اپنے ایک بیان کی وجہ سے معروف شاعر منور رانا مشکل میں پھنستے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ لکھنؤ کے حضرت گنج تھانہ میں ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے اور میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق انھیں کبھی بھی گرفتار کیا جا سکتا ہے۔ لیکن ان خبروں کے درمیان منور رانا نے اپنے بیان پر قائم رہنے کی بات کہی اور میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ ہمیشہ سچ بولنا پسند کرتے ہیں، چاہے اس کے لیے انھیں جیل ہی کیوں نہ جانا پڑے۔
Published: 02 Nov 2020, 8:11 PM IST
ایف آئی آر درج ہونے کے بعد منور رانا نے واضح لفظوں میں کہا کہ "ہمارے پاس جو قلم ہے وہ سچ لکھنے کے لیے ہے۔ پاجامہ میں کمر بند ڈالنے کے لیے نہیں۔" انھوں نے مزید کہا کہ ہم جیل جانا پسند کریں گے اور جیل میں ہی مرنا پسند کریں گے، لیکن اپنے بیان پر قائم رہیں گے۔ منور رانا نے ایف آئی آر درج کیے جانے پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ "مجھے اس کی آفیشیل جانکاری نہیں ہے، لیکن ایف آئی آر کرنے والی پولس بتائے کہ میری وجہ سے کہاں دنگا فساد ہو گیا، کس کے جذبات مجروح ہوئے؟ میں جیل جانے کو تیار ہوں، ضمانت بھی نہیں لوں گا۔"
Published: 02 Nov 2020, 8:11 PM IST
ایف آئی آر درج ہونے سے منور رانا اس قدر ناراض ہوئے ہیں کہ انھوں نے یوگی حکومت پر حملہ مزید تیز کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ "حکومت نے بہت چھوٹا الزام لگایا ہے، وہ تو مجھے ہاتھرس واقعہ میں فنڈنگ کا الزام بھی لگا سکتی ہے۔ وکاس دوبے کا سرغنہ اور خزانچی بھی بتا سکتی ہے۔" منور رانا کا کہنا ہے کہ کچھ شاعروں کو جب حکومت سے وظیفہ یا پیسہ چاہیے ہوتا ہے، وہ ایسے بیان کی مذمت کرتے رہتے ہیں۔ ہمیں حکومت سے کچھ نہیں چاہیے۔
Published: 02 Nov 2020, 8:11 PM IST
قابل ذکر ہے کہ منور رانا نے گزشتہ دنوں فرانس واقعہ کو لے کر بیان دیا تھا جو تنازعہ کا شکار بنا ہوا ہے۔ انھوں نے کہا تھا کہ پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم کا کارٹون بنا کر اس نوجوان کو اتنا مجبور کیا گیا کہ وہ کسی کا قتل کر بیٹھا۔ اگر اس طالب علم کی جگہ میں رہا ہوتا تو میں بھی قتل کر بیٹھتا۔ بات پیغمبر صاحب کی ہی نہیں ہے، کوئی اگر بھگوان رام کا متنازعہ کارٹون بناتا تو بھی میں یہی کرتا۔
Published: 02 Nov 2020, 8:11 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Nov 2020, 8:11 PM IST