علی گڑھ: گزشتہ دنوں دو نامعلوم افراد کے ذریعہ چاچا نہرو مدرسہ کے پانی میں چوہا مارنے والی دوا ملانے کا معاملہ پیش آنے کے بعد آج سابق نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کی اہلیہ سلمیٰ انصاری نے مدرسہ کا دورہ کیا۔ انھوں نے مدرسہ کے طلبا اور اساتذہ سے تفصیلی ملاقات کی اور خصوصاً محمد افضل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس نے شرپسندوں کے ذریعہ پانی میں چوہا مارنے والی دوا ملانے کی خبر وارڈن کو نہیں دی ہوتی تو ایک بڑا حادثہ پیش آ سکتا تھا۔ افضل کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے انھوں نے آئندہ 2 اکتوبر کو ایک تقریب کے دوران اسے انعام دینے کا بھی اعلان کیا۔
اپنے دورہ کے دوران نامہ نگاروں سے خطاب کرتے ہوئے سلمیٰ انصاری نے کہا کہ ’’یقین نہیں آتا کہ کسی کو معصوم بچوں سے بھی دشمنی ہو سکتی ہے۔ اللہ کا شکر ہے کہ ایک خوفناک سازش محمد افضل کی وجہ سے ناکام ہو گئی اور یقینا یہ طالب علم اپنی بہادری کے لیے انعام کا حقدار ہے۔‘‘ اس موقع پر مدرسہ کی پرنسپل صہبا سلیم بھی سلمیٰ انصاری کے ساتھ تھیں۔ انھوں نے سلمیٰ انصاری کو پورے معاملے کی تفصیلات سے روشناس کیا اور پولس کے ذریعہ کی جا رہی تفتیش کے متعلق بھی بتایا۔
سلمیٰ انصاری طالب علموں سے بات چیت کے دوران کہا کہ وہ کسی بھی انجان شخص کو مدرسہ احاطہ میں دیکھیں تو وارڈن کو اس کی اطلاع دیں اور خود بھی احتیاط برتیں۔ انھوں نے کہا کہ حفاظتی نقطہ نظر سے جلد ہی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے اور شر پسند عناصر کی کسی بھی حرکت پر اس کے خلاف کارروائی بھی کی جائے گی۔ ساتھ ہی انھوں نے یہ بھی امید ظاہر کی کہ پولس انتظامیہ اپنی ذمہ دار نبھاتے ہوئے جلد قصورواروں کو گرفتار کرے گی اور اس کے کیے کی سزا دے گی۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined