مشہور و معروف سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ ہفتہ کی شام احمد آباد جیل سے باہر آ گئیں۔ جیل سے باہر نکلنے کی کچھ ویڈیوز سامنے آئی ہیں جس میں وہ مسکراتے ہوئے اپنا سامان لیے جیل کے دروازے سے باہر نکل رہی ہیں۔ باہر کچھ لوگ ان کا انتظار کر رہے ہوتے ہیں جو تیستا کو دیکھ کر تالیوں سے ان کا استقبال کرتے ہیں۔ جیل کے باہر میڈیا کے اہلکار بھی موجود تھے جو تیستا کی تصویریں کھینچتے ہوئے دکھائی دیے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے تقریباً دو ماہ سے جیل میں بند تیستا سیتلواڈ کو عبوری ضمانت پر رِہا کرنے کا فیصلہ 2 ستمبر کو ہی سنا دیا تھا۔ ضروری کاغذی کارروائی کی وجہ سے وہ اب تک جیل میں ہی تھیں اور ہفتہ کی صبح مقامی سیشن کورٹ نے تیستا سیتلواڈ کے ریلیز آرڈر پر دستخط کر دیا، جس کے بعد ان کے جیل سے باہر نکلنے کا راستہ ہموار ہو گیا۔
Published: undefined
واضح رہے کہ جمعہ کے روز سپریم کورٹ نے سماجی کارکن تیستا سیتلواڈ کو اس معاملہ میں عبوری ضمانت دے دی تھی، جس میں انہیں 2002 کے گجرات فسادات کے مقدمات میں مبینہ طور پر بے قصور لوگوں کو پھنسانے کے لئے فرضی دستاویزات تیار کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے تیستا سیتلواڈ کو ہدایت دی کہ وہ اپنا پاسپورٹ اس وقت تک سونپ دیں جب تک کہ ہائی کورٹ اس معاملے پر غور نہیں کر لیتی۔ چیف جسٹس یو یو للت، جسٹس ایس رویندر بھٹ اور جسٹس سدھانشو دھولیا کی بنچ نے کہا تھا کہ تیستا سیتلواڈ عبوری ضمانت پر رہائی کی حقدار ہیں۔
Published: undefined
سپریم کورٹ کی بنچ نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہمارے خیال میں اپیل کنندہ عبوری ضمانت پر رہائی کی حقدار ہیں۔ ہم اس بات پر غور نہیں کر رہے ہیں کہ انہیں ضمانت پر رہا کیا جائے یا نہیں کیونکہ یہ فیصلہ ہائی کورٹ کو کرنا ہے۔ ہم صرف اس بات پر غور کر رہے ہیں کہ اپیل کنندہ کو تحویل میں رکھا جائے یا عبوری ضمانت دے دی جائے۔ ہم نے اس معاملے پر صرف عبوری ضمانت کے نقطہ نظر سے غور کیا ہے۔ لہذا ہم تیستا سیتلواڈ کو عبوری ضمانت فراہم کرتے ہیں۔‘‘
Published: undefined
بنچ کی جانب سے مزید کہا گیا تھا کہ ’’پورے معاملے پر ہائی کورٹ آزادانہ طور پر غور کرے گا اور اس عدالت کی طرف سے دیئے گئے کسی بھی مشاہدے کا اس پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ وضاحت کی جاتی ہے کہ عبوری ضمانت کا حکم صرف ان حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے دیا گیا ہے کہ وہ ایک خاتون ہیں اور انہوں نے کافی دن جیل میں گزار لئے ہیں۔ دیگر ملزمان کے ذریعہ پیش کی جانے والی درخواستوں میں اس فیصلہ کا حوالہ نہیں دیا جائے گا۔‘‘
Published: undefined
عدالت نے یہ فیصلہ تیستا سیتلواڈ کی جانب سے دائر کی گئی عبوری ضمانت کی درخواست پر سنایا۔ انہوں نے گجرات ہائی کورٹ کے 3 اگست کے اس فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے، جس میں سیتلواڈ اور گجرات کے سابق ڈائریکٹر جنرل آف پولیس (ڈی جی پی) آر بی سری کمار کی طرف سے دائر ضمانت کی درخواستوں پر جواب طلب کرنے کے لیے خصوصی تفتیشی ٹیم (ایس آئی ٹی) کو نوٹس جاری کرتے ہوئے معاملہ کو 19 ستمبر تک ملتوی کر دیا تھا۔
Published: undefined
گجرات حکومت کی طرف سے پیش ہونے والے سالیسٹر جنرل تشار مہتا نے ہائی کورٹ کی طرف سے جاری کردہ احکامات پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہائی کورٹوں کی جانب سے عموماً لمبی تاریخیں دی جاتی ہیں اور تیستا سیتلواڈ کے معاملہ میں کوئی غیر معمولی کام نہیں کیا گیا ہے۔ سالیسٹر جنرل نے استدلال کیا کہ ایف آئی آر کے علاوہ کافی مواد موجود ہے جو کہ تیستا سیتلواڈ کے مبینہ جرائم میں ملوث ہونے کی طرف اشارہ کرتا ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز