قومی خبریں

عدالت نے دہلی فساد میں ناحق ماخوذ 6 مسلمانوں کو باعزت بری کر دیا

جمعیۃ علماء ہند کے وکیلوں نے مقدمات کی پیروی کی۔ صدر جمعیۃ علماء ہند نے وکیلوں کی کامیاب پیروی کی ستائش کی اور انصاف ملنے پر مسرت کا اظہار کیا

دہلی فسادات، فائل فوٹو
دہلی فسادات، فائل فوٹو 

نئی دہلی: ایک اہم قانونی پیش رفت میں دہلی کی کڑکڑڈومہ کورٹ نے دہلی فساد 2020 سے جڑے ایک اہم مقدمہ میں تمام 6 ملزمان کو باعزت بری کر دیا ہے۔ مقدمے میں ملزمان پر ہنگامہ آرائی، چوری، توڑ پھوڑ اور آتش زنی جیسے سنگین الزامات عائد تھے۔ ملزمان ہاشم علی، ابو بکر، محمد عزیز، راشد علی، نجم الدین عرف بھولا، اور محمد دانش پر تعزیرات ہند کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ یہ مقدمہ کراول نگر تھانہ میں درج کیا گیا تھا۔

Published: undefined

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی کی ہدایت پر جمعیۃ کے وکیل ایڈوکیٹ سلیم ملک ہاشم علی اور راشد علی کے مقدمے کی پیروی کر رہے تھے، جب کہ جمعیۃ کے دوسرے وکیل ایڈوکیٹ شمیم اختر ابو بکر کی پیروی کر رہے تھے۔ واضح رہے کہ ہاشم علی شیو وہار کی مدینہ مسجد کے متولی بھی ہیں، جس مسجد کو فسادیوں نے 6 سلنڈر لگا کر تباہ کر دیا تھا، اور ان کا گھر بھی جلایا گیا تھا۔ تاہم پولیس نے الٹا ان پر مقدمہ درج کر دیا تھا، جس پر عدالت نے شروع میں ہی تنقید کی۔

Published: undefined

استغاثہ نے الزام لگایا کہ ملزمان ایک ہجوم کا حصہ تھے جس نے مدعی کی جائیداد کو دہلی فساد میں تباہ کر دیا تھا۔ گواہ بشمول مدعی نریش چند اور ان کے بیٹے اُماکانت نے ملزمان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر کی تھی۔ اس کا دفاع کرتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند کے وکیل نے دلیل دی کہ ملزمان کے جرم میں ملوث ہونے کا کوئی براہ راست ثبوت نہیں ہے۔ انہوں نے گواہوں کی شناخت کی کمی کی نشاندہی کی اور کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیج اور کال ڈیٹیل ریکارڈز نے ملزمان کی شمولیت کو یقینی طور پر ثابت نہیں کیا ہے۔ نیز یہ ملزمان خود متاثرین میں شامل ہیں، ان کی مسجد اور گھر بار فسادیوں نے جلا دیا ہے، اس لیے ان کو انصاف کی تلاش ہے، یہ امر حیرت ہے کہ متاثرین کو ہی پولیس نے ملزم کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔

Published: undefined

عدالت نے تمام ثبوتوں کی سماعت کے بعد اپنے فیصلے میں کہا کہ کوئی بھی گواہ سی سی ٹی وی فوٹیج سے ملزمان کی واضح شناخت نہیں کر سکا۔ جج نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں ملزمان کی موجودگی کی تصدیق کے لیے سائنسی جانچ کی کمی پر تنقید کی، چنانچہ جج نے فیصلہ کیا کہ ملزمان کی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے لیے کوئی کافی ثبوت موجود نہیں ہے، اوراس لیے تمام الزامات بے بنیاد قرار دیے گئے اور عدالت نے ان لوگوں کو باعزت بری کر دیا۔

Published: undefined

اس فیصلے پر جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ یہ فیصلہ ایک بار پھر اس حقیقت کو واضح کرتا ہے کہ تحقیقاتی ایجنسیاں انصاف دلانے اوردہلی فساد کے اصل مجرموں کو بے نقاب کرنے میں ناکام رہی۔ مولانا مدنی نے کہا کہ فسادات میں اصل مجرموں کی شناخت ہونی چاہیے تاکہ ملک دشمن عناصر کے اگلے منصوبے کو روکا جا سکے۔ مولانا مدنی نے کہا کہ دہلی فساد کے سلسلے میں متعدد بار عدالتوں نے پولیس انتظامیہ اور تحقیقاتی ایجنسیوں کی کمی اور مجرمانہ غفلت کی شناخت کی ہے، لیکن پھر بھی کوئی خاطر خواہ تبدیلی نظر نہیں آئی۔ واضح رہے کہ جمعیۃ علماء ہند دہلی فساد کے سلسلے میں ڈھائی سے زائد مقدمات لڑ رہی ہے، اس سلسلے میں قانونی امور کی نگرانی ایڈوکیٹ نیاز احمد فاروقی کر رہے ہیں، جبکہ دہلی فساد متاثرین کی بازآبادکاری کا کام جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمد حکیم الدین قاسمی کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined