مغربی ڈسٹربنس کے سبب پورے شمالی ہند کے موسم نے اپنا مزاج بدل لیا ہے۔ پیر کی صبح ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کی اونچی پہاڑیوں پر جہاں موسم کی پہلی برف باری ہوئی، وہیں نشیبی علاقوں میں بارش کی وجہ سے سردی نے دستک دے دی ہے۔ یوپی سمیت دیگر ریاستوں کے کئی اضلاع میں ہوئی بارش سے موسم میں اچانک تبدیلی دیکھی گئی۔ محکمہ موسمیات کی سائنسداں سوما سین کا کہنا ہے کہ شمال مغربی ہند میں ایک مغربی ڈسٹربنس فعال ہے، اس کی وجہ سے پورے علاقے میں بارش اور آندھی کے آثار ہیں۔ آنے والے دنوں میں پہاڑی علاقوں کے اوپری حلقوں میں برف باری اور نشیبی علاقوں میں بارش ہو سکتی ہے۔
Published: undefined
محکمہ موسمیات نے دہلی میں ہلکی بارش ہونے یا گرج کے ساتھ چھینٹیں پڑنے اور آسمان میں جزوی بادل چھائے رہنے کا اندازہ ظاہر کیا ہے۔ اس دوران کم از کم درجہ حرارت 20 ڈگری سلسیس اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32 ڈگری کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔ این سی آر کے حالات بھی کچھ ایسے ہی بتائے جا رہے ہیں۔ موسم میں کچھ سردی کا احساس بھی ہونے لگا ہے۔
Published: undefined
ہماچل میں لاہول، کلو، کنور، دھرمشالہ اور چنبا کی اونچی چوٹیاں سفید چادر سے ڈھک گئی ہیں۔ شملہ کے نارکنڈا کے پاس ہاٹو پیک، سرمور کے چوڑدھار اور منڈی کے شکاری دیوی میں بھی برف باری ہوئی ہے۔ دوسری طرف اتراکھنڈ میں کیدارناتھ مندر سمیت کیدارپوری اور بدری ناتھ دھام کی چوٹیوں پر ژالہ باری کی خبر ہے۔ علاوہ ازیں نشیبی علاقوں جوشی مٹھ، گوپیشور، پوکھری، نندانگر، پیپل کوٹی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش اور کچھ جگہ ژالہ باری بھی ہوئی۔
Published: undefined
ہریانہ میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ کہیں 15 ایم ایم تو کہیں 17 ایم ایم بارش ہوئی ہے۔ ہریانہ کے فتح آباد میں پہلے تیز آندھی اور پھر گرج کے ساتھ بجلی چمکتی رہی۔ کچھ ہی دیر میں ضلع ہیڈکوارٹر کے شہری علاقے میں 15 ایم ایم بارش ہوئی۔ اس سے شہر میں کئی جگہ آبی جماؤ کا مسئلہ بھی پیدا ہو گیا۔ علاوہ ازیں اناج منڈیوں میں کھلے میں رکھی دھان کی فصل بھی بھیگ گئی۔ دوسری طرف پنجاب میں بھی موسم بدل گیا ہے۔ کئی علاقوں میں بارش ہوئی ہے۔ لدھیانہ میں صبح سات بجے اتنے بادل چھائے کہ لگا رات ہو گئی ہے۔ سیاہ بادل کے ساتھ ساتھ تیز ہوائیں اور آندھی بھی چلی۔ اس میں سب سے زیادہ پریشانی اسکول جانے والے بچوں کو ہوئی۔ اس کے بعد تیز بارش اور ساتھ چلتی ٹھنڈ ہواؤں نے درجہ حرارت میں گراوٹ لا دی۔ موگا، مکتسر، نواں شہر، جالندھر اور فرید کوٹ میں بھی بارش ہوئی ہے۔
Published: undefined
کچھ دیگر ریاستوں میں بھی بارش اور تیز ہواؤں نے موسم کو سرد کر دیا ہے۔ اتر پردیش میں اتوار کو دو مغربی ڈسٹربنس فعال ہونے کے سبب میرٹھ سمیت مغربی اتر پردیش کے ضلعوں میں بارش ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی درجہ حرارت میں گراوٹ بھی آ گئی اور نوراتر سے ہی گلابی ٹھنڈ شروع ہو گئی۔ میرٹھ سمیت مغربی یوپی کے کئی اضلاع میں بارش سے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔ سہارنپور ضلع میں تو ژالہ باری کی بھی خبر ہے۔ بجنور اور مظفر نگر میں تیز بارش جاری رہنے کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز