سری نگر: پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی اور ایسٹ انڈیا کمپنی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستانی شہریوں کو شک کی نظر سے دیکھتی تھی ٹھیک اُسی طرح بی جے پی بھی ملک کے عوام پر شک کرتی ہے اور ان کی اسرائیلی سافٹ ویئر 'پیگاسس' کے ذریعے جاسوسی کرتی ہے۔
Published: undefined
محبوبہ مفتی نے بدھ کو یہاں اپنی جماعت کے 22 ویں یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'جس طرح ایسٹ انڈیا کمپنی نے ہندوستان پر حکومت کی تھی، اُسی طرح بی جے پی ملک پر حکومت کر رہی ہے۔ یہ لوگ ہر انسان پر شک کرتے ہیں'۔ انہوں نے اسرائیلی سافٹ ویئر 'پیگاسس' کا نام لئے بغیر کہا کہ 'اسرائیل مشینری بناتا ہے اور بی جے پی اس کا استعمال لوگوں پر نظر رکھنے کے لئے کرتی ہے۔ یعنی بی جے پی اور ایسٹ انڈیا کمپنی میں کوئی فرق نہیں ہے'۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ 'ایسٹ انڈیا کمپنی ہندوستان کے لوگوں کو شک کی نظر سے دیکھتی تھی اُسی طرح بی جے پی بھی ملک کے عوام کو شک کی نظر سے دیکھتی ہے'۔
Published: undefined
محبوبہ مفتی نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر بھارت زمین پر قبضے کرنے والے ملک چین سے بات چیت کر سکتا ہے تو پاکستان سے مذاکرات کرنے میں کیا حرج ہے۔ انہوں نے کہا کہ 'میں کہتی ہوں کرو پاکستان کے ساتھ بات چیت۔ سری نگر مظفرآباد اور پونچھ راولاکوٹ راستے کے ذریعے پھر سے تجارت شروع کرو۔ کیوں نہیں کرو گے؟' ان کا مزید کہنا تھا کہ 'آپ تو چین کے ساتھ روز بات کرتے ہو۔ وہ چین جس نے ہماری زمین پر قبضہ کیا ہے۔ آپ نہیں مانتے ہو تو میں کیا کروں؟ مگر قبضہ تو کیا ہے انہوں نے'۔
Published: undefined
محبوبہ مفتی نے کشمیری نوجوانوں سے بندوقیں نہ اٹھانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ 'کچھ لوگ چاہتے ہیں کہ یہاں کے زیادہ سے زیادہ نوجوان بندوق اٹھائیں تاکہ انہیں ظلم کرنے کا موقع ملے۔ اس لئے میں اپنے نوجوانوں سے گزارش کرتی ہوں کہ بندوق مت اٹھاؤ۔ مارے جاتے ہو اور پیچھے تمہارے ماں باپ رہ جاتے ہیں۔ آپ ہمت اور حوصلہ برقرار رکھو۔ اس وقت ہماری آواز کافی مضبوط ہے'۔
Published: undefined
انہوں نے کہا کہ 'ہمیں گاندھی جی سے سبق حاصل کرنا ہے۔ ہمیں لاٹھی نہیں اٹھانی ہے۔ گاندھی جی نے پرامن طریقے سے ظلم کے خلاف لڑا'۔ محبوبہ مفتی نے گزشتہ ماہ انتقال کرنے والے حریت رہنما محمد اشرف صحرائی کے فرزندان کی گرفتاری پر کہا کہ 'صحرائی صاحب جن کی حال ہی میں موت ہوئی، اُن کا اور ہمارے خیالات الگ تھے'۔ انہوں نے کہا کہ 'صحرائی صاحب کے دو بیٹوں پر پی ایس اے لگایا گیا کیوں کہ کسی نے اُن کے جلوس جنازہ میں نعرے لگائے تھے۔ یہ کونسا انصاف ہے؟'
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined