی کارروائی پر ناراضگی کا اظہار کیا۔ عدالت نے پولیس سے متاثرہ کے کنبہ کو تاریکی میں رکھنے سے متعلق الزامات کو لے کر سوالات پوچھے۔ عدالت نے کہا کہ یہ ایک جرم کا معاملہ نہیں ہے، اس معاملے میں ایف آئی آر درج کرنے میں بھی تاخیر ہوئی۔ یہ اسپتال کی ذمہ داری تھی کہ وہ ایف آئی آر درج کرائے، لیکن دیر رات ایف آئی آر درج کرائی گئی۔ عدالت عظمیٰ نے پوچھا کہ اسپتال انتظامیہ اس معاملے میں آخر کر کیا رہا تھا؟ سرپرستوں کو بھی متاثرہ کی لاش کافی دیر بعد سونپی گئی۔ ساتھ ہی عدالت نے کہا کہ ایف آئی آر درج کرنے میں بلاوجہ تاخیر ہو رہی ہے۔ ریاست کو یہ یقینی کرنا چاہیے کہ توڑ پھوڑ کرنے والوں کو پکڑا جائے۔ ہم یہ سمجھ نہیں پا رہے ہیں کہ ریاستی حکومت اسپتال میں ہوئی توڑ پھوڑ کے معاملوں کو کیوں نہیں سنبھال پائی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined