26 جنوری کو منعقد ہونے والی یوم جمہوریہ تقریبات میں برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کو شرکت کرنا تھا، لیکن انھوں نے اب اس سے معذرت کر لی ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق جانسن نے اپنا دورۂ ہند رد کر دیا ہے اور اس سلسلے میں ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی مطلع کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے بتایا ہے کہ وہ 2021 کی پہلی چھ ماہی میں ہندوستان کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنائیں گے۔
Published: undefined
دراصل برطانوی وزیر اعظم کو یوم جمہوریہ پریڈ کے لیے خصوصی مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا اور انھوں نے رضامندی بھی ظاہر کر دی تھی۔ لیکن برطانیہ میں کورونا کے بڑھتے اثرات اور نافذ ہوئے لاک ڈاؤن کے پیش نظر انھوں نے اپنا یہ دورہ رد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انھوں نے آج صبح پی ایم مودی سے بات کی اور معذرت کرتے ہوئے کہا کہ وہ یوم جمہوریہ تقریبات میں شامل نہیں ہو پائیں گے۔
Published: undefined
قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں کورونا وائرس کے نئے اسٹرین تیزی کے ساتھ پھیل رہے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ برطانیہ میں ایک بار پھر سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ منگل کے روز برطانیہ کے وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا کہ جتنی تیزی کے ساتھ انفیکشن پھیل رہا ہے، وہ انتہائی فکر انگیز ہے اور فی الحال ملک کے اسپتالوں پر وبا کا سب سے زیادہ دباؤ ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ کورونا وبا کی نئی لہر سے نبرد آزما ہونے کے لیے برطانیہ میں سبھی اسکولوں اور کاروباروں کو بند کرنے سے متعلق اسکاٹ لینڈ کا نیا قانون منگل سے نافذ ہو گیا ہے جب کہ برطانیہ کا قانون بدھ کی صبح سے اثرانداز ہوگا۔ اس درمیان جانسن نے لوگوں سے گزارش کی ہے کہ وہ گھروں سے کام کرنے کے اصولوں پر سختی سے عمل کریں۔ نئے قانون کے فروری وسط تک نافذ رہنے کا امکان ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز