پٹنہ: راشٹریہ جنتا دل کی آواز پر آج پٹنہ کے گاندھی میدان میں لاکھوں لوگوں کا ہجوم جمع ہو گیا ہے۔ بی جے پی مخالف پارٹیوں کا اتحاد قائم کرنے کے لیے اٹھایا گیا آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد یادو کا یہ پہلا قدم نہ صرف بی جے پی کی ہوش اڑانے والا ثابت ہو رہا ہے بلکہ نتیش (جو کہ ’مہاگٹھ بندھن‘ سے رشتہ توڑ کر بی جے پی کے ساتھ مل گئے ہیں) کی بھی نیندیں اڑا دینے والا ہے۔ ایک ہی اسٹیج پر لالو پرساد یادو، اتر پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو، مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، بابو لال مرانڈی، شرد یادو، علی انور اور مختلف پارٹیوں کے دیگر کئی قدآور لیڈران ایک ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اپنی تقریر میں جارحانہ رخ اختیار کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر خوب حملہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ”سنگھ مُکت بھارت کی بات کرنے والے اب سنگھ یُکت بھارت بنانے کے کام میں جٹ گئے ہیں۔ تیجسوی تو صرف ایک بہانہ تھا، ان کو بی جے پی میں جانا تھا۔ حقیقت تو یہ ہے کہ ایسا کوئی سگا نہیں، جس کو نتیش نے ٹھگا نہیں۔“ سیلاب کے باوجود ریاست کے مختلف گوشوں سے پٹنہ آئے لوگوں کا تیجسوی یادو نے شکریہ بھی ادا کیا اور کہا کہ ”آج میں یہاں لالو کے بیٹے کی حیثیت سے نہیں، جنتا کے بیٹے کی حیثیت سے یہاں کھڑا ہوں۔ میں قسم لیتا ہوں کہ جب تک بہار اور دہلی کی گدی سے بی جے پی کو نہیں ہٹائیں گے تب تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔“
Published: 27 Aug 2017, 2:47 PM IST
اس سے قبل جے وی ایم لیڈر بابو لال مرانڈی نے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”اس وقت ملک بحران کے دور سے گزر رہا ہے۔ ایسے وقت میں جب کہ بی جے پی اپنی حکومت قائم کرنے کے لیے غلط راستے اختیار کر رہا ہے جمہوری طاقتوں کو متحد ہونا ضروری ہے۔“ راشٹریہ جنتا دل کے لیڈر عبدالباری صدیقی نے بھی اپنے خطاب میں عوام سے متحد ہونے اور فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف آواز بلند کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انھوں نے کہا کہ ہندو-مسلم کارڈ کھیلنے والوں کو سبق سکھائے بغیر ملک کی جمہوری اقدار کو بچایا نہیں جا سکتا۔اس موقع پر شیوانند تیواری نے کہا کہ ”ہندوﺅں کو ایک کرنے کے لیے خاص مذہب کے خلاف نفرت پھیلائی جا رہی ہے۔ اس نفرت سے ملک میں بدامنی کا ماحول پیدا ہوگا۔ اس سے ملک کی ترقی بڑھے گی نہیں بلکہ رُک جائے گی۔“ آر جے ڈی لیڈر رگھوونش پرساد نے بی جے پی کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے کہا کہ ”بی جے پی حکومت حزب مخالف کا نام و نشان مٹا دینا چاہتی ہے۔ لیکن حزب مخالف کے کمزور ہونے سے نقصان عوام کو ہوگا اور ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے۔“
ریلی میں جم غفیر سے اجیت سنگھ کے بیٹے جینت چودھری نے بھی خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ”سماجی انقلاب کی شروعات بہار سے ہوئی تھی اور آج بی جے پی کے خلاف اتحاد کی آواز بھی یہیں سے اٹھ رہی ہے۔ کل کا انقلاب بھی کامیاب ہوا تھا، آج کا انقلاب بھی کامیاب ہوگا۔“ انھوں نے مزید کہا کہ ”گنگا جمنی تہذیب پر حملہ کرنے والے ملک کے غدار ہیں۔ نتیش جی نے کہا تھا کہ لڑائی لمبی ہے اور لڑیں گے، لیکن پتہ نہیں چاچا کو کیا ہو گیا کہ میدان چھوڑ دیا۔ نتیش جی نے مینڈیٹ کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔“
Published: 27 Aug 2017, 2:47 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Aug 2017, 2:47 PM IST