مشہور و معروف صحافی شیتلا سنگھ کا 16 مئی کو 94 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا، اور اس کے ساتھ ہی صحافت کے ایک سنہری باب کا بھی خاتمہ ہو گیا۔ ہندی روزنامہ ’جَن مورچہ‘ کے چیف ایڈیٹر اور سینئر صحافی شیتلا سنگھ کے انتقال نے صحافی طبقہ کو ایک شدید جھٹکا دیا، کیونکہ ان جیسا ذمہ دار، بے خوف اور اصول پسند صحافی اب دور دور تک نظر نہیں آتا۔ انھوں نے ہندوستانی سیاست کے سب سے اہم واقعہ بابری مسجد انہدام اور رام جنم بھومی پر ایک کتاب لکھی تھی، جو ان کے صحافتی شعور کے ساتھ ساتھ ’حقیقت بیانی‘ کو لے کر ان کی جدوجہد کی غمازی کرتا ہے۔ اس کتاب میں شیتلا سنگھ نے بابری مسجد کا سچ بلاجھجک بیان کیا تھا۔
Published: undefined
شیتلا سنگھ نے بابری مسجد پر جو کتاب لکھی تھی اس کا نام تھا ’ایودھیا: رام جنم بھومی-بابری مسجد کا سچ‘۔ اس کتاب کو آج بھی لوگ مآخذ کی حیثیت سے جانتے ہیں۔ جب ایک صحافی نے شیتلا سنگھ سے سوال کیا تھا کہ آپ نے اپنی کتاب میں کون سے سچ کا انکشاف کیا ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا تھا ’’میں نے اس سچائی کی تفصیل بیان کی ہے جس میں مسلم سماج کے لیڈر رام مندر کی تعمیر کے لیے پیش قدمی کر رہے تھے، لیکن آر ایس ایس اپنے سیاسی فائدے کے لیے ایسا نہیں ہونے دے رہا تھا۔‘‘
Published: undefined
بہرحال، شیتلا سنگھ اور ہندی روزنامہ ’جَن مورچہ‘ ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم تھے۔ اس اخبار کا آغاز 1958 میں فیض آباد میں ہوا تھا۔ شروع میں یہ ہفتہ وار اخبار بلیٹن کی شکل میں نکالا گیا تھا، لیکن بعد میں اسے روزنامہ کی شکل دے دی گئی۔ اس کے بانی مجاہد آزادی مہاتما ہرگووند تھے، اور ان کے بعد اخبار کی ادارتی ذمہ داری شیتلا سنگھ نے سنبھالی۔ انھوں نے تقریباً 53 سالوں تک اس کی ادارت کی، اور ’جن مورچہ‘ کے مدیر کرشن پرتاپ سنگھ نے اپنے تعزیتی مضمون میں لکھا ہے کہ منگل کے روز جب ان کا انتقال ہوا، تو اس روز صبح میں وہ اخبار کے دفتر پہنچے تھے۔ یہ کام کے تئیں ان کی ذمہ داری اور عزائم کا اظہار ہے۔
Published: undefined
بہرحال، شیتلا سنگھ کے انتقال پر یوپی ورکنگ جرنلسٹ یونین (یوپی ڈبلیو جے یو) نے شدید غم کا اظہار کیا ہے۔ یونین کے سربراہ ٹی بی سنگھ نے کہا کہ شیتلا سنگھ ریاست ہی نہیں بلکہ پورے ملک کے صحافیوں کے لیے ایک مثال تھے۔ شیتلا سنگھ نے پوری زندگی جمہوری اقدار کی حفاظت کے لیے جنگ لڑی اور صحافیوں کے مفادات میں ہمیشہ آگے بڑھ کر کام کرتے رہے۔
Published: undefined
شیتلا سنگھ کے انتقال کی خبر ملنے پر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے بھی منگل کے روز ہی شدید رنج و غم کا اظہار کیا تھا۔ انھوں نے سوشل میڈیا پر کیے گئے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’سینئر صحافی اور ’جن مورچہ‘ اخبار کے چیف ایڈیٹر شری شیتلا سنگھ جی کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔ شیتلا سنگھ جی ہندی صحافت کے ایسے مضبوط ستون تھے جنھوں نے ہمیشہ جمہوریت اور مفاد عامہ کو سب سے اوپر رکھا اور کبھی اپنے اصولوں سے سمجھوتہ نہیں کیا۔ ان کے جانے سے صحافتی دنیا کو ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے۔ ایشور ان کی روح کو سکون دے۔ غمزدہ اہل خانہ کے تئیں میری گہری ہمدردی۔‘‘
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز