مانک ساہا کو ایک بار پھر سے تریپورہ کا وزیر اعلیٰ بنانے کا فیصلہ لیا گیا ہے۔ پیر کے روز بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں انھیں قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا، اور اس کے ساتھ ہی وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر ’تریپورہ کا ٹینشن‘ بھی ختم ہو گیا۔ ساہا کے نام کی تجویز مرکزی وزیر پرتیما بھومک نے پیش کی۔ وزیر اعلیٰ کی ریس میں بھومک کا نام بھی چل رہا تھا، لیکن اب سبھی طرح کی قیاس آرائیوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے مانک ساہا کے نام پر ہی سبھی نے اتفاق کا اظہار کیا۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ یہ مانک ساہا کا وزیر اعلیٰ کی شکل میں لگاتار دوسری مدت کار ہوگی۔ بی جے پی نے 60 رکنی اسمبلی میں اس مرتبہ 32 سیٹیں جیت کر واضح اکثریت حاصل کر لی ہے، جبکہ اس کی ساتھی پارٹی انڈیجنس پیپلز فرنٹ آف تریپورہ (آئی پی ایف ٹی) کو ایک سیٹ پر ہی اکتفا کرنا پڑا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ تریپورہ اسمبلی کے لیے 16 فروری کو ہوئے انتخاب کا نتیجہ گزشتہ 2 مارچ کو سامنے آیا تھا۔ نتائج برآمد ہونے کے بعد تریپورہ کے وزیر اعلیٰ مانک ساہا نے گورنر کو اپنی حکومت کا استعفیٰ سونپ دیا تھا۔ اس کے بعد تریپورہ کے وزیر اعلیٰ کے نام کو لے کر بی جے پی میں غور و خوض شروع ہو گیا تھا۔ اتوار کے روز دہلی میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی رہائش پر بی جے پی صدر جے پی نڈا، آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما سمیت دیگر سینئر لیڈروں کی میٹنگ بھی ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ میٹنگ میں مرکزی وزیر پرتیما بھومک کے نام پر بھی غور کیا گیا تھا، لیکن مرکزی قیادت مانک کے حق میں نظر آئی۔
Published: undefined
بہرحال، پارٹی کے اندرونی ذرائع کا کہنا ہے کہ مانک ساہا ابھی تک تنازعات میں نہیں رہے ہیں اور وہ قبائلی علاقوں کے ساتھ خیرسگالی والا رشتہ بنانے میں اہم کردار نبھا سکتے ہیں۔ نئی حکومت کی حلف برداری تقریب 8 مارچ کو طے ہے۔ اس میں شمولیت کے لیے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور بی جے پی صدر جے پی نڈا منگل کی شام اگرتلہ پہنچنے والے ہیں۔ وزیر اعظم مودی بھی حلف برداری تقریب میں شرکت کر سکتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز