نئی دہلی: سپریم کورٹ نے موب لنچنگ اور گائے کے نام پر تشدد کے معاملات میں کارروائی عمل میں نہ لانے پر ریاستی حکومتوں کے تئیں سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس بات پر بھی ناراضگی ظاہر کی ہے کہ 29 ریاستوں اور 7 مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں سے کچھ نے موب لنچنگ اور گئورکشا کے نام پر تشدد کے حوالہ سے جاری رہنما ہدایات پر تعمیلی رپورٹ پیش کی ہے۔ واضح رہے اس میں گیارہ ریاستوں اور سات مرکز کے زیر انتظام علاقوں نے یہ رپورٹ پیش کر دی ہے۔
Published: 07 Sep 2018, 2:59 PM IST
عدالت عظمی تحسین پوناوالا اور دیگر عرضی گزاروں کی اس عرضی پر سماعت کر رہی تھی جو راجستھان کے الور علاقہ میں میوات کے رہنے والے اکبر خان کے قتل کے بعد انہوں نے داخل کی تھی۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کے باؤجود گئو رکشکوں نے اس واردات کو انجام دیا ہے، اس سے ظاہر ہے کہ ریاستی حکومت نے عدالت کے حکم کی خلاف ورزی کی ہے۔ عرضی میں اپیل کی گئی تھی کہ صوبے کے پولس سربراہ، چیف سیکریٹری سمیت اعلی افسران پر حکم عدولی کا مقدمہ قائم کیا جانا چاہئے۔ عدالت عظمی نے اس عرضی کو منظور کرتے ہوئے تمام ریاستی حکومت سے رپورٹ طلب کی تھی۔
Published: 07 Sep 2018, 2:59 PM IST
چیف جسٹس دیپک مشرا کی سربراہی والی بینچ نے جمعہ کو ان ریاستوں کو گزشتہ 17 جولائی کو رہنما ہدایت پر عمل کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرنے کے لئے ایک ہفتے کا مزید وقت دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جن ریاستوں نے ابھی تک اپنی رپورٹ پیش نہیں کی ہے انہیں ایک ہفتے کا مزید وقت دیا جاتا ہے۔
جسٹس مشرا نے کہا، ’’اگر رپورٹس پیش نہیں کی گئیں تو پھر ریاست کے سکریٹری داخلہ کو عدالت میں ذاتی طور پر پیش ہونا ہوگا‘‘۔ عدالت عظمی نے کہا ہے کہ معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کو ہر صورت میں برقرار رکھنا ہوگا۔ عدالت نے تمام ریاستوں اور مرکز کے ماتحت خطوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے سرکاری ویب سائٹس پر موب لنچنگ کے خلاف رہنما ہدایات جاری کریں۔ اب معاملے کی اگلی سماعت 13 ستمبر کو ہوگی۔
Published: 07 Sep 2018, 2:59 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Sep 2018, 2:59 PM IST