قومی راجدھانی دہلی میں آوارہ کتوں کی دہشت کا ایک دلدوز واقعہ سامنے آیا ہے جس میں آوارہ کتوں کے ایک جھنڈ نے ایک 2 سالہ بچی کو 150 میٹر تک گھسیٹا اور پھر اسے نوچ نوچ کر مار ڈالا۔ یہ واقعہ ہفتہ کی شام 6 بجے کے قریب تغلق لین کے دھوبی گھاٹ کے علاقے میں پیش آیا ہے۔
Published: undefined
نیوز پورٹل ’آج تک‘ کی خبر کے مطابق دہلی پولیس نے بتایا کہ بچی اپنے گھر کے باہر بیٹھی تھی کہ چار سے پانچ کتوں نے اس پر حملہ کردیا، اسے کئی میٹر تک گھسیٹا اور پھر مار ڈالا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جانچ کے بعد بچی کی لاش کو اس کے اہلِ خانہ کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ نئی دہلی میونسپل کونسل (این ڈی ایم سی) کے ایک سینئر عہدیدار کا کہنا ہے کہ ’’یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے۔ جانوروں کے ڈاکٹروں کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور پایا کہ اس علاقے میں کتوں کی ویکسینیشن اور نس بندی کی جاتی ہے۔ پولیس کی تفتیش سے معاملات مزید واضح ہو جائیں گے۔‘‘
Published: undefined
بچی کے اہل خانہ نے دعویٰ کیا کہ کچھ لوگ علاقے کے قریب آوارہ کتوں کو کھانا کھلاتے ہیں۔ انہوں نے ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ بچی کے چچا روی نے بتایا کہ شام 6 بجے کے قریب چار سے پانچ آوارہ کتوں نے اچانک ہماری بچی پر حملہ کر دیا۔ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ علاقے میں آوارہ کتوں کا یہ پہلا حملہ نہیں ہے۔ روی نے کہا کہ ان کتوں نے گھروں کے باہر کھیلنے والے دوسرے بچوں، بلیوں اور مرغیوں پر بھی حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام سے بارہا شکایت کی لیکن کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ ہم غریب لوگ ہیں۔ جب ہم نے ان کتوں کو کھانا کھلانے والوں کو روکنے کی کوشش کی تو انہوں نے ہمیں پولیس میں شکایت کرنے کی دھمکی دی۔
Published: undefined
روی نے دعویٰ کیا کہ مقامی لوگوں نے پولیس سے ان لوگوں کی شکایت بھی کی لیکن پولیس نے بھی کوئی کارروائی نہیں کی۔ ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ اس واقعہ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم اور فارنسک ماہرین کو موقع پر بھیجا گیا۔ بچی کو اسپتال لے جایا گیا، جہاں علاج کے دوران اس کی موت ہوگئی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی دہلی میں کتوں کے حملے کے واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ 29 جنوری کو روہنی کے سیکٹر-25 علاقے میں ایک 7 سالہ بچی پر مبینہ طور پر ایک امریکین بلی حملہ کر دیا تھا، جس میں بچی کو 15 سے زائد زخم آئے تھے۔ 22 جنوری کو ایک اور واقعہ میں شمال مشرقی دہلی کے وشواس نگر میں ایک 2 سالہ بچی پر پالتو کتے نے مبینہ طور پر حملہ کر دیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز