مغربی بنگال اسمبلی پیر کے روز اس وقت اکھاڑا بن گیا جب ٹی ایم سی اور بی جے پی کے اراکین آپس میں نبرد آزما ہو گئے۔ دونوں پارٹیوں کے لیڈران کے درمیان خوب مار پیٹ ہوئی۔ اس واقعہ میں ٹی ایم سی رکن اسمبلی اسِت مجومدار زخمی ہو گئے۔ اس تعلق سے سخت قدم اٹھاتے ہوئے اسپیکر نے حزب مخالف لیڈر شبھیندو ادھیکاری سمیت بی جے پی کے پانچ اراکین اسمبلی کو معطل کر دیا ہے۔
Published: undefined
بنگال اسمبلی میں آج بجٹ اجلاس کا آخری دن تھا۔ صبح سے ہی بی جے پی نے نظامِ قانون کے ایشو پر ٹی ایم سی حکومت کو گھیرتے ہوئے بیربھوم تشدد پر وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کے بیان کا مطالبہ کرتے ہوئے ہنگامہ شروع کر دیا۔ اسی تعلق سے دونوں فریقین میں کہا سنی شروع ہو گئی اور دیکھتے ہی دیکھتے بی جے پی رکن اسمبلی منوج تگا اور ٹی ایم سی رکن اسمبلی است مجومدار کے درمیان مار پیٹ شروع ہو گئی۔ اس حملے میں است مجومدار زخمی ہو گئے، جنھیں اسپتال لے جایا گیا ہے۔
Published: undefined
اس پورے واقعہ پر سخت کارروائی کرتے ہوئے اسپیکر نے پانچ اراکین اسمبلی کو آئندہ حکم تک معطل کر دیا ہے۔ جن لیڈروں کو معطل کیا گیا ہے، ان میں شبھیندو ادھیکاری، منوج تگا، نراہری مہتو، شنکر گھوش، دیپک برمن کا نام شامل ہے۔ اس کی مخالفت میں اپوزیشن لیڈر شبھیندو ادھیکاری کی قیادت میں بی جے پی اراکین اسمبلی نے نعرے بازی کرتے ہوئے اسمبلی سے واک آؤٹ کیا اور دعویٰ کیا کہ ایوان کے اندر ٹی ایم سی اراکین اسمبلی نے ان کی پارٹی کے کئی اراکین اسمبلی کے ساتھ مار پیٹ کی ہے۔
Published: undefined
بی جے پی لیڈر شبھیندو ادھیکاری نے مار پیٹ کے واقعہ اور اسپیکر کے ذریعہ معطل کیے جانے سے متعلق کہا کہ اراکین اسمبلی ایوان کے اندر بھی محفوظ نہیں ہیں۔ ترنمول کے اراکین اسمبلی نے وہپ منوج تگا سمیت ہمارے کم از کم آٹھ سے دس اراکین اسمبلی کے ساتھ مار پیٹ کی، کیونکہ ہم نظامِ قانون کے ایشو پر وزیراعلیٰ ممتا بنرجی کے بیان کا مطالبہ کر رہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ ٹی ایم سی، ان کے غنڈے اور پولیس کے خلاف ہمارا مارچ ہے۔ ہم اسپیکر کے پاس بھی جائیں گے۔ بنگال میں جو حالات ہیں اس کو لے کر مرکزی حکومت کو مداخلت کرنی چاہیے۔
Published: undefined
دوسری طرف اس پورے معاملے میں ترنمول کانگریس لیڈر اور ریاستی حکومت کے وزیر فرہاد حکیم نے کہا کہ بی جے پی اسمبلی میں انارکی پھیلانے کے لیے ڈرامہ کر رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بی جے پی کے حملے میں ایوان میں ہمارے کچھ اراکین اسمبلی زخمی ہو گئے ہیں۔ ہم بی جے پی کے اس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined