کرناٹک کے میسور کی رہنے والی رفتار کی شہزادی رِفاہ تسکین محض 10 سال کی ہیں لیکن وہ ابھی سے ایک سرگرم سماجی کارکن کی طرح کام کر رہی ہیں۔ مختلف طرح کی گاڑیوں کو چلانے میں مہارت رکھنے والی عالمی چمپئن کبھی صفائی کو لے کر مہم چلاتی ہوئی نظر آتی ہیں تو کبھی بچوں میں تعلیم کی ترغیب پیدا کرنے کی کوشش میں سرگرداں رہتی ہیں۔ اس وقت جب کہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے اور سبھی گھروں میں بیٹھے ہیں، رِفاہ تسکین نے ایک خاص ویڈیو اپنے یو ٹیوب چینل پر ریلیز کیا ہے جو کافی وائرل ہو رہا ہے۔ ویڈیو کا تعلق کورونا وائرس انفیکشن سے ہے اور اس کے ذریعہ لوگوں میں بیداری پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
Published: 23 Apr 2020, 6:00 PM IST
گزشتہ 18 اپریل کو یو ٹیوب پر ڈالا گیا یہ ویڈیو دراصل بالی ووڈ کے مقبول نغمہ 'پل بھر کے لیے کوئی ہمیں پیار کر لے، جھوٹا ہی سہی' کی طرز پر بنایا گیا ہے۔ اس گانے کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک نیا نغمہ تیار کیا گیا ہے جس کے بول ہیں ' کچھ دن کے لیے سارے گھر میں ہی رہیں، جینے کے لیے/ لاک ڈاؤن کا پالن دل سے مل کے ہی کریں، جینے کے لیے'۔ اس نغمہ کو آواز دی ہے ممبئی کے مشہور نغمہ نگار اور کمپوزر نتیش راج نے۔ لیکن اس ویڈیو کو تیار کرنے میں اہم کردار نبھایا ہے رفاہ تسکین کے والد تاج الدین نے۔ انھوں نے پہلے تو نتیش راج سے فون پر بات کر کے ویڈیو بنانے کا آئیڈیا شیئر کیا اور پھر نغمہ تیار کر نتیش راج کے پاس بھیجا جسے انھوں نے کمپوز کیا اور آڈیو ریکارڈ کر کے واپس تاج الدین کے پاس بھیج دیا۔ بعد ازاں تاج الدین نے میسور کے مقامی انتظامیہ سے اجازت لے کر رفاہ تسکین کا کچھ ویڈیو شوٹ کیا، اور پھر اس کی ایڈیٹنگ کر کے یو ٹیوب چینل پر ڈالا گیا۔
Published: 23 Apr 2020, 6:00 PM IST
اس پورے عمل کے بارے میں رفاہ تسکین کی والدہ بی بی فاطمہ نے 'قومی آواز' سے خصوصی بات چیت کے دوران بتایا۔ انھوں نے کہا کہ رفاہ تسکین ہمیشہ لوگوں کو اچھی چیزوں کے لیے بیدار کرتی رہی ہے اور اس وقت جب کہ کورونا انفیکشن ملک میں بڑھتا ہی جا رہا ہے تو سوچا گیا کہ کیوں نہ اس ڈیجیٹل دور میں ویڈیو بنا کر لوگوں کو کورونا وبا کے تعلق سے بیدار کیا جائے۔ بی بی فاطمہ بتاتی ہیں کہ اس ویڈیو کو بنانے میں مقامی پولس نے بھی کافی مدد کی اور دراصل اس ویڈیو کو اس لیے ہی بنایا گیا تاکہ لوگوں کو بیدار کرنے کے ساتھ ساتھ ڈاکٹروں و پولس اہلکاروں کی محنت کو سلام پیش کیا جائے۔
Published: 23 Apr 2020, 6:00 PM IST
بہر حال، ویڈیو میں رفاہ تسکین ایسے لوگوں کو گھر میں رہنے کی تلقین کرتی ہوئی نظر آ رہی ہیں جو لاک ڈاؤن کے دوران گاڑی لے کر باہر نکلتے نظر آ رہے ہیں۔ ویڈیو میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کورونا وائرس ہندو، مسلم یا کسی اور مذہب کو نہیں دیکھتا ہے، اور نہ ہی یہ امیری و غریبی کو دیکھتا ہے بلکہ یہ وائرس تو پوری طرح سے انسانوں کا دشمن ہے۔ شعری انداز میں یہ بھی بتانے کی کوشش کی گئی ہے کہ صاف صفائی اور سوشل ڈسٹنسنگ اس وقت کی اہم ضرورت ہے جس کا خاص خیال رکھا جانا چاہیے۔
Published: 23 Apr 2020, 6:00 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 23 Apr 2020, 6:00 PM IST