قومی خبریں

ساہتیہ اکیڈمی کا اپنے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر دنیا کا سب سے بڑا ادبی میلہ منعقد کرنے کا اعلان

اس ادبی میلے میں 1100 سے زیادہ ادباء و شعراء شریک ہوں گے نیز اس میں ملک کی 175 سے زائد زبانوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی اور یہ ادبی میلہ 11 تا 16 مارچ 2024 رابندر بھون کمپلیکس میں منایا جائے گا۔

<div class="paragraphs"><p>فوٹو یو این آئی</p></div>

فوٹو یو این آئی

 

معروف ادبی ادارہ ساہتیہ اکیڈمی نے اپنے قیام کے 70 سال مکمل ہونے پر ہر سال منایا جانے والا ’ساہتیہ اتسو‘ امسال دنیا کے سب سے بڑے ادبی میلے کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس ادبی میلے میں 1100 سے زیادہ ادباء وشعراء شریک ہوں گے نیز اس میں ملک کی 175 سے زائد زبانوں کو بھی نمائندگی دی جائے گی۔ یہ ادبی میلہ 11 تا 16 مارچ 2024 رابندر بھون کمپلیکس میں منایا جائے گا۔ یہ اطلاع ساہتیہ اکادمی کے سکریٹری کے سری نواس راو نے دی ہے۔

Published: undefined

ساہتیہ اکیڈمی کے سکریٹری نے بتایا کہ اس ’ساہتیہ اتسو‘ میں ادبی پس منظر رکھنے والے تین ریاستوں کے گورنر کیرالہ کے عارف محمد خان، چھتیس گڑھ کے وشو بھوشن ہری چندن اور مغربی بنگال کے سی وی آنند بوس خاص طور پر شریک ہوں گے۔ اس تقریب کی مہمان خصوصی اوڑیا کی نامور مصنفہ پرتیبھا رائے ہوں گی۔ اس سال کا باوقار سالانہ لیکچر معروف اردو ادیب اور نغمہ نگار گلزار دیں گے۔ دنیائے ادب کے اس سب سے بڑے ادبی میلے میں ’ادب اور سفارت کاری‘ کے موضوع پر ایک خصوصی سیمینار بھی منعقد کیا جائے گا۔

Published: undefined

سری نواس راؤ نے مزید کہا کہ ادبی میلے کا آغاز اکیڈمی کی سال بھر کی اہم سرگرمیوں کی نمائش کے ساتھ ہوگا۔ اس ساہتیہ اتسو کی مرکزی کشش ساہتیہ اکادمی ایوارڈ 2023 کی پیش کش کی تقریب ہوگی۔ اس موقع پر ساہتیہ اکیڈمی کے اہم ارکان کو بھی اعزاز سے نوازا جائے گا۔ ان کے علاوہ کثیر لسانی شاعری اور داستان گوئی، بھکتی ادب، بچوں کا ادب، ہندوستان کا تصور، مادری زبانوں کی اہمیت، آدیواسی شاعروں اور مصنفوں کی کانفرنس، ہندوستان میں ڈرامہ نگاری، مستقبل کے ناول، ہندوستان کا ثقافتی ورثہ، ہندوستانی زبانوں میں سائنس فکشن ادب، اخلاقیات اور ادب، ہندوستانی ادب میں سوانح حیات، ادب اور سماجی تحریکیں اور بیرون ملک ہندوستانی ادب جیسے موضوعات پر مباحثے اور سمپوزیم ہوں گے۔

Published: undefined

رواں سال کے قومی سمینار کا موضوع ’آزادی کے بعد کا ہندوستانی ادب‘ ہے۔ علاوہ ازیں آل انڈیا ڈس ایبلڈ رائٹرز کانفرنس، ایل جی بی ٹی کیو رائٹرز میٹ، میر تقی میر کی صد سالہ پیدائش پر سیمینار، گوپی چند نارنگ پر ایک سمپوزیم جیسے اہم پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ بچوں کے لیے پینٹنگ مقابلے، ادبی کوئز اور کئی دوسرے مقابلوں کا بھی انعقاد عمل میں آئے گا، جن میں دہلی اور قرب و جوار کے 1000 سے زائد بچوں کی شرکت متوقع ہے۔ ساہتیہ اکیڈمی کے سکریٹری نے مزید بتایا کہ دیگر پروگراموں کے علاوہ راج شری واریر کا بھرت ناٹیم، گرودیو رابندر ناتھ ٹیگور کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی پروگرام ’کستوری‘، مہیش رام کا سنتوانی گائن اور دیاپرکاش سنہا کا ڈرامہ ’سمراٹ اشوک‘ بھی اسٹیج کیا جائے گا۔

Published: undefined

اس چھ روزہ ادبی میلے میں ہندی اور مختلف ہندوستانی زبانوں کے چند اہم ادیب اور اسکالر شرکت کر رہے ہیں۔ ان میں ایس ایل بھیرپا، چندر شیکھر کامبر، پال زکاریا، عابد سورتی، کے سچیدانندن، چترا مدگل، مردولا گرگ، کے انوک، ممنگ دئی، ایچ ایس شیو پرکاش، سچن کیتکر، نمیتا گوکھلے، کل سیکیا، وائی ڈی تھونگچی، مالاشری لال، کپل کپور، اروندھتی سبرامنیم، رخشندہ جلیل، رانا نائر، ورشا داس، سدھا شیشیان، اودے نارائن سنگھ، ارون کھوپکر، شین کاف نظام وغیرہ جیسے نام شامل ہیں۔ ان کے علاوہ ہندوستانی زبانوں کے غیر ملکی اسکالرز بھی میلے میں شرکت کریں گے۔ ان میں کئی ممالک کے سفیر بھی شامل ہیں۔ اس چھ روزہ ادبی میلے میں بڑی تعداد میں لوگوں کی شرکت کی توقع کی جا رہی ہے۔

Published: undefined

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

Published: undefined