کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسی) نے اتوار یعنی 22 اپریل کو آئندہ 3 سالوں کے لئے سیتا رام یچوری کو پھر سے اپنے جنرل سکریٹری کے طور پر منتخب کیا۔ حیدرآباد میں پارٹی کی 22 ویں کانگریس کے آخری دن سی پی آئی ایم رہنما اور تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ مانک سرکار نے یچوری کے جنرل سکریٹری منتخب کئے جانے کا اعلان کیا۔
سرکار نے کہا کہ یچوری کو 95 رکنی نئی مرکزی کمیٹی نے منتخب کیا ہے۔ پارٹی نے 17 نئے پولت بیورو ممبران کو بھی منتخب کیا۔ یچوری کو پہلی دفعہ 2015 میں سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری کے طور پر منتخب کیا گیا تھا۔
2019 میں ہونے والے عام انتخابات کو مد نظر رکھتے ہوئے بی جے پی کو مرکز کے اقتدار سے باہر کرنے کے لئے کانگریس کے نظریہ کی حمایت کرنے اور اپنی پارٹی کے نظریہ کو ساتھ لے کر چلنے کا خیال رکھنے والے یچوری کے لئے ایک ہفتہ کے اندر یہ دوسری جیت ہے۔ سی پی آئی ایم کے جنرل سکریٹری کے اعلان کے ساتھ ہی کئی مدوں پر سیتارم یچوری اور پرکاش کرات کے بیچ چل رہی نااتفاقیوں پر بھی لگام لگ گئی۔
Published: 22 Apr 2018, 6:47 PM IST
اطلاعات کے مطابق پرکاش کرات کا دھڑا تریپورہ کے سابق وزیر اعلیٰ مانک سرکار کو جنرل سکریٹری کے عہدے کے لئے یچوری کے مقابلہ پر کھڑا کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا لیکن انہیں پارٹی میں زیادہ حمایت نہیں مل پائی اور آخر میں مانک سرکار نے خود ہی جنرل سکریٹری عہدے کے لئے یچوری کے خلاف چناؤ لڑنے سے انکار کر دیا۔
یہ دیکھنا کافی اہم ہوگا کہ یچوری کی کانگریس کو لے کر آگے کی حکمت عملی کیا ہوگی۔ پچھلے سال منعقدہ پولت بیوری کے اجلاس کے دوران یچوری نے کہا تھا کہ کانگریس کے ساتھ سیاسی اتحاد نہ بھی ہو، تو بھی کم از کم کچھ سیٹوں پر تال میل تو ہونے دیا جائے۔ انہوں نے کہا تھا کہ اتحاد مقامی ضروریات کے مطابق ہوگا۔ یچوری کی تجویز تھی کہ نظریاتی طور پر کانگریس سے اتحاد ہونا چاہیئے۔ حالانکہ، پرکاش کرات یچوری سے متفق نہیں ہوئے تھے اور انہوں نے صاف طور پر اس کی مخالفت کی تھی۔
وہیں دہلی میں موجود سی پی آئی ایم کے ایک عہدیدار کے مطابق یچوری کا دوسری بار پارٹی کا جنرل سکریٹری منتخب ہونا بے حد اہم ہے کیوں کہ یہ ملک میں بائیں بازو کی سیاست کے مستقبل کا فیصلہ کرتے گا۔
Published: 22 Apr 2018, 6:47 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 22 Apr 2018, 6:47 PM IST