یومِ آزادی کے موقع پر لال قلعے کی فصیل سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم کا ذکر کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جو بھی خواتین کے ساتھ گھناؤنا سلوک کریں، ان کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔ پی ایم مودی نے اشاروں ہی اشاروں میں کولکاتا میں پیش آئے خاتون ڈاکٹر کے ریپ اور قتل کے واقعے پر سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف بربریت کرنے والوں کو جلد از جلد سزا دی جانی چاہیے۔ تاہم، انہوں نے اپنے خطاب میں کولکاتا کے واقعے کا براہ راست ذکر نہیں کیا۔ سوال یہ ہے کہ کیا حقیقت میں ان کی اپنی حکومت اور ریاستی بی جے پی حکومتیں خواتین پر ہونے والے ظلم و ستم کو سنجیدگی سے لیتی ہیں، یا پھر پی ایم مودی کا لال قلعے کی فصیل سے کیا گیا خطاب محض ایک دکھاوا ہے؟ آئیے اس پر غور کریں۔
Published: undefined
مرکز سمیت کئی ریاستوں میں بی جے پی کی حکومتیں ہیں۔ مرکز میں بی جے پی کی تیسری مدت ہے۔ اس دوران ملک بھر میں خواتین کے خلاف کئی سنگین اور سنسنی خیز جرائم ہوئے ہیں۔ سوال یہ ہے کہ مرکز کی مودی حکومت اور بی جے پی کی حکومتوں کا ان جرائم پر کیا ردعمل رہا؟ اگر آپ غور کریں تو آپ کو معلوم ہوگا کہ لال قلعے کی فصیل سے پی ایم مودی نے جو باتیں کہیں، ان پر ان کی اپنی ہی حکومت اور ریاستی بی جے پی حکومتیں غیر حساس رہی ہیں۔ یہ واقعات خود اس کی گواہی دیتے ہیں اور پی ایم مودی اور بی جے پی کی ریاستی حکومتوں کے قول اور فعل کے تضاد کو عیاں کر دیتے ہیں۔
Published: undefined
اوناؤ ریپ کیس 2017 کا ہے، جس نے پورے ملک میں ہلچل پیدا کر دیت تھی۔ اناؤ ریپ کیس کا کلیدی ملزم اس وقت کا بی جے پی کا رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر تھے۔ جب یہ معاملہ سامنے آیا تو بی جے پی کافی دنوں تک خاموش رہی اور اس پر سینگر کو بچانے کا الزام لگا۔ جب اس معاملے میں عدالت نے مداخلت کی، تب جا کر بی جے پی حرکت میں آئی اور کلدیپ سینگر کو پارٹی سے باہر نکالا گیاا۔ عدالت نے کلدیپ سنگھ سینگر کو ریپ کا مجرم قرار دیا اور اسے 16 دسمبر 2020 کو عمر قید کی سزا سنائی۔
Published: undefined
اب ایک اور مشہور جرم کی بات کرتے ہیں، جس پر ملک بھر میں خوب بحث ہوئی تھی۔ یہ معاملہ بلقیس بانو گینگ ریپ کا ہے جو وزیراعظم نریندر مودی کی ریاست گجرات سے متعلق ہے۔ 2002 میں گجرات فسادات کے دوران بلقیس بانو کے ساتھ گینگ ریپ ہوا تھا اور ان کے خاندان کو قتل کر دیا گیا تھا۔ آج سے ٹھیک دو سال پہلے یعنی 15 اگست 2022 کو بلقیس بانو کے 11 مجرموں کی سزا معاف کرتے ہوئے انہیں رہا کر دیا گیا تھا۔ ریاست کی بی جے پی حکومت نے اس جرم کے مجرموں کی سزا معاف کر دی تھی، جس کے نتیجے میں وہ سب آزاد ہو گئے۔
Published: undefined
خوش قسمتی سے سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کو انصاف فراہم کیا۔ سپریم کورٹ نے بلقیس بانو کے ساتھ ریپ اور ان کے خاندان کے افراد کے قتل کے 11 مجرموں کی سزا معاف کر دینے اور رہائی کے فیصلے کو منسوخ کر دیا۔ اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ نے کئی اہم تبصرے کئے۔ جسٹس بی وی ناگرتنا اور اجول بھوئیان نے کہا تھا کہ مئی 2022 میں گجرات حکومت نے مجرموں کی سزا کو معاف کرنے کے سلسلہ میں حقائق کو نظر انداز کر دیا۔
خیال رہے کہ ممبئی میں سی بی آئی کی ایک خصوصی عدالت نے بلقیس بانو کے ساتھ گینگ ریپ اور ان کے خاندان کے سات افراد کے قتل کے الزام میں 2008 میں 11 مجرموں کو عمر قید کی سزا سنائی تھی۔ بمبئی ہائی کورٹ نے بھی اس سزا پر مہر ثبت کی تھی۔
Published: undefined
منی پور میں خواتین کے خلاف جو جرائم ہوئے وہ مہذب معاشرے کے لیے شرم کا باعث ہیں اور اس پر مرکز کی مودی حکومت کی خاموشی نے جمہوریت پر کالک لگانے کا کام کیا۔ منی پور میں مہینوں تک افراتفری جاری رہی لیکن مرکز کی حکومت سب کچھ ٹھیک ہے کا دعوی کرتی رہی۔ منی پور میں 3 مئی 2023 کو تشدد شروع ہوا تھا اور 4 مئی کو دو خواتین کی برہنہ پریڈ کرائی گئی، لیکن پولیس انہیں بچانے تک نہیں آئی، بلکہ پولیس پر ان خواتین کو بھیڑ کے حوالے کرنے کا الزام لگا۔
واقعے کے تقریباً دو ماہ بعد جولائی میں ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی، جسے دیکھ کر پورا ملک حیران رہ گیا۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا تھا کہ دو برہنہ خواتین مردوں کی بھیڑ سے گھری ہوئی ہیں اور انہیں پریڈ کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ اس واقعے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بھی پی ایم مودی کا دل نہیں پسیجا اور وہ خاموش رہے۔ جب اپوزیشن نے پارلیمنٹ میں پی ایم مودی کو بولنے پر مجبور کیا، تو انہوں نے 20 جولائی کو منی پور پر بیان دیا۔ وہ بھی منی پور پر کچھ الفاظ ہی بولے اور باقی وقت اپوزیشن پر ہی تنقید کرتے نظر آئے۔ منی پور کا واقعہ بتاتا ہے کہ پی ایم مودی قول اور فعل میں کتنا فرق ہے۔ یہ واقعہ ظاہر کرتا ہے کہ وہ اور ان کی پارٹی خواتین کے خلاف جرائم کو لے کر کتنے سنجیدہ ہیں۔ آج بھی منی پور میں حالات بہتر نہیں ہوئے۔ تشدد کی خبریں مسلسل سامنے آتی رہتی ہیں۔
Published: undefined
وزیراعظم مودی نے لال قلعے کی فصیل سے خواتین کے خلاف جرائم کرنے والوں کے خلاف سخت رویہ اپنانے کی بات کی لیکن بی جے پی کی زیر حکمرانی ہریانہ میں ریپ کے مجرم گرمیت رام رحیم کے خلاف کس قسم کا رویہ اپنایا جا رہا ہے، وہ سب کے سامنے ہے۔ ابھی دو دن پہلے ہی ریپ کے مجرم اور ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ گرمیت رام رحیم ایک بار پھر جیل سے باہر آیا ہے۔ آشرم میں دو خواتین پیروکاروں کے ساتھ زیادتی کے کیس میں 20 سال کی قید کی سزا کاٹ رہے رام رحیم کو 21 دن کی فرلو ملی ہے۔ یہ سب کچھ اس ریاست میں ہو رہا ہے، جہاں بی جے پی کی حکومت ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا اسے سختی کہتے ہیں؟ سوال یہ بھی ہے کہ رام رحیم پر رحم دکھانے سے آخر سماج میں کیا پیغام جائے گا؟ اس سے پہلے فروری کے مہینے میں ہائی کورٹ نے ہریانہ حکومت سے کہا تھا کہ وہ ڈیرہ سچا سودا کے سربراہ کو اس کی اجازت کے بغیر مزید پرول یا فرلو منظور نہ کرے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined
تصویر: پریس ریلیز