علی گڑھ: آئندہ سال ہونے والے عام انتخا بات کے پیش نظر بی جے پی ہر وہ دکھاوا کر رہی ہے جس سے دلت اس کی جانب راغب ہو جائیں۔ اسی کے تحت کبھی اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کا کسی دلت کے گھر رات گزارنے کا ذکر ہوتا ہے تو کبھی ان کے وزیر کا دلت کے گھر رات گزارنے کی بات سامنے آتی ہے۔ لیکن ہر مرتبہ یہ ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی کو دلتوں سے کوئی ہمدردی نہیں ہے بلکہ دلتوں سے محبت کے نام پر صرف دکھاوا ہوتا ہے۔ اب اسی طرح ایک تازہ معاملہ پھر سامنے آیا ہے جس کا تعلق علی گڑھ سے ہے۔
یہ معاملہ علی گڑھ ضلع کی تحصیل کے گاؤں لوہا گڑھ کا ہے جہاں یوگی حکومت کے کابینہ وزیر اور ضلع انچارج سریش رانا کو گاؤں میں جاکر حکومت کی تمام عوامی اسکیموں کی تشہیر اور زمینی حقیقت کو سمجھانے کے ساتھ ساتھ دیہات میں کسانوں اور مزدوروں کو پیش آنے والے مسائل کو معلوم کر کے ان اسکیموں پر عمل در آمد کرنے کے طریقوں سے متعارف کرانا تھا۔ اسی مقصد سے وزیر سریش رانا کل لوہا گڑھ آئے تھے۔ انہوں نے تمام دن شہر میں رہ کر ضلع کی ترقیاتی اسکیموں کے کروڑوں روپئے کے بجٹ کو پاس کرایا اوردیر شب وہ قصبہ کھیر کے راستے لوہا گڑھ پہنچے۔
واضح رہے کہ سریش رانا کی آمد کی خبر پر آس پاس کے علاقہ کے سینکڑوں افراد اپنی شکایات اور ان کے تدارک کے لئے صبح سے ہی لوہا گڑھ میں جمع تھے لیکن جب وہ دیر شام تک نہیں پہنچے تو یہ افراد مایوس ہوکر واپس چلے گئے۔ اس کے باوجود کچھ لوگ انتظار کر تے رہے لیکن جب سریش رانا آئے تو انہوں نے ان میں سے کسی کی کوئی بات نہیں سنی اور وہ سیدھے گیسٹ ہاؤس نما سرکاری اسپتال پہنچ گئے جہاں ان کے ٹھہرنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اسی گیسٹ ہاؤس نما اسپتال میں ان کے لئے باورچی نے عمدہ قسم کا کھانا بنایا تھا۔ کھانے سے قبل گاؤں کے ایک دلت کے گھر جاکر شب میں قریب گیارہ بجے دروازہ کھلوایا گیا جہاں صاف صفائی کے بعد وزیر سریش رانا اور ان کے ہمراہ ضلع کے تمام اعلی افسران اور بی جے پی کے ضلع سطح کے اعلیٰ عہدے داران نے بھی انہی کے ساتھ گیسٹ ہاؤس میں بنا کھانا کھایا جبکہ میڈیا کو یہ بتایا گیا تھا کہ کابینہ وزیر نے دلت کے گھر شب گزاری اور ان کے گھر کا کھانا کھایا۔ ایسا نہیں ہونے اور میڈیا میں غلط بیان جاری کرنے کو لے کر کانگریس کے ضلع صدر چو دھری وجیندر سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے لیڈران اور وزراء محض دلت پریم کا پروپگنڈہ کرتے ہیں جبکہ حقیقت سے وہ کوسوں دور ہیں۔ وہ محض اخباری سیاست میں یقین رکھنے والے سیاسی لوگ ہیں۔
چودھری وجیندر نے وزیر رانا کی اس حرکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو یوگی وزیر اعلیٰ کی حلف برداری کے فوری بعد سابق وزیر اعلیٰ اکھلیش یادو کا گھر گنگا جل سے دھلوا کر پاک کرنے کا کام کرتے ہوں اور تفریق کی سیاست میں یقین رکھتے ہوں وہ ایک شب دلت کے گھر میں کیسے گزار سکتے ہیں۔ یہ بی جے پی کا ڈھونگ ہے جس کو عوام اچھی طرح پہچان چکی ہے اور ایک برس کی مدت میں پوری بی جے پی کی سیاست مکمل طور پر بے نقاب ہو جائے گی۔
بہو جن سماج پارٹی کے سابق ضلع صدر گجراج ومل کا اس معاملے میں کہنا ہے کہ گذشتہ دنوں ہوئے دلت آندولن سے بی جے پی کی جڑیں ہل گئی ہیں اور وہ یہ سب کچھ 2019 میں دلتوں کے ووٹ حاصل کرنے کے لئے کر رہی ہے۔ لیکن عوام ان کے اصلی چہرے کو پہچان چکی ہےاور اب کسی بھی بہکاوے اور فریب میں آنے والی نہیں ہے۔ ومل نے مزید کہا کہ ’’مجھے اپنے دلت ہونے پر فخر ہے اور میں یقین دلاتا ہوں کہ 2019 کے عام انتخابات میں دلت کسی بھی صورت میں بی جے پی کو ووٹ نہیں دیں گے، اس کے لئے بی جے پی والے کتنا ہی ڈرامہ کیوں نہ کر لیں‘‘۔ انہوں نے کہا کہ دلت بی جے پی کے منوادی چہرے کو اچھی طرح پہچان چکے ہیں۔
Published: 01 May 2018, 8:03 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 01 May 2018, 8:03 PM IST
تصویر: پریس ریلیز