گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں پوجا کے خلاف انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کے ذریعے دائرعرضداشت پر سماعت کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے پوجا پر روک لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ عدالت نے اسی کے ساتھ نوٹس جاری کرتے ہوئے کسی اور تاریخ کو اس معاملے کی سماعت کا اشارہ دیا ہے۔
Published: undefined
گیان واپی مسجد کے تہہ خانے میں نچلی عدالت کے ذریعے پوجا کی اجازت کے خلاف مسجد کمیٹی سپریم کورٹ پہنچی تھی۔ مسجد کمیٹی نے سپریم کورٹ میں ہائی کورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا تھا کیونکہ ہائی کورٹ نے نچلی عدالت کے پوجا کے فیصلے کو برقرار رکھا تھا۔ سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی کی جانب سے پیش ہوئے وکیل حذیفہ احمدی نے کہا کہ نچلی عدالت نے حکم پر عمل درآمد کے لیے ایک ہفتے کا وقت دیا تھا لیکن حکومت نے فوری طور پر اس پر عمل درآمد کرتے ہوئے تہہ خانے میں پوجا شروع کرا دی۔ اس کے خلاف ہم ہائی کورٹ گئے اور وہاں سے بھی ہمیں کوئی راحت نہیں ملی۔ اب سپریم کورٹ اس پر فوری طور پر روک لگائے۔
Published: undefined
معاملے کے سماعت کے بعد چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے نوٹس جاری کیا اور کسی اور تاریخ پر سماعت کا اشارہ دیا۔ مسجد کمیٹی کے وکیل نے اپنے دلائل پیش کرتے ہوئے پوجا پر فوری طور پابندی عائد کرنے کا مطالبہ کیا جس پر چیف جسٹس نے کہا کہ تہہ خانے میں داخل ہونے کا راستہ جنوب سے اور مسجد میں داخل ہونے کا شمال سے، اس لیے دونوں ایک دوسرے کو متاثر نہیں کرتے۔ ہم ہدایت کرتے ہیں کہ فی الحال دونوں عبادتیں اپنے اپنے مقامات پر جاری رہیں۔
Published: undefined
تہہ خانے میں پوجا کرنے والے ویاس خاندان کے وکیل شیام دیوان نے اس معاملے میں سپریم کورٹ کی جانب سے رسمی نوٹس جاری کرنے کی مخالفت کی۔ وکیل کا کہنا تھا کہ نچلی عدالتوں سے کیس پر ابھی تک کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، ایسے میں اس معاملے میں سپریم کورٹ کو دخل دینے کی ضرورت نہیں ہے۔
Published: undefined
واضح رہے کہ انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی نے الہ آباد ہائی کورٹ کے اس فیصلے کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا ہے، جس میں ہندوؤں کو مسجد کے جنوبی تہہ خانے میں عبادت کرنے کی اجازت دینے والے نچلی عدالت کے حکم کو برقرار رکھا گیا تھا۔ یہ کمیٹی وارانسی میں واقع گیان واپی مسجد کے معاملات کا انتظام کرتی ہے۔ نچلی عدالت نے 31 جنوری کو اپنے حکم میں ہندوؤں کو تہہ خانے میں عبادت کرنے کی اجازت دی تھی۔
Published: undefined
نچلی عدالت کے ذریعے تہہ خانے میں پوجا کی اجازت دیئے جانے کے فیصلے کے خلاف انجمن انتظامیہ مساجد کمیٹی نے ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا اور ہائی کورٹ نے 26 فروری کو اس کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔ ہائی کورٹ نے کہا تھا کہ گیان واپی کے جنوبی تہہ خانے میں واقع ویاس جی کے تہہ خانے کے اندر پوجا کو روکنے کا اتر پردیش حکومت کا 1993 کا فیصلہ غیر قانونی تھا اور بغیر کسی تحریری حکم کے ریاست کی غیر قانونی کارروائی کے ذریعے پوجا پاٹھ کو روک دیا گیا تھا۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined