ممبئی: مہاراشٹر قانون ساز اسمبلی میں آج سماجوادی پارٹی لیڈر و رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے 12 نومبر کو مالیگاؤں بند اور تشدد کے واقعات کے ملزمین اور محروسین کے خلاف دفعہ 307 کے غیر واجب استعمال پر گفتگو کرنے کے بعد توہینِ رسالت کے بڑھتے معاملات پر تشویش کا اظہار کیا۔ ابو عاصم اعظمی نے ممبئی میں جاری مہاراشٹر اسمبلی کے سرمائی اجلاس میں توہین رسالت کے مرتکبین پر سخت کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے توہین رسالت کے ساتھ مہاتما گاندھی، بھیم راؤ امبیڈکر اور شیواجی مہاراچ سمیت دیگر عظیم اور عبقری شخصیات کی شان میں گستاخی کرنے والوں کے خلاف یو اے پی اے اور مکوکا جیسے سخت قانون کا اطلاق کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
Published: undefined
ابوعاصم اعظمی نے ایوان اسمبلی میں بتایا کہ اکثر و بیشتر فساد اور تشدد کی وجہ اہم اشخاص اور مذہبی لیڈران کی شان میں گستاخیاں ہوتی ہیں۔ مالیگاؤں میں بھی توہین رسالت کے خلاف احتجاج میں تشدد برپا ہوا تھا۔ اس احتجاج کے بعد اب یکطرفہ اور بے جا گرفتاریوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ابوعاصم اعظمی نے کہا کہ 12 نومبر کو مالیگاؤں سمیت ریاست کے مختلف علاقوں میں توہین رسالت اور تریپورہ تشدد کے خلاف بند کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا۔ پولیس نے یکطرفہ کاروائی کرتے ہوئے مالیگاؤں میں مسلم نوجوانوں کو گرفتار کیا۔ ان میں بیشتر افراد پر دفعہ 307 کا اطلاق کیا گیا جو کہ سراسر غلط ہے اور اس کے ساتھ ہی ایک ملزم پر شہر کے پانچ الگ الگ پولیس اسٹیشنوں میں معاملہ بھی درج کیا گیا جو سراسر ناانصافی کے مترادف ہے۔
Published: undefined
ابو عاصم اعظمی نے حکومت مہاراشٹر سے مطالبہ کیا کہ مالیگاؤں کے مسلم نوجوانوں پر غلط طریقے سے درج شدہ معاملات کو واپس لیا جائے۔ انہوں نے ساتھ ہی کہا کہ تشدد کے معاملات میں پولیس نے ملزمین پر بڑی بڑی دفعات عائد کردی ہیں جس کی وجہ سے ان کی ضمانت بھی نہیں ہو پا رہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز