حیدرآباد: امت مسلمہ کو عبادات کے ساتھ نبی کریمؐ کی سماجی زندگی کو اپنی زندگیوں میں ڈھالنے کی ضرورت ہے۔ نبی کریم ؐ کی ذات اقدس ہی واحد ایسی ذات ہے جس سے تعلق ایمان کی ضمانت دے سکتی ہے۔ حضور اکرمؐ سے دوری ایمان کا خاتمہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مولانا شمیم الزماں قادری (بنگال) نے کل ہند بزم رحمت عالم کے مرکزی جشن میلاد النبیؐ و انٹرنیشنل پیس ایوارڈ سے کیا۔ قبل ازیں مولانا شمیم الزماں قادری نے بزم کی جانب سے پہلی مرتبہ ایک روزہ اردو،عربی خطاطی کی نمائش کا بھی افتتاح کیا جس میں مشہور و معروف خطاط انل کمار چوہان کی فن خطاطی کے نمونوں کو پیش کیا گیا۔
Published: undefined
جاریہ سال بزم کی جانب سے انٹرنیشنل پیس ایوارڈ مشہور و معروف خطاط انل کمار چوہان کو دیا گیا جنہوں نے فن خطاطی کے نمونوں کو پیش کرتے ہوئے ایک بہترین مثال پیش کی۔ جلسہ کا آغاز محمد ساجد احمد قادری کی قرات کلام پاک سے ہوا۔ صدر بزم و سینئر ایڈوکیٹ ہائی کورٹ جناب ایم اے مجیب نے جلسہ کی صدارت کی۔ اس موقع پر ساجد خان، مصطفی خان، مفتی وسیم، بنڈی رمیش جنرل سکریٹری ٹی آر ایس اور دیگر موجود تھے۔
Published: undefined
مولانا شمیم الزماں قادری نے سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہا کہ قرآن مجید واحد ایسی کتاب ہے جو دنیا میں سب سے زیادہ پڑھی اور طبع کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ؐکی حیات مبارکہ کو سمجھنے کے لئے ہمیں حیات طیبہ کا مطالعہ کرنے کی ضرورت ہے۔ مولانا نے انل کمار چوہان کی خدمات کی ستائش کی اور کہا کہ ایک غیر مسلم شخص نے اسلامی تعلیمات سے متاثر ہوکر قرآنی آیات کو بہترین انداز میں تحریر کیا ہے جو قابل ستائش ہے۔ مولانا شمیم الزماں قادری نے کہا کہ دنیا کے مشہور و معروف سائنسداں اور غیرمسلم افراد محسن انسانیت حضوراکرمؐ کی تعلیمات سے کافی متاثر ہیں۔
Published: undefined
مفتی صلاح الدین نے اپنے خطاب میں نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہو جائیں اسی سے کامیابی و کامرانی حاصل ہوتی ہے۔ مولانا نے کہا کہ حضور اکرمؐ کی آمد کے ساتھ ہی کفر کا خاتمہ ہوگیا۔ ہر طرف روشنی ہی روشنی بکھر گئی۔ آج ضرورت اس بات کی ہے مسلمان اپنے گھروں میں دینی ماحول پیدا کریں اور اٹھتے بیٹھتے حضور اکرمؐ کی حیات طیبہ کو سامنے رکھتے ہوئے زندگی گزاریں۔ جناب ایم اے مجیب صدر بزم رحمت عالم نے کہا کہ کل ہند بزم رحمت عالم ایک غیر سیاسی تنظیم ہے جس کا منشاء و مقصد انسانیت کی خدمت اور صالح معاشرہ کی تشکیل کو یقینی بنانا ہے۔ بزم کے زیر اہتمام ہر سال عید میلاد النبیؐ کے موقع پر جشن منعقد کیا جاتا ہے اور رحمت عالم انٹرنیشنل پیس ایوارڈ عطا کیا جاتا ہے۔
Published: undefined
انل کمار چوہان ماہر خطاط نے نعت شریف کا نذرانہ پیش کیا اور اپنے مختصر سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے 100 سے زائد مساجد میں بلامعاوضہ قرآنی آیات اور اسمائے مبارک تحریر کئے ہیں اور بارگاہوں اور خانقاہوں میں بھی اپنے فن کے نقوش چھوڑے ہیں۔ جناب سرفراز صدیقی نمائندہ کارپوریٹر احمد نگر ڈیویژن نے کہا کہ حضور اکرمؐ تمام عالم کے لئے رحمتہ العالمینؐ بناکر مبعوث کئے گئے ہیں۔ انہوں نے آپؐ کی تعلیمات پر عمل کرنے کی نوجوانوں کو تلقین کی۔ سینکڑوں شرکاء نے انل کمار چوہان کے فن کا مشاہدہ کیا اور انہیں داد و تحسین پیش کی۔ غیر مسلم شرکاء نے بھی نمائش کا مشاہدہ کیا اور انل کمار چوہان کے فن پر رشک کیا۔ صبح دس بجے نمائش کا آغاز عمل میں آیا اور نمائش پانچ بجے شام اختتام کو پہنچی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined