مہاراشٹر اور جھارکھنڈ میں ہوئے اسمبلی انتخابات کا نتیجہ تھوڑی دیر میں آن شروع ہو جائے گا۔ مہاراشٹر کی 288 اسمبلی سیٹوں اور جھارکھنڈ کی 81 اسمبلی سیٹوں پر ہوئی ووٹنگ کے بعد سبھی امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ای وی ایم میں قید ہے اور سبھی کی دھڑکنیں تیز ہونی یقینی ہے۔ آج صبح جب 8 بجے دونوں ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی شروع ہوگی تو یہ دھڑکنیں مزید تیز ہو جائیں گی کیونکہ مہاراشٹر کے ساتھ ساتھ جھارکھنڈ میں بھی انڈیا اتحاد اور این ڈی اے اتحاد کے درمیان سخت مقابلے کی امید کی جا رہی ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
مہاراشٹر اور جھارکھنڈ دونوں ہی ریاستوں میں ووٹ شماری مراکز پر سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ انتخابی افسران نے سبھی ووٹ شماری مراکز کا دورہ کر حالات کا جائزہ بھی لے لیا ہے اور ضروری ہدایات ووٹ شماری کے لیے مقرر کیے گئے اہلکاروں کو دے دی گئی ہیں۔ کانگریس، بی جے پی، این سی پی-ایس پی، شیوسینا یو بی ٹی، جے ایم ایم و دیگر پارٹیوں نے اپنے اپنے امیدواروں اور ووٹ شماری مراکز کے لیے مقرر کیے گئے ایجنٹس کو پوری طرح مستعد رہنے کی ہدایت بھی دے دی ہے۔ خاص طور سے مہاراشٹر میں انڈیا بلاک کی پارٹیوں نے ووٹ شماری پر گہری نظر رکھنے کی بات کہی ہے تاکہ کسی طرح کا گھوٹالہ نہ ہو۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
قابل ذکر ہے کہ صرف مہاراشٹر اور جھارکھنڈ اسمبلی انتخابات کے نتائج ہی کل برآمد نہیں ہوں گے، بلکہ 4 ریاستوں کی 48 اسمبلی سیٹوں اور 2 لوک سبھا سیٹوں پر ہوئے ضمنی انتخاب کا نتیجہ بھی تھوڑی دیر میں آنا شروع ہو جائے گا۔ کن ریاست کی کن سیٹوں کے لیے ہوئے ضمنی انتخاب کا نتیجہ کل برآمد ہوگا۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
اتر پردیش میں خالی 10 اسمبلی سیٹوں میں سے 9 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب 20 نومبر کو ہوا تھا جس کے لیے ووٹوں کی گنتی کل ہونی ہے۔ ان سیٹوں میں کرہل، سیسامئو، کٹیہری، کندرکی، غازی آباد، میراپور، مجھواں، پھول پور اور کھیر شامل ہیں۔ یہاں براہ راست مقابلہ این ڈی اے اور انڈیا اتحاد کے درمیان ہے۔ بی ایس پی بھی مقابلے میں ہے لیکن امید کم ہی ہے کہ اس کے امیدوار کچھ خاص کر سکیں گے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
پنجاب میں 4 اسمبلی سیٹوں گدڑباہا، ڈیرا بابا نانک، چبے والا، برنالا پر ضمنی انتخاب ہوا ہے۔ عآپ اور کانگریس نے ان سبھی سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔ بی جے پی نے 3 سیٹوں پر اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
کیرالہ میں دو اسمبلی سیٹوں پلکڑ اور چیلکرا پر ضمنی انتخاب ہوا ہے۔ علاوہ ازیں ایک لوک سبھا سیٹ وائناڈ پر بھی ضمنی انتخاب ہوا۔ وائناڈ سیٹ کانگریس لیڈر راہل گاندھی کے استعفیٰ کے بعد خالی ہوا تھا۔ اس سیٹ پر کانگریس نے پرینکا گاندھی کو اپنا امیدوار بنایا ہے اور سبھی کی نظریں اس سیٹ کے نتیجہ پر مرکوز ہے۔ یہاں پرینکا گاندھی کا اصل مقابلہ سی پی ایم-ایل ڈی ایف سے ہے۔ بی جے پی بھی انتخابی میدان میں ہے، لیکن یہاں اس کی گرفت بہت کمزور ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
اتراکھنڈ میں بدری ناتھ اور منگلور اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہوئے ہیں۔ بدری ناتھ سیٹ خالی ہوا کیونکہ کانگریس رکن اسمبلی راجندر بھنڈاری نے بی جے پی میں شامل ہونے کے بعد اپنی رکنیت سے استعفیٰ دے دیا۔ بی جے پی نے ضمنی انتخاب میں راجندر بھنڈاری کو ہی اپنا امیدوار بنایا ہے۔ اتراکھنڈ کی دونوں اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی اور کانگریس کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
مہاراشٹر میں اسمبلی انتخاب کے ساتھ ساتھ 1 لوک سبھا سیٹ پر ضمنی انتخاب بھی ہوا ہے۔ وہ لوک سبھا سیٹ ناندیڑ ہے جہاں سے کانگریس رکن پارلیمنٹ وسنت راؤ بلونت راؤ چوہان کا انتقال ہو گیا۔ یہاں کانگریس نے وسنت راؤ کے بیٹے رویندر چوہان کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی نے اس سیٹ پر سابق رکن پارلیمنٹ پرتاپ راؤ چکھلیکر کو میدان میں اتارا ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
راجستھان میں 7 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخاب ہوا ہے جن میں جھنجھنو، دوسا، دیولی-انیارا، کھینوسر، چوراسی، سلومبر، رام گڑھ شامل ہیں۔ ان میں 5 سیٹیں اراکین اسمبلی کے لوک سبھا رکن بننے کے سبب خالی ہوئی ہیں، جبکہ 2 سیٹیں اراکین اسمبلی کے انتقال کے سبب خالی ہوئیں۔ کانگریس نے سبھی 7 سیٹوں پر اپنے امیدوار اتارے ہیں۔ کانگریس کا مقابلہ براہ راست بی جے پی سے ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
آسام میں بیہالی، ڈھولائی، ساماگوڑی، بونگائی گاؤں اور سدولی اسمبلی سیٹ کے لیے ضمنی انتخاب ہوئے ہیں۔ ان سیٹوں پر بھی کانگریس اور بی جے پی کے درمیان براہ راست مقابلہ ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
میگھالیہ کے 2024 ضمنی انتخاب میں گمبیگرے اسمبلی سیٹ کافی موضوع بحث رہی۔ یہ ضمنی انتخاب اس لیے ہوا کیونکہ سابق رکن اسمبلی سالینگ اے سنگما نے لوک سبھا کے لیے منتخب ہونے کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس سیٹ کے لیے اہم دعویداروں میں این پی پی کی امیدوار مہتاب چاندی سنگما (وزیر اعلیٰ کانراڈ سنگما کی بیوی)، ترنمول کانگریس کی سدھیارانی ایم سنگما، کانگریس کے جنگجانگ مارک اور بی جے پی کے برنارڈ مارک شامل ہیں۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
سکم میں 2024 کے ضمنی انتخاب میں 2 اہم انتخابی حلقوں سورینگ-چکنگ اور نامچی-سنگی تھانگ میں 13 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے۔ یہ انتخاب وزیر اعلیٰ پریم سنگھ تمانگ اور ان کی بیوی کرشنا کماری رائے کے ذریعہ اپنے متعلقہ انتخابی حلقوں کو خالی کرنے کے بعد ہوا۔ وزیر اعلیٰ نے 2 سیٹوں پر کامیابی کے بعد ریناک سیٹ کو اپنے پاس رکھا، جبکہ ان کی بیوی نے نامچی سیٹ چھوڑی۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
مدھیہ پردیش میں 2024 کے ضمنی انتخاب 2 اسمبلی سیٹوں بدھنی اور وجئے پور کے لیے ہوئے ہیں۔ بدھنی سیٹ اس لیے خالی ہوئی کیونکہ سابق وزیر اعلیٰ اور رکن اسمبلی شیوراج سنگھ چوہان لوک سبھا کے لیے منتخب ہو گئے۔ دوسری طرف وجئے پور سیٹ کانگریس رکن اسمبلی رام نواس راوت کے بی جے پی میں شامل ہونے اور وزیر بننے کے بعد خالی ہوئی۔ بدھنی سیٹ سے بی جے پی نے راماکانت بھارگو کو میدان میں اتارا ہے، جبکہ کانگریس سے راج کمار پٹیل امیدوار ہیں۔ وجئے پور سے بی جے پی نے رام نواس راوت کو کھڑا کیا ہے جبکہ کانگریس نے سینئر قبائلی لیڈر مکیش ملہوترا کو ٹکٹ دیا ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
چھتیس گڑھ میں رائے جنوب اسمبلی سیٹ پر 13 نومبر کو ووٹ ڈالے گئے۔ یہ سیٹ بی جے پی کے برج موہن اگروال کے لوک سبھا انتخاب جیتنے کے بعد خالی ہوئی تھی۔ اس انتخاب میں بی جے پی نے سنیل سونی کو اپنا امیدوار بنایا ہے، جبکہ کانگریس نے آکاش شرما کو میدان میں اتارا ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
کرناٹک میں 3 اسمبلی سیٹوں چنّپٹنا، شگ گاؤں اور سندور پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔ چنّپٹنا میں سابق وزیر اعظم ایچ ڈی دیوگوڑا کے پوتے اور جے ڈی ایس لیڈر ایچ ڈی کمارسوامی کے بیٹے نکھل کمارسوامی کا کانگریس امیدوار سی پی یوگیشور سے مقابلہ ہوا، وہیں شگ گاؤں سیٹ بی جے پی کے لیے وقار کی لڑائی بن گئی ہے جہاں سے بھارت بومئی بی جے پی امیدوار ہیں۔ سندور سیٹ پر کانگریس اور بی جے پی کے درمیان قریبی مقابلہ کی امید کی جا رہی ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
مغربی بنگال میں 6 اسمبلی سیٹوں پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔ یہ سیٹیں ہیں سیتائی، مداری ہاٹ، نوہاٹی، ہرووا، میدنی پور اور تال ڈانگرا۔ ان میں سے 5 سیٹیں پہلے ترنمول کانگریس کے پاس تھیں اور مداری ہاٹ سیٹ بی جے پی کا قلعہ تصور کیا جاتا ہے۔ یہاں ممتا بنرجی کی پارٹی ترنمول کانگریس نے سبھی 6 سیٹوں پر امیدوار اتارے ہیں۔ بی جے پی کا دعویٰ ہے کہ اس نے مداری ہاٹ اور دیگر سیٹوں پر ترنمول کانگریس کو سخت ٹکر دی ہے۔ سی پی آئی (ایم) اور کانگریس 2021 کے بعد پہلی مرتبہ ان سیٹوں پر الگ الگ انتخاب لڑتے دکھائی دیے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST
بہار میں اسمبلی کی 4 سیٹوں تراری، رام گڑھ، امام گنج اور بیلا گنج پر ضمنی انتخابات ہوئے ہیں۔ یہ سیٹیں اراکین اسمبلی کے اراکین پارلیمنٹ بننے کے بعد خالی ہوئی ہیں۔ امام گنج سے جیتن رام مانجھی اور بیلا گنج سے سریندر یادو رکن پارلیمنٹ بنے۔ امام گنج میں این ڈی اے سی دیپا مانجھی اور مہاگٹھ بندھن سے روشن مانجھی امیدوار ہیں۔ بیلاگنج میں آر جے ڈی کے رکن پارلیمنٹ سریندر یادو کے بیٹے بیدناتھ یادو اہم امیدوار ہیں۔ سبھی 4 اسمبلی سیٹوں پر این ڈی اے اور مہاگٹھ بندھن کے درمیان سخت مقابلے کی امید ہے۔
Published: 22 Nov 2024, 11:41 PM IST