لوک سبھا انتخابات 2019 کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی دھیرے دھیرے سبھی پارٹیاں اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان بھی کر رہی ہیں، اور آئندہ کچھ ہی دنوں میں سبھی 543 لوک سبھا سیٹوں کے امیدواروں کا نام سامنے آ جائے گا۔ اس درمیان مودی بریگیڈ کو اقتدار سے دور رکھنے کے لیے اپوزیشن پارٹیاں پورا زور لگا رہی ہیں اور ایسے امیدواروں کو کھڑا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں جو مشہور بھی ہو ں اور داغدار بھی نہ ہوں۔ اسی ضمن میں نیا نام بی جے پی لیڈر شتروگھن سنہا کی بیوی پونم سنہا کا سامنے آیا ہے جو سماجوادی پارٹی کی طرف سے امیدوار بن سکتی ہیں۔
میڈیا ذرائع کے مطابق اتر پردیش کے شہر لکھنؤ یا کسی دوسرے بڑے شہر سے پونم سنہا کو سماجوادی پارٹی اپنا امیدوار بنا سکتی ہے اور اس سلسلے میں غور و خوض کا عمل شروع ہو چکا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ 2014 میں لکھنؤ سیٹ سے بی جے پی کے سینئر لیڈر راج ناتھ سنگھ نے فتحیابی حاصل کی تھی، لیکن اس بار بی جے پی غالباً انھیں لکھنؤ کی جگہ کسی دوسری سیٹ سے امیدوار بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اس طرح دیکھا جائے تو بی جے پی کے لیے مشکلات کم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ایک طرف شتروگھن سنہا پہلے ہی بی جے پی میں رہتے ہوئے بی جے پی کے خلاف ہی لگاتار بول رہے ہیں اور اب ان کی بیوی کا یو پی میں انتخاب لڑنا مزید پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔
Published: 13 Mar 2019, 3:09 PM IST
یہاں قابل غور ہے کہ شتروگھن سنہا نے باغیانہ رخ اختیار کرتے ہوئے بی جے پی کے ذریعہ امیدواروں کی فہرست جاری ہونے سے پہلے ہی پٹنہ صاحب سے انتخاب لڑنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی کہہ دیا ہے کہ 22 مارچ کو وہ اس بات کا بھی اعلان کر دیں گے کہ وہ کس پارٹی میں شامل ہونے والے ہیں، کیونکہ جلد ہی ان کے راستے بی جے پی سے جدا ہو جائیں گے۔ دو بار بی جے پی سے رکن پارلیمنٹ رہ چکے شتروگھن سنہا نے واضح لفظوں میں کہہ دیا ہے کہ ’’میرا اسٹینڈ صاف ہے کہ میں پٹنہ صاحب لوک سبھا سے 2019 کا عام انتخاب لڑوں گا۔‘‘ یہاں قابل غور یہ بھی ہے کہ شتروگھن سنہا پٹنہ صاحب سیٹ پر ہی فتح حاصل کر کے دو بار پارلیمنٹ میں پہنچے۔
Published: 13 Mar 2019, 3:09 PM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 13 Mar 2019, 3:09 PM IST
تصویر: پریس ریلیز