نئی دہلی: ’’آج ہندوستان کو پوری دنیا حسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہی ہے۔ ہندوستانی مسلمان اسلام کی حفاظت اور اس کو پھیلانے کے لیے آگے بڑھیں۔‘‘ یہ بیان امام حرم مسجد نبوی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان نے دہلی کے رام لیلا میدان میں منعقد ایک عظیم الشان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔ وہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام ’احترام انسانیت اور مذاہب عالم‘ کے عنوان سے منعقدہ دو روزہ اہل حدیث کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔
Published: undefined
ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن نے کہا کہ پوری دنیا کو انسانیت کے تحفظ کی فکر لاحق ہے۔ اسلام نے روز اول سے ہی انسانیت کے تحفظ کے لیے بہت کام کیے ہیں، ہمیشہ انسانیت کی حفاظت کی کوشش کی ہے۔ اس موضوع پر پیارے نبیؐ سے متعلق بہت سی احادیث ہمارے سامنے موجود ہیں۔ سعودی عرب اور اس کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود، ترقی اور تحفظ کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور پوری دنیا میں اس کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔
Published: undefined
اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی جنرل سکریٹری عبدالرحمن بن عبداللہ الزید نے انسانیت کو درپیش چیلنج پر گفتگو کی۔ انھوں نے کہا کہ آج اس پلیٹ فارم سے انسانیت کی سلامتی اور احترام کے لیے جو بات چیت کی جا رہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ آج پوری دنیا میں افراتفری کا ماحول ہے اور اسلام کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔ اس تقریب سے مولانا ارشد مدنی نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ہم دعاء گو ہیں کہ اللہ تعالی اس اجتماع کو کامیاب فرمائے اور اس کے پیغام کو عام کرے تاکہ ہماری پرانی تاریخ زندہ رہ سکے، اور جو لوگ دنیا کے اندر نفرت کے بازار کو گرم کئے ہوئے ہیں وہ ناکام ہو جائیں۔
Published: undefined
مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اپنے خطاب میں اسلام کی روشنی میں انسانیت کے تحفظ اور خواتین، بالخصوص بہنوں کے حقوق پر روشنی ڈالی۔ انھوں نے کہا کہ موجودہ دور میں بہنوں کو ان کا حق دلانے کے معاملے پر بھائیوں کے ذریعے رشتہ توڑا جا رہا ہے۔ ایسے ماحول میں ہماری حکومت یونیفارم سول کوڈ لا کر خواتین کو برابری کا درجہ دینے کی بات کر رہی ہے۔
Published: undefined
اس کانفرنس میں علمائے کرام اور دانشوروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مسجد نبوی کے امام خصوصی طور پر اس کانفرنس میں شرکت کے لیے ہندوستان آئے ہیں۔ کل وہ یہاں نماز مغرب و عشاء کی امامت بھی کریں گے۔ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی نظامت مولانا عبدالحکیم عبدالمعبود مدنی شیخ الحدیث جامعہ رحمانیہ کاندیولی ممبئی نے کی۔ بعد ازاں امام حرم مسجد نبوی نے مرکز جمعیت علماء ہند میں واقع تاریخی مسجد عبدالنبی میں مغرب اور تاریخی جامع مسجد میں عشاء کی نماز بھی پڑھائی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر سوشل میڈیا