قومی خبریں

’ہریانہ میں چھوٹی چھوٹی پارٹیاں بی جے پی کی بی، سی، ڈی ٹیم ہیں‘، سونی پت میں راہل گاندھی کا خطاب

راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کے دلتوں، پسماندوں، غریبوں کو جو بھی ملا ہے وہ آئین کی بدولت ہے، آئین میں لکھا ہے کہ ہندوستان کے سبھی شہری ایک برابر ہیں، لیکن نریندر مودی صرف ارب پتیوں کی مدد کرتے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ہریانہ کے سونی پت واقع گوہانا میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی</p></div>

ہریانہ کے سونی پت واقع گوہانا میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی

 

ہریانہ اسمبلی انتخاب کے پیش نظر راہل گاندھی آج ایک بار پھر ہریانہ کے مختلف علاقوں میں ’وجئے سنکلپ یاترا‘ اور جلسۂ عام سے خطاب کرتے دکھائی دیے۔ لوگوں سے ملاقاتوں کا سلسلہ بھی دیکھنے کو ملا اور ہر جگہ انھوں نے ریاست سے بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا عزم ظاہر کیا۔ انھوں نے انتخابی تشہیر کے دوران کہا کہ ’’ہریانہ میں کانگریس کا طوفان آ رہا ہے۔ کانگریس کی حکومت 36 برادری کی حکومت ہوگی۔ ہریانہ کے 36 برادری کے نوجوانوں کو خالی پڑے دو لاکھ سرکاری عہدے انصاف اور مساوات کے ساتھ تقسیم کیے جائیں گے۔‘‘

Published: undefined

سونی پت کے گوہانا میں منعقد ایک عظیم الشان جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راہل گاندھی نے ہریانہ کی چھوٹی چھوٹی سیاسی پارٹیوں کو بی جے پی کا حامی قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہریانہ میں چھوٹی چھوٹی پارٹیاں بی جے پی کی بی، سی، ڈی ٹیم ہیں۔ اسمبلی انتخاب میں لڑائی صرف بی جے پی اور کانگریس کے درمیان ہے۔ لڑائی امبیڈکر جی اور گاندھی جی کے آئین کو بچانے کی ہے۔‘‘

Published: undefined

اپنے خطاب کے دوران پی ایم مودی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ہندوستان کے دلتوں، پسماندوں، غریبوں کو جو بھی ملا ہے وہ سبھی آئین کی بدولت ہے۔ آئین میں لکھا ہے کہ ہندوستان کے سبھی شہری برابر ہیں۔ لیکن نریندر مودی ارب پتیوں کا لاکھوں کروڑ کا قرض معاف کرتے ہیں، ان کی مدد کرتے ہیں، اڈانی کو فائدہ پہنچانے کے لیے سیاہ قانون لاتے ہیں۔ لیکن وزیر اعظم غریبوں، خواتین، کسانوں کا قرض معاف نہیں کرتے اور روزگار کا سسٹم ختم کر دیتے ہیں۔ یہ آئین پر حملہ ہے۔ راہل گاندھی نے الزام عائد کیا کہ آر ایس ایس ملک کے اداروں میں اپنے لوگوں کو بھرتی کرتا ہے، جبکہ غریبوں و محروم لوگوں کو ان اداروں میں جگہ نہیں ملتی۔ بی جے پی آئین کو ختم کرنا چاہتی ہے، لیکن اپنی جان دے کر بھی کانگریس لیڈران اس کی حفاظت کریں گے۔

Published: undefined

کانگریس میں موجود اتحاد کا تذکرہ کرتے ہوئے سینئر کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’جنگل میں شیر تنہا رہتے ہیں۔ لیکن کانگریس پارٹی ایسی پارٹی ہے جہاں سبھی شیر یعنی کارکنان ایک ساتھ کھڑے ہو جاتے ہیں۔ میرا کام سبھی شیروں کو ایک ساتھ لانے کا ہے۔‘‘ راہل گاندھی یہ بھی کہتے ہیں کہ ہریانہ میں لوگوں کے پاس تاوان کے لیے فون آ رہے ہیں، کیونکہ بی جے پی حکومت نے بے روزگاری کا جال پھیلا رکھا ہے۔ ہریانہ بے روزگاری اور جرائم میں پہلے نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ پہلے سب کا آدھار کارڈ ہوا کرتا تھا، پھر بی جے پی حکومت نے ہریانہ کے ہر کنبہ کو پریشان کرنے کے لیے ’پریوار پہچان پتر‘ بنا دیا۔ اس کی آڑ میں لوگوں کو سرکاری منصوبوں سے دور کیا جا رہا ہے۔ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بنتے ہی اس ’پریوار پریشان پتر‘ کو ختم کیا جائے گا۔

Published: undefined

راہل گاندھی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس امیدواروں کو کثیر ووٹوں سے کامیاب بنائیں۔ اس دوران انھوں نے کانگریس کی گارنٹیوں کو بھی شمار کرایا۔ انھوں نے کہا کہ ہریانہ میں کانگریس کی حکومت بننے پر خواتین کو ہر ماہ 2 ہزار روپے دیے جائیں گے اور 500 روپے میں گیس سلنڈر ملے گا۔ ضعیف، معذور اور بیوہ پنشن 6 ہزار روپے کی جائے گی۔ سرکاری ملازمین کے لیے پرانا پنشن نظام بحال ہوگا۔ ہریانہ کو نشہ سے پاک ریاست بنایا جائے گا۔ 300 یونٹ مفت بجلی دی جائے گی۔ راجستھان کی کانگریس حکومت کے ذریعہ نافذ کردہ چرنجیوی منصوبہ کے طرز پر 25 لاکھ روپے تک کا مفت علاج ہوگا۔ غریب کنبوں کو 100 گز کا پلاٹ ملے گا اور ساڑھے تین لاکھ روپے کی لاگت سے دو کمروں کا مکان دیا جائے گا۔ کسانوں کو ایم ایس پی کی قانونی گارنٹی دی جائے گی۔ ذات پر مبنی مردم شماری کرائی جائے گی۔ کریمی لیئر کی حد 6 لاکھ سے بڑھا کر 10 لاکھ روپے کی جائے گی۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined