راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو نے بی جے پی پر سخت حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا صاحب بھیم راؤ امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کو مٹانے اور ختم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس نے محروم طبقات اور پسماندہ ذات کے لوگوں کو ریزرویشن دیا ہے۔ انہوں نے یہ باتیں سارن لوک سبھا حلقے میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کے دوران کہیں۔ وہ اس لوک سبھا سیٹ سے کئی بار خود بھی نمائندگی کر چکے ہیں، جہاں سے اس بار ان کی بیٹی روہنی آچاریہ اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔
Published: undefined
لالو پرساد یادو نے مرکز میں حکمراں بی جے پی پر حملہ کرتے ہوئے کہا کہ بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے ہوئے آئین کو مٹانے اور تباہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر آئین نہ ہوتا تو نہ ریزرویشن ہوتا اور نہ ہی جمہوریت۔ ہمیں ان لوگوں کو سبق سکھانا ہوگا جو آئین کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔ آر جے ڈی سربراہ نے کہا کہ بی جے پی لیڈر کھلے عام یہ کہہ رہے ہیں کہ اگر وہ دوبارہ اقتدار میں آئے تو آئین کو تبدیل کر دیں گے لیکن پارٹی اور وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملے پر بالکل خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس سے قبل آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت نے بھی ریزرویشن پر نظرثانی کی بات کی تھی۔
Published: undefined
روہنی آچاریہ کی انتخابی مہم کے اس جلسے میں لالو پرساد یادو اپنی اہلیہ رابڑی دیوی کے ہمراہ تھے۔ یہ لوک سبھا سیٹ پہلے چھپرا کے نام سے جانی جاتی تھی۔ لالو پرساد نے 1997 میں یہاں سے لوک سبھا کا الیکشن لڑا تھا۔ بی جے پی کے راجیو پرتاپ روڈی فی الحال یہاں سے ایم پی ہیں، جو پھر سے بی جے پی کے امیدوار ہیں۔
Published: undefined
لالو پرساد کے چھوٹے بیٹے اور ان کے سیاسی جانشین مانے جانے والے تیجسوی یادو اب تک پارٹی کی انتخابی مہم کو تنہا سنبھال رہے تھے۔ انہوں نے اپنی بڑی بہن کی انتخابی مہم میں اپنے والد کی شرکت پر خوشی کا اظہار کیا۔ تیجسوی یادو نے کہا کہ میری بہن نے ہمارے والد کی مثالی خدمت کی ہے، وہ اسی جذبے سے لوگوں کی بھی خدمت کرے گی۔ ان کا اشارہ اپنی بہن کے ذریعے اپنے والد کو کڈنی عطیہ کرنے کی جانب تھا۔
Published: undefined
تیجسوی یادو نے کہا کہ لوگ چاہتے تھے کہ لالو جی ان کے درمیان آئیں۔ ان کی خواہش پوری ہوئی ہے، یہ ہم سب کے لیے خوشی کی بات ہے۔ یہ پوچھے جانے پر کہ کیا آر جے ڈی سپریمو مستقبل میں بھی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے؟ تیجسوی نے کہا کہ وہ ان کے لیڈر ہیں۔ ان کی قیادت میں بہار میں انڈیا الائنس کام کر رہا ہے، وہ کیوں نہیں کریں گے؟ واضح رہے کہ سارن لوک سبھا سیٹ پر پانچویں مرحلے میں 20 مئی کو ووٹنگ ہوگی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined