نئی دہلی: یومِ جمہوریہ کے موقع پر کسان تحریک کے تحت نکالی گئی ٹریکٹر ریلی کے دوران دہلی میں ہونے والے تشدد کے معاملہ میں ملزم دیپ سدھو کو دہلی پولیس کی خصوصی سیل نے منگل کے روز گرفتار کر لیا۔ این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس نے اطلاع دی ہے کہ پنجابی اداکار دیپ سدھو کو پنجاب کے جیرک پور سے گرفتار کیا گیا ہے۔ دیپ سدھو اور دیگر تین ملزمان کی خبر دینے کے لیے پولیس نے ایک لاکھ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا تھا۔
Published: 09 Feb 2021, 11:11 AM IST
خیال رہے کہ کسانوں نے 26 جنوری، یوم جمہوریہ کے موقع پر ٹریکٹر پریڈ نکالنے کا فیصلہ کیا تھا۔ دہلی پولیس نے اس کے لئے روٹ طے کر دیا تھا لیکن متعدد مظاہرین نے روٹ کی خلاف ورزی کی اور دہلی کے اندر نکل گیے۔ راستے میں کئی مقامات پر مظاہرین اور پولیس کے مابین جھڑپ ہوئی، جس میں کئی پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔ اس دوران بڑی تعداد میں مظاہرین لال قلعہ تک پہنچ گیے اور یہاں پر بھی کافی توڑ پھوڑ کی۔ کچھ لوگ یہاں پر لگے کھمبے اور گنبد پر چڑھ گیے اور سکھوں کا پرچم لہرا دیا۔
Published: 09 Feb 2021, 11:11 AM IST
دیپ سدھو نے گزشتہ دنوں ایک ویڈیو جاری کر کے خود کو بے قصور قرار دیا تھا۔ سدھو یوم جمہوریہ سے ہی فرار چل رہا تھا، تاہم اس کے فیس بک اکاؤنٹ سے لگاتار ایسی ویڈیو پوسٹ کی جا رہی تھیں، جن میں وہ کسان تحریک کی باتیں کرتا تھا۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دیپ سدھو کا فیس بک اکاؤنٹ اس کی ایک خاتون دوست ہینڈل کر رہی تھی۔ وہ کیلیفوریا سے سدھو کی ویڈیو اور تصاویر شیئر کر رہی تھی۔ دیپ سدھو اپنی ویڈیو ریکارڈ کر کے اس کے پاس بھیج دیتا تھا۔
Published: 09 Feb 2021, 11:11 AM IST
واضح رہے کہ ٹریکٹر پریڈ کے دوران ہونے والے تصادم میں 300 سے زیادہ پولیس اہلکار زخمی ہوئے تھے۔ لال قلعہ میں ہونے والی توڑ پھوڑ میں بھی کافی نقصان پہنچا تھا۔ تاہم کسان تنظیموں نے کہا کہ لال قلعہ پر جو مظاہرین گیے تھے وہ کسان نہیں تھے اور اس کی جانچ کی جانی چاہیے کہ آخر تشدد کو کسنے بھڑکایا۔
Published: 09 Feb 2021, 11:11 AM IST
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 09 Feb 2021, 11:11 AM IST