مدھیہ پردیش میں رتلام ضلع میں مبینہ آر ایس ایس لیڈر کے قتل کے معاملے میں پولس نے حیران کرنے والا انکشاف کیا ہے، پولس نے بتایا کہ انشورنس کی رقم حاصل کرنے کے لئے آر ایس ایس رہنما ہمت پاٹيدار نے خود کے قتل کی سازش رچی تھی، پولس کے مطابق ہمت پاٹيدار نے اپنے پرانے نوکر کا قتل کر دیا اور خود کو مردہ قرار دے دیا تھا۔ اتنا ہی نہیں ہمت پاٹيدار نے شناخت چھپانے کے مقصد سے اس نے نوکر کی لاش کا چہرہ مسخ کرنے کے لئے اس کو جلا دیا تاکہ اس کی پہچان نہ ہوسکے، لیکن اس بات کا انکشاف ڈی این اے جانچ میں ہوگیا ہے۔
واضح ہو کہ 23 جنوری کو رتلام ضلع کے كمیڑ گاؤں کے ایک کھیت میں ایک لاش دریافت ہوئی تھی، پولس سپرنٹنڈنٹ گورو تیواری نے بتایا کہ 23 جنوری کو مہلوک ہمت پاٹیدار کے باپ نے ہی پولس کو اطلاع دی تھی کہ اس کے بیٹے کا قتل کر دیا گیا ہے اور اس کا چہرہ بھی جلا دیا گیا ہے؛ ابتدائی تحقیقات میں اہل خانہ نے میت کی شناخت کپڑوں اور لاش سے برآمد اشیاء کی بنیاد پر کی تھی، لیکن جب پولس کی تفتیش آگے بڑھی تو پتہ چلا کہ ہمت پاٹيدار کے کھیت پر کام کرنے والا مدن بھی غائب ہے۔
Published: undefined
پولس کے مطابق ہمت پاٹيدار کے قتل کا پورا شک نوکر مدن پر گیا، لیکن جیسے جیسے تفتیش آگے بڑھی تو قتل کو لے کر کئی انکشافات ہوئے، پولس نے بتایا کہ آر ایس ایس کارکن ہمت پاٹيدار نے قرض ادا کرنے کی خاطر 20 لاکھ بیمے کی رقم لینے کے لئے خود ہی سازش رچی تھی، مدن کے قتل کے بعد ہمت نے اس کی لاش کو اپنے کپڑے پہنا دیئے تھے اور اپنا کچھ سامان آس پاس بکھیر دیا تھا۔
پولس کے مطابق تفتیش میں پتہ لگا کہ مدن، جو دو سال پہلے ہمت کے کھیت پر کام کرتا تھا وہ بھی 22 جنوری سے غائب ہے، پولس کو جائے وقوعہ سے تقریباً 500 میٹر دور سڑک کنارے کچھ کپڑے اور ایک جوڑے جوتے ملے، جس پر گیلی مٹی لگی ہوئی تھی، مدن کے والد نے شناخت میں بتایا کہ یہ جوتے اور کپڑے اس کے بیٹے کے ہیں۔ اس پر پولس کو شک ہوا، پولس کے مطابق ملزم ہمت نے قتل کے بعد میت مدن لال کے جسم کے پورے کپڑے تبدیل کر دیئے تھے لیکن اس کا انڈرویئر نہیں بدلا جو کہ بعد میں مدن لال کی بیوی نے پہچان لیا۔ ایسے پولس کا شک مزید پختہ ہوگیا جس کے بعد اس نے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا۔
اب پولس نے ہمت پاٹيدار پر 10 ہزار روپے کے انعام کا اعلان کیا ہے اور اس کی تلاش کر رہی ہے، مدھیہ پردیش کی وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا کہ قتل کے ملزم کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا، وزیر داخلہ بالا بچن نے کہا کہ ڈی این اے ٹیسٹ کی رپورٹ سے صاف ہو گیا ہے کہ لاش ہمت پاٹيدار کے نوکر مدن کی ہی ہے۔
Published: undefined
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: undefined