لوک سبھا انتخاب کے آخری مرحلہ میں یو پی میں 19 مئی کو پوروانچل کی 13 سیٹوں کے لیے ووٹ پڑیں گے۔ اس مرحلہ میں وزیر اعظم نریندر مودی وارانسی سیٹ سے میدان میں ہیں۔ وہیں پی ایم مودی کے خلاف تال ٹھونکنے والے تلنگانہ کے کئی کسانوں کی نامزدگی رد ہو چکی ہے۔ اتنا ہی نہیں نظام آباد سے 54 کسان وارانسی میں پی ایم مودی کے خلاف انتخاب لڑنے پہنچے تھے، ان میں سے 25 کسان ایسے ہیں جو کہ نامزدگی ہی نہیں کر پائے۔ ان میں سے ایک ہیں ہلدی کسان سناپو اشتاری۔ پریشان سناپو خوف کے مارے وارانسی سے لوٹ چکے ہیں لیکن لوٹنے کے ساتھ ہی انھوں نے انتظامیہ پر کئی سنگین سوال اٹھائے ہیں۔
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST
سناپو نے بتایا کہ انھیں وارانسی میں کافی دقتوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انھوں نے کہا کہ جب وہ انتخاب لڑنے کے لیے وارانسی پہنچے تو انھیں مقامی الیکٹورل افسران سے کوئی تعاون نہیں ملا۔ مقامی الیکٹورل افسران پہلے تو دفتر تاخیر سے پہنچے پھر انھوں نے نامزدگی قبول کرنے میں تاخیر کی۔ اتنا ہی نہیں، نامزدگی کو لے کر کئی سوال بھی اٹھائے۔
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST
سناپو نے مزید بتایا کہ ’’بینکوں میں افسران نے ہمارے ذریعہ جمع کی گئی (گارنٹی) رقم کی رسید دینے میں تاخیر کی۔ حالات یہ تھے کہ پولس اور انٹلیجنس بیورو کے افسران نے ہر جگہ ہمارا پیچھا کیا۔ انھوں نے ہمارے کمروں تک کی تلاشی لی اور ہمیں دھمکایا بھی۔ مقامی بی جے پی لیڈروں نے بھی ہمیں مودی کے خلاف انتخاب نہ لڑنے کے لیے دھمکایا۔‘‘
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST
سناپو اپنے اور اپنے ساتھی کسانوں کے مسائل کا تذکرہ کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ’’نظام آباد کے ہلدی کسان نریندر مودی کی مخالفت نہیں کرنا چاہتے۔ ہم نے تو ہلدی بورڈ بنانے کا مطالبہ کیا اور اس طرف پی ایم کی توجہ دلانا چاہتے تھے۔ ہم چاہتے تھے کہ مودی اس بارے میں جانیں۔ لیکن لوگوں نے اسے دوسرے طریقے سے لے لیا۔‘‘
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST
دوسری طرف یو پی کے ایڈیشنل چیف الیکٹورل افسر برہما دیو رام تیواری نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ کسانوں کا پرچہ نامزدگی اس لیے رَد کیا گیا ہے کہ انھیں نامزدگی داخل کرنے کے وقت تکنیکی پہلوؤں کی جانکاری نہیں تھی۔ افسر نے آگے کہا کہ کسی کو نامزدگی داخل کرنے سے نہیں روکا گیا۔
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST
واضح رہے کہ سناپو اشتاری ناخواندہ ہیں اور تلنگانہ کے یرگاتلا گاؤں کے رہنے والے ہیں۔ ان کی فیملی کے پاس 5 ایکڑ زمین ہے، جو ہلدی اور دھان کی زراعت کرتا ہے۔ وارانسی میں 74 سال کے سناپو اشتاری پی ایم مودی کے خلاف امیدوار بننے میں کامیاب رہے۔ اس کے باوجود سناپو اب وارانسی چھوڑ کر تلنگانہ کے نظام آباد لوٹ چکے ہیں۔
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 May 2019, 10:10 AM IST