نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کی قانونی جدوجہد میں پیر کو ایک اور بڑی کامیابی شامل ہو گئی جب چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی صدارت میں جسٹس جے پی پاردی والا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے مختلف ریاستوں، خصوصاً اتر پردیش حکومت کی جانب سے مدارس کے خلاف جاری کردہ تمام نوٹسوں پر روک لگا دی۔ عدالتی حکم میں کہا گیا ہے کہ جب تک عدالت کے ذریعہ نیا حکم جاری نہیں کر دیا جاتا تب تک مرکزی حکومت کے ذریعہ اس کے متعلق کوئی نوٹس یا حکم جاری نہیں کیا جائے گا۔ صوبوں کو چار ہفتے کے اندر اپنا موقف رکھنے کی ہدایت بھی عدالت نے دی ہے۔ سپریم کورٹ نے بچوں کے حقوق سے متعلق نیشنل کمیشن فار چائلڈ رائٹس (این سی پی سی آر) کی اس سفارش پر بھی روک لگا دی، جس میں مرکز اور صوبوں سے کہا گیا تھا کہ حق تعلیم ایکٹ (آر ٹی ای) سے مطابقت نہیں رکھنے والے تمام مدارس بند کر دیئے جائیں۔
Published: undefined
غور طلب ہے کہ اس معاملے میں بچوں کے حقوق سے متعلق این سی پی سی آر نے عدالت میں ایک حلف نامہ بھی داخل کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ مدارس میں بچوں کو مناسب تعلیم نہیں دی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا تھا کہ مدارس کا طریقہ کار بچوں کے بنیادی حقوق کے خلاف ہے۔ کمیشن نے کہا تھا کہ مدارس میں بچوں کو نہ صرف مناسب تعلیم بلکہ صحت مند ماحول اور ان کو بہتر غذائیت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے۔
Published: undefined
اتر پردیش میں مدارس کو جاری کیے گئے نوٹس میں حقائق کو پوری طرح نظر انداز کرتے ہوئے یہ دلیل دی گئی تھی کہ بچوں کے لئے مفت اور لازمی تعلیم ایکٹ 2009 کے تحت اگر مدرسہ غیر تسلیم شدہ ہے تو اسے بند کر دیا جانا چاہیے اور طلباء کو دوسری جگہ منتقل کر دیا جانا چاہئے۔ اس درمیان مدرسوں کے خلاف کاروائی شروع کی گئی، یہاں تک کہ بہت سے مدارس کو جبراً بند کر دیا گیا۔ اس سازش کو ناکام بنانے کے لیے مولانا ارشد مدنی کے حکم پر جمعیۃ علماء ہند نے 4 اکتوبر 2024 کو W.P.(C) نمبر، 000660/2024 والی ایک اہم درخواست عدالت میں دائر کی۔ اس میں ان تمام دعووں کو چیلنج کیا گیا تھا جو مدارس کے خلاف کیے گئے تھے۔ اس کیس میں وکیل آن ریکارڈ فضیل ایوبی ہیں جبکہ سینئر وکیل اندراجئے سنگھ مقدمہ کی پیروی کر رہی ہیں۔ اس عرضی پر عدالت نے متعلقہ فریقین سے وضاحت طلب کی تھی اور پیر کو چیف جسٹس کی صدارت میں سپریم کورٹ نے ایک واضح ہدایت سبھی کو جاری کی ہے۔
Published: undefined
جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے سپریم کورٹ کے اس فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حتمی فیصلہ بھی مدارس کے حق میں ہی آئے گا اور آئین کے احکامات کی خلاف ورزی کرنے والی قوتوں کو مایوسی ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ ملک کے اقلیتوں کو آئین میں جو خصوصی حقوق دیئے گئے تھے، انہیں اب چھیننے کی سازش رچی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئین کے آرٹیکل 30(1) کے تحت تمام اقلیتی تعلیمی اداروں کو ضمیر کی آزادی کا حق دیا گیا ہے۔ آرٹیکل 25 اور آرٹیکل 26 کے تحت اقلیتوں کو ان کے مذہبی تعلیمی اداروں کا انتظام اور کنٹرول کرنے کی مکمل آزادی دی گئی ہے۔
Published: undefined
مولانا مدنی نے 2014 میں سپریم کورٹ کی پانچ رکنی بنچ کے فیصلے کا بھی حوالہ دیا، جس میں کہا گیا تھا کہ تعلیم کا حق ایکٹ 2009 اقلیتوں کے زیر انتظام چلنے والے تعلیمی اداروں پر نافذ نہیں ہوگا۔ سازش کا انکشاف کرتے ہوئے مولانا مدنی نے کہا کہ جو لوگ مدارس کے خلاف یہ سب کر رہے ہیں وہ مدارس کے ماحول اور کردار سے بے خبر ہیں۔ ایسا قانون کی دفعہ 1(5) میں کہا گیا ہے کہ ایکٹ کی کوئی بھی شق مدرسوں، پاٹھ شالاؤں اور ایسے دیگر تعلیمی اداروں پر نافذ نہیں ہیں۔ مولانا مدنی کا کہنا ہے کہ فرقہ وارانہ طاقتیں تاریخ سے بھی ناواقف ہیں۔ یہ مدارس ہی ہیں، جب پوری ملک سو رہی تھی تب ملک کو غلامی سے آزاد کرانے کے لئے صدا بلند کی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ سازش کرنے والوں کو شکست دینے اور آئین کو بچانے کے لیے ہی ہم نے سپریم کورٹ کا رخ کیا، کیونکہ اگر یہ سازش کامیاب ہو گئی تو آئین ختم ہو جائے گا، اس کی حیثیت بے معنی کتاب کی طرح رہ جائے گی۔
Published: undefined
مولانا مدنی کا کہنا ہے کہ ہم فرقہ پرست طاقتوں کو یہ یقین دلانا چاہتے ہیں کہ اسلامی مدارس ملک کے آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر اپنا کام کر رہے ہیں۔ ان مدارس کی وجہ سے ملک میں اسلام کی ترقی ہو رہی ہے اور اسلام کا صحیح پیغام بھی پہنچ رہا ہے۔ لیکن بدقسمتی سے مدارس کے متعلق فرقہ وارانہ ذہنیت کی پالیسی مسلمانوں کے لیے تمام طرح کے مسائل کی وجہ بن رہی ہے، جمعیۃ علماء اپنے آئینی اور قانونی حق کا استعمال کرتے ہوئے عدالت گئی اور اس کا بہتر نتیجہ سامنے آیا۔ اخیر میں مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ ہم ملک کے آئین کی حفاظت کے لیے لڑ رہے ہیں، اس لئے کہ آئین بچے گا تبھی ملک بچے گا۔ اپنے اس نظریہ کی تکمیل کے لئے جمعیۃ علماء ہند آئندہ 3 نومبر کو نئی دہلی میں ایک بڑی تقریب ’آئین بچاؤ کانفرنس‘ کے نام سے منعقد کرے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز