ناگالینڈ حکومت نے ریاست کے مون ضلع میں فوجی جوانوں کے ذریعہ مبینہ طور پر عام شہریوں کے قتل سے متعلق سپریم کورٹ کا رخ کیا ہے۔ معاملہ 2021 کا ہے اور ناگالینڈ حکومت نے ملزم 30 فوجی اہلکاروں پر مقدمہ چلانے کی منظوری نہ دیے جانے سے متعلق مرکزی حکومت کے فیصلہ کو چیلنج کیا ہے۔ ناگالینڈ حکومت کی عرضی پر اب سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت اور وزارت دفاع کو نوٹس جاری کر جواب طلب کیا ہے۔
Published: undefined
بتایا جاتا ہے کہ فوجی اہلکاروں پر الزام ہے کہ انھوں نے 2021 میں شورش پسند سمجھ کر 13 عام شہریوں کا قتل کر دیا تھا۔ اس معاملے میں چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ، جسٹس جے بی پاردیوالا اور جسٹس منوج مشرا کی بنچ نے پیر کے روز ریاستی حکومت کی دلیلوں پر غور کیا اور مرکز و وزارت دفاع کو نوٹس جاری کیا۔ ناگالینڈ کی عرضی پر اب سپریم کورٹ میں 3 ستمبر کو سماعت ہوگی۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال اپریل میں مرکزی حکومت نے ناگالینڈ کے مون ضلع واقع اوٹنگ میں منصوبہ بند طریقے سے کیے گئے حملہ میں مبینہ طور سے شامل فوجی اہلکاروں پر مقدمہ چلانے کی منظوری دینے سے انکار کر دیا تھا۔ ریاستی حکومت نے آئین کے آرٹیکل 32 کے تحت رِٹ پٹیشن داخل کی ہے۔ اس آرٹیکل کے تحت بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کا الزام عائد کرتے ہوئے عرضی داخل کی جا سکتی ہے۔ ناگالینڈ حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کے پاس میجر سمیت فوجی جوانوں کے خلاف پختہ ثبوت موجود ہیں، پھر بھی مرکزی حکومت نے منمانے طریقے سے ملزم فوجی اہلکاروں پر مقدمہ چلانے کی منظوری دینے سے انکار کر دیا ہے۔
Published: undefined
ریاستی حکومت کا کہنا ہے کہ فوج کی ٹیم نے کوئلہ کانکنوں کو لے جا رہے ایک بولیرو پِک اَپ وین پر بغیر کسی الرٹ کے یا ان سے اپنی شناخت بتانے کے لیے کہے بغیر گولیاں چلا دی تھیں۔ اس میں 13 عام شہری ہلاک ہو گئے تھے۔ حالانکہ فوجی اہلکاروں کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے مارے گئے لوگوں کی شناخت کر لی تھی کیونکہ وہ بندوق اور اسلحے لے جا رہے تھے۔ وہ گہرے رنگ کے کپڑے پہنے ہوئے تھے اور جلدی سے گاڑی میں کود گئے تھے۔ ایسے میں خطرے کو دیکھتے ہوئے انھوں نے گولیاں چلائیں۔ جولائی 2022 میں عدالت عظمیٰ نے ملزم فوجی اہلکاروں کی بیویوں کی عرضی کو پیش نظر رکھتے ہوئے جوانوں کے خلاف مقدمہ چلانے پر روک لگا دی تھی۔ دراصل اپنی عرضی میں فوجی اہلکاروں کی بیویوں نے دعویٰ کیا تھا کہ مرکز سے مقدمہ کے لیے ضروری اجازت لیے بغیر ان کے شوہروں پر ریاست کے ذریعہ مقدمہ چلایا جا رہا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز